درخواست ملازمت برائے بھوت لکھاری

بخدمت جناب جاوید چوہدری صاحب، کالم نگار (درجہ اول) و یکے از اینکراں و ماما جاتِ پاکستان
جناب عالی!
مودبانہ گذارش ہے کہ فدوی ازمنہ قدیم سے آپ کے کالم کے متاثرین میں شامل ہے اوراس قوم کو سدھارنے کے لئے آپ نے جو قلم توڑ کوششیں کی ہیں، ان کا بھی اخباری شاہد ہے۔ عرض گذارش یہ ہے کہ بقول آپ کے، اس قوم کے درد میں آپ کو ذیابیطس جیسے موذی مرض نے جکڑ لیا ہے جس سے یہ خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے کہ آپ زندگی کے "اصل" لطف سے بھی محروم ہوسکتے ہیں۔ اس صورتحال کی گھمبیرتا میں اضافہ اس وقت ہوا جب کچھ عرصہ پہلے آپ کی کچھ تصاویر فیس بک پر دیکھنے کا اتفاق ہوا۔ جس میں آپ بھابھی محترمہ کے ساتھ چھٹیاں منا رہے تھے۔ ان تصاویر کو دیکھ کر وہ مشہور محاورہ یاد آگیا جس میں ایک آسمانی مخلوق کو، ایک ایسی مخلوق کے پہلو میں بتایا گیا ہے، جسے حضرت ڈارون نے انسان کا جد امجد قرار دیا تھا!
روز کالم لکھنے اور ٹاک شو کرنے کی ٹینشن آپ کو دن بدن ڈپریس کرتی جارہی ہے۔ یہ ساری صورتحال بطور ایک "ڈائی ہارڈ فین" میری برداشت سے باہر ہے۔ اس لئے میں اپنی خدمات پیش کرنے کی جسارت چاہتا ہوں۔ آپ کوکرنا صرف یہ ہے کہ مجھے کالم کا موضوع بتانا ہے جو آپ کو "اوپر" سے موصول ہوتا ہے، اس پر کالم لکھنا میرا کام ہے۔
آپ یہ سمجھنے میں حق بجانب ہوں گے کہ یہ کیا واہیاتی ہے؟ میں آپ جیسا کیسے لکھ سکتا ہوں؟ اس شک کو دور کرنے کے لئے آپ یہاں اور یہاں دیکھ سکتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ خود بھی شک میں پڑجائیں گے کہ شاید یہ آپ کے لکھے ہوئے کالم ہی ہیں جو کسی نامرادنے چراکر چھاپ دیئے ہیں۔ ایسا بالکل نہیں بلکہ یہ میری آپ سے والہانہ عقیدت کا کرشمہ ہے جسے وارث شاہ نے ان الفاظ میں بیان کیا ہے کہ "رانجھا رانجھا کردی نیں میں آپے رانجھا ہوئی"
مجھے ملازمت دینے کی صورت میں آپ معاشی طور پر بھی بہت فائدے میں رہیں گے۔ ایک کالم میں آپ نے ذکر کیا تھا کہ آپ کا پرسنل ریسرچ سٹاف سات آٹھ افراد پر مشتمل ہے۔ مجھے ملازمت دینے کی صورت میں آپ ان سب کی چھٹی کرسکتے ہیں کیونکہ آپ کے کالمز جیسی ریسرچ تو میرے بائیں ہاتھ کاکام ہے۔ ویسے بھی آپ کے قارئین میں اس ریسرچ کو کراس چیک کرنے کی صلاحیت ہونا ناممکن ہے۔ اور جن میں یہ صلاحیت ہے وہ آپ کے کالم پڑھنے کے روادار نہیں!بدقسمت لوگ۔۔۔
قصہ مختصر، اس سودے میں آپ کا فائدہ ہی فائدہ ہے۔ ایک تو آپ دباؤ، پریشانی، ڈپریشن وغیرہم سے نجات حاصل کرکےزندگی کے بچے کھچے سال اسے "انجائے" کرتے ہوئے گزار سکتے ہیں، اور دوسرا آپ کی شہرت، دولت اور طاقت میں بھی کمی نہیں آئے گی، بلکہ ان سب میں، میرے آنے سے اضافہ ہی ہوگا۔ آم کے آم گٹھلیوں کے دام۔۔۔ شرائط ملازمت اور مالی امور بالمشافہ ملاقات میں طے کئے جاسکتے ہیں۔
مجھے یقین واثق ہے کہ آپ اس "بمپر آفر" سے فائدہ اٹھا کر اپنی زندگی خوشیوں سے بھر لیں گے! اور میری دال روٹی بھی چلتی رہے گی۔۔۔۔
خیر اندیش
Comments
26 Comments

