غیرت کا ڈھکوسلہ

صاحب نے اپنے گاؤن کی ڈوری ذرا ڈھیلی کی؛ آرام کرسی کی پشت سے سر اٹھایا اور میری طرف ایسی نظروں سے دیکھا جن میں حقارت، ترس، غصہ، افسوس، دکھ  سب شامل تھے؛  پھر چنیوٹ کی بنی ہوئی منقش سائڈ ٹیبل پر دھری چاندی کی ٹرے سے کیوبن سگار اٹھایااوراسے منہ میں ڈال کر ایسے چبانا شروع کردیا، جیسے میری گردن ہو! چند ثانیے گزرنے پر سگار کو طلائی لائٹر سے سلگایا جس پر سٹڈی  قیمتی تمباکو کی بو سے بھرگئی۔ اس تمام کاروائی کے دوران ان کی نگاہیں لگاتار مجھ پر جمی رہیں۔ مجھے خدشہ محسوس ہونے لگا کہ شاید آج میں اس قیمتی افریقی کافی کے مگ سے بھی محروم رہ جاؤں؛ جس سے صاحب ہر دفعہ میری تواضع کیا کرتے ہیں۔

صاحب کی ناراضگی کی وجہ وہ سوال تھا جو میں نے آتے ہی ان سے پوچھ لیا تھا کہ غیرت مند کا متضاد کیا ہوتا ہے؟ صاحب نے سگار کے پانچ چھ گہرے کش لے کر اپنے فشار خون کو نارمل سطح پر پہنچایا اور مجھ سے یوں مخاطب ہوئے۔ "کیاتم جانتے ہوکہ تمہارے جیسے مڈل کلاسیوں کا پرابلم کیا ہے؟ عزت، غیرت، اخلاقی اقدار، ایمانداری۔۔۔۔۔ مائی فٹ!!! تم لوگ اگر کسی وجہ سے اپنی کلاس سے نکل بھی آؤ تو یہ ربش مڈل کلاس مینٹیلٹی تمہارا پیچھا نہیں چھوڑتی۔ اکنامکس، مائی ڈئیر اکنامکس۔ اس دنیا کی سب سے بڑی حقیقت اکنامکس ہے۔ یہ عزت، غیرت، قومی وقار، خودی سب مڈل کلاسیوں کے ڈھکوسلے ہیں۔ ان سے باہر نکلو۔ اپنے ذہن کو آزاد کرو۔ لبرل سوچ اپناؤ۔ یہی وہ طریقہ ہے جس سے ہم ترقی کرسکتےہیں"۔

یہاں تک پہنچتے پہنچتے صاحب کا سانس پھول چکا تھا؛ جذبات کی شدت سے گلے کی رگیں پھول گئی تھیں اور ماتھے پر پسینے کے قطرے نمودار ہوچکے تھے۔ صاحب سانس لینے کو رکے تو میں نے ہاتھ اٹھا کر قطع کلامی کی معافی چاہی اور یہ کہہ کر اجازت مانگے بغیر باہر نکل آیا۔ "اگر آپ اس سوال کا ایک لفظی جواب نہیں دے سکتے تو دومیں سے ایک کام ضرور کریں؛ لفظ "غیرت" پر پابندی لگادیں یا حروف تہجی میں سے "ب" کا حرف خارج کردیں"۔

Comments
26 Comments

26 تبصرے:

شاہ بھائی نے فرمایا ہے۔۔۔

بیحد زبردست جناب

ابن سعید نے فرمایا ہے۔۔۔

جعفر صاحب اس نپے تلے تیکھے انداز پر آپ ہی بتائیں عش عش نہ کر اٹھوں تو کیا کر بیٹھوں؟

محمد وارث نے فرمایا ہے۔۔۔

خوبصورت طرزِ تحریر ہے جعفر صاحب، بہت خوب

ڈفر - DuFFeR نے فرمایا ہے۔۔۔

او بھائی اگر ”ب“ نکال دیں گے تو ایک ”چ“ کا مزید اضافہ کرنا پڑ جائے گا :mrgreen:

عمر احمد بنگش نے فرمایا ہے۔۔۔

جا یار :mrgreen: ایویں‌تو اب "حروف تہجی"‌کے پیچھے پڑ‌گیا ہے؟

راشد کامران نے فرمایا ہے۔۔۔

پیشگی معذرت کے ساتھ میں اس تحریر کی تعریف نہیں کروں گا۔۔ یہ مجھے جعفر سے زیادہ جاوید چودھری کی تحریر معلوم ہوئی بلکہ شروع میں تو مجھے یہ گمان ہوا کہ آج آپ کے بلاگ پر بھی "بشکریہ ایکسپریس" لگا ہوا ہوگا۔۔ امید ہے درگزر کریں گے لیکن جو بات سیدھی ہے وہ یہ کہ آپ کا اپنا جداگانہ انداز اسے برقرار رکھیں۔۔

Khawar نے فرمایا ہے۔۔۔

‌ ہم نے دیکھا ہے که دولت کے حسین شانوں پر
لوگ آرام سے غیرت کو سلا دیتے هیں
لیکن جی یه غیرت هے کیا ؟؟
پاک غیرت ، ماں بہن پر زور چلنے کا نام
اور جاپانی غیرت
اگر جھوٹ پکڑا جائے یا کسی چالاکی کے ظاہر هونے کا امکان بن جائے تو غیرت سے خود کشی کرلو