26 تبصرے:

اسماء پيرس نے فرمایا ہے۔۔۔

حور کے پہلو ميں لنگور والی تصوير بھی ايک آدھ ساتھ لگا ديتے تو پتہ چلتا کہ کون کون ہے

محمداسد نے فرمایا ہے۔۔۔

درخواست لاجواب ہے جعفر، لیکن میں دعا گو ہوں کہ آپ کی یہ عرضی قطعاَ قبول نہ ہو۔ کیوں کہ اگر آپ جاوید چودھری کی جگہ لے لیں اور پھر کوئی آپ کی خاندانی تصاویر کے ساتھ اپنے گندے خیالات نتھی کر کے انٹرنیٹ پر ڈال دے تو مجھے اپنے پسندیدہ بلاگر کی بے عزتی اتنی ہی بری لگے گی جتنی اپنے پسندیدہ کالم نگار کی لگی ہے :roll: ۔

ڈفر - DuFFeR نے فرمایا ہے۔۔۔

واہ واہ واہ
یار تو ایسا کر
جیو کے پاس پہنچ جا
اور اپنے جینوئن کالم پیش کر کے کہہ کہ یہ جیدا تو دراصل تیرا کالمی چور ہے
اور اس کے پروگرام کل تک کے مقابلے میں ”پرسوں تک“ شروع کر دے
مان یا نا مان
آج کا بادشاہ جیو ہے ;-)

افتخار اجمل بھوپال نے فرمایا ہے۔۔۔

آپ نے سب کچھ ٹھيک لکھا ہے مگر ميں نے کيا قصور کيا تھا جو لکھ ديا

وہ آپ کے کالم پڑھنے کے روادار نہیں! بدقسمت لوگ

کم از کم ميری جوانی کا کچھ خيال کيا ہوتا
:lol:

محمدصابر نے فرمایا ہے۔۔۔

بھائی جی مجھے ابھی سے آٹو گراف دیے دو۔ بعد میں باری نہیں آنی۔

محمد ریاض شاہد نے فرمایا ہے۔۔۔

محترم جعفر صاحب
اسلام علیکم
آپ ایک علم دوست بلاگر ہیں مگر مجھے یقین ہے اس تحریر میں شامل کچھ الفاظ نے آپ کے علمی قدو وقامت میں یقینا کمی کی ہے ۔

عبداللہ نے فرمایا ہے۔۔۔

این آر او کی واشنگ مشین تو اب الٹی چل رہی ہے جاوید چوہدری کو کہیں خاطر جمع رکھیں جس دن لیاقت علی خان بے نظیر بھٹو کے قاتل پکڑے گئے حکیم سعید کے خون سے ہاتھ رنگنے والے بھی پکڑ لیئے جائیں گے انشاءاللہ!

خرم نے فرمایا ہے۔۔۔

ویسے اس تحریر کی شان نزول سمجھ نہیں آئی۔ :|

راشد کامران نے فرمایا ہے۔۔۔

مجھے جیسے جھٹکا سا لگا؛ وہ اپنا بلاگ لکھے جارہا تھا اور میں حیرت سے منہ کھولے اس کا منہ تک رہا تھا۔ اس نے اسپیس بار دبانے کے لیے ایک بار دم لیا تو میں نے فورا اس کا بلاگ اچک لیا۔ روزانہ دنیا میں دو لاکھ پنچانوے ہزار نو سو اکیس اعشاریہ بتیس بلاگ لکھے جاتے ہیں لیکن آج تک کسی نے مجھے اس طرح‌ بے نقاب نہیں کیا۔ میں نے سگار کا کش لیا؛ درخواست کو ایک نظر دیکھا اور کمرے سے باہر نکلتے نکلتے ہوئے دھوئیں کا مرغولہ ہوا میں چھوڑا جس نے فضا میں‌ایک بڑی سی "نہیں" بکھیر دی۔

آپ بھی کمال کرتے ہیں۔ آپ کو پتہ نہیں صاحب چائے میں کون سا دودھ استعمال کرتے ہیں۔ سوچیں آٹھ ریسرچر ہوتے ہوئے یہ حال ہے اگر ریسرچر نا ہوتے تو الف لیلہ کو کتنا سخت مقابلہ درپیش ہوتا۔