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::شاہ بھائی::‌ شکریہ :smile:
::ابن سعید::‌ کیا نستعلیق انداز تعریف ہے!! واہ۔۔۔ :smile:
::محمد وارث::‌ شکریہ جناب۔۔ لیکن یہ انداز تحریر میرا نہیں کسی چوہدری کا ہے شاید جاوید نام ہے اس کا۔۔۔ :mrgreen:
اتنے دن کے بعد آپ کو دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی :smile:
::ڈفر::‌ :grin: :grin: :grin: :grin:
::عمر احمد بنگش:: بیکار مباش کچھ کیا کر۔۔۔ پاجامہ ادھیڑ کر سیا کر۔۔۔ :mrgreen:
::راشد کامران::‌ میری غلطی ہے جی کہ میں نے واضح نہیں‌ کیا کہ یہ پیروڈی ہے۔ اگر چہ لکھنے سے پہلے پیروڈی کے اتنا سنجیدہ ہوجانے کا اندازہ نہیں تھا کچھ ہلکا پھلکا لکھنے کا پروگرام تھا لیکن قلم یا کی بورڈ اور ذہن پر قابو ہی نہ رہا۔ اس کا زمرہ دیکھئے تو وہ "بے ادبیاں" ہی ہے! بہرحال آپ کو جو کوفت ہوئی؛ میں‌اس پر معذرت خواہ ہوں۔۔۔ :smile:
::خاور::‌ میں تو جی آپ سے متفق ہوں۔ لیکن ہمارا یہ بھی مسئلہ ہے کہ ہمیں‌ آزاد خیالی اور لبرل ازم کا سبق پڑھانے والے خود بدترین ذہنی غلامی میں‌مبتلا ہیں۔ قرضہ لے کر ہڑپ کرنے کو آزاد سوچ کہتے ہیں۔ جبکہ روکھی سوکھی کھا کر اپنے پیروں‌پر کھڑا ہونے کی کوشش کرنے والے کو بے وقوف اور جاہل گردانتے ہیں!

افتخار اجمل بھوپال نے فرمایا ہے۔۔۔

آپ بات غیرت کی کر رہے ہیں یا غیرُت کی ؟

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::افتخار اجمل بھوپال::‌ غیرت کی بات ہے جی ۔۔۔

محمداسد نے فرمایا ہے۔۔۔

واہ جعفر! اشرافیہ کی کیا ہی عمدہ منظر کشی کی ہے! ;-)

راشد کامران نے فرمایا ہے۔۔۔

معافی چاہتا ہوں جعفر ۔۔ میں دراصل جاوید صاحب کے صاحبوں‌اور ان کی کُوبا سگاروں سے اتنا تنگ ہوں‌کہ آپ کو اس دریا میں بہتے نہیں دیکھ سکا :lol:
ویسے تو انکا کالم ہی اکثر اوقات پیروڈی ہی معلوم ہوتا ہے اس لیے تفریق کرنی مشکل ہوگئی تھی۔۔

دوست نے فرمایا ہے۔۔۔

جاوید چوہدری کے سٹائل میں تھپڑ پسند آیا۔

افتخار اجمل بھوپال نے فرمایا ہے۔۔۔

میں ننے اسلئے پوچھا تھا کہ ہمارے ملک مین غَيرَت يعنی غ َ ی ر َ ت نام کی کوئی چیز اگر ہے بھی تو کم کم ہی نظر آتی ہو گی مگر غ َ ی ر ُ ت بہت ہے جس کی بھینٹ بیگناہ چڑھتے رہے ہیں

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::محمد اسد::‌ شکریہ جناب۔۔ :smile:
::راشد کامران::‌ :grin:
::دوست::‌ نوازش :smile:
::افتخار اجمل بھوپال::‌ جس غیرُت کی آپ بات کررہے ہیں وہ اصل میں‌ بے غیرتی ہی ہوتی ہے!

عبداللہ نے فرمایا ہے۔۔۔

بی سی جیلانی کی ڈائری کا ایک ورق کا مقابلہ کوئی نہیں!
کیا ہی اچھا ہو جو صاحب بلاگ اس کو اپنا ہفتہ وار کالم بنا لیں !

شاہدہ اکرم نے فرمایا ہے۔۔۔

جعفر یہ آپ ہی ہو نا
کیا کیا بِھگو بِھگو کر لگائ ہیں مزہ آگیا

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::آپی:: جی بالکل ۔۔۔ میں‌ہی ہوں۔۔۔ :smile:

کنفیوز کامی نے فرمایا ہے۔۔۔

ہون سارے مشکل مشکل لکھن لگ گئے نے ساڈیاں چولاں کون پڑے گا۔۔۔۔ :razz: :mrgreen:

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::کامی:: میں‌ہوں‌ناں۔۔ ;-)

شاہدہ اکرم نے فرمایا ہے۔۔۔

حد ہو گئ جعفر اور کامی آپ دونوں کی بھی

خرم شہزاد خرم نے فرمایا ہے۔۔۔

ارے کہاں چل پڑے ہو واپس آ جائیں اپنی لائن پر یہ لائن خطرناک بھی ہوسکتی ہے ہمارے لیے :razz:

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::خرم شہزاد خرم:: مجے ڈر نئیں لگتا اے۔۔۔ :mrgreen:

حارث گلزار نے فرمایا ہے۔۔۔

بہت خوب جناب بہت خوب۔ ۔ ۔

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::حارث گلزار:: شکریہ :smile:

حالِ دل » Blog Archive » درخواست ملازمت برائے بھوت لکھاری نے فرمایا ہے۔۔۔

[...] آپ جیسا کیسے لکھ سکتا ہوں؟ اس شک کو دور کرنے کے لئے آپ یہاں اور یہاں دیکھ سکتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ خود بھی شک [...]

تبصرہ کیجیے