*ساجد* نے فرمایا ہے۔۔۔

"رانجھا رانجھا کردی نیں میں آپے رانجھا ہوئی"
؂؂؂؂؂؂؂؂؂؂؂؂؂؂؂؂؂؂؂؂؂؂؂؂؂؂؂؂؂
حیرت ہے یار ۔ ابھی ایک پوسٹ قبل تک تو تم مرزا مرزا کرتے پھر رہے تھے۔ :???:
لکھنا یوں چاہئیے تھا "مرزا مرزا کردی نی میں آپے مرزا ہوئی"۔ ویسے میری دلی خواہش ہے کہ تم ہمیشہ ہمیشہ کے لئیے کسی مرزے کی دست اندازی سے محفوظ رہو۔ اور یہ ہم سب کو یقین ہے کہ جعفر کبھی مرزا نہیں بن سکتا کیوں کہ "نہ نو من تیل ہو گا نہ رادھا ناچے گی"۔ :mrgreen:
درخواست خوب لکھی ہے۔ چوہدری جی تو یہ درخواست پڑھ کر اسلام آباد کی خنک ہواؤں میں بھی پسینو پسینی ہو گئے ہوں گے۔ کون جانے انہیں یہ پسینہ تمہارے پُر خلوص جذبات کی گرمی کی وجہ سے آیا ہو گا یا اپنا "راز" طشت از بام کرنے پر پریشانی کی وجہ سے۔ :lol:

بدتمیز نے فرمایا ہے۔۔۔

میسنے اصل صفحہ تو لنک ہی نہیں کیا :twisted:

عمر احمد بنگش نے فرمایا ہے۔۔۔

جاوید چودھری کے ریسرچروں‌کو کیوں‌تو بے روزگار کرنے پر تلے ہوئےہو :mrgreen:
اچھا دیکھ، اگر تو میاں، ‌جاوید چودھری نے تیری یہ تحریر دیکھ لی ناں‌تو پچھلی ساری کوتاہیاں‌معاف کر دے گا، لیکن یقین کر یہ والی کبھی معاف نہیں‌کرے گا :mrgreen:

کنفیوز کامی نے فرمایا ہے۔۔۔

کل تک جو انسان چودھری کی تعریفیں سنا سنا کر میرے کان کھا تا تھا آج یہ حال ہے تو پرسوں کیا ہو گا ۔ :roll:

لفنگا نے فرمایا ہے۔۔۔

درخواست میں ریفرینس بھی لکھنا ہوتا ہے جناب۔
درخوست کے آخر میں اس سطر کا اضافہ فرما لیں
تا ئید کنندہ: لفنگا
:lol: بھائی جی ہُن نوکری ملن توں بعد مینوں بُھل نا جانا۔۔۔۔

uncletom نے فرمایا ہے۔۔۔

مجھے تو مزاہ ہی آگیا ۔۔

حارث گلزار نے فرمایا ہے۔۔۔

بندہ خود اعتماد ضرور ہو مگر کم از کم اگلے کی "واٹ" تو نا لگائے :lol:

ویسے ہو سکتا ہو آپکا منہ بند رکھنے کے لیئے ہی آپکو نوکری مل جائے :mrgreen:

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::اسماء پیرس:: نہیں‌جی۔۔تصویر لگانا مناسب نہیں سمجھا، ویسے تصاویر میں لنگور اور حور وہی تھے جو آپ نے سوچے ہیں۔۔۔ :grin:
::اسد علی:: جاوید چوہدری کے بارے آپ کے جذبات کو ٹھیس لگنےپر مجھے افسوس ہے۔ "گندے خیالات" کی نشاندھی کردیں تو مشکور ہوں‌گا۔۔۔ :smile: آخری بات کہ بے ادبیاں کےزمرے میں آپ یہ توقع نہیں‌کرسکتے کہ میں جاوید چوہدری کی طرح کسی کی تعریفوں کے پل باندھوں‌گا۔۔۔
::ڈفر:: جا یار۔۔۔ :oops: لوگ تپے ہوئے ہیں اور تجھے اٹکھیلیاں سوجھی ہیں۔۔ :mrgreen: ویسے جیو میں کوئی ہے واقف؟؟؟ :grin:
::افتخار اجمل بھوپال::‌ :grin:
::محمد صابر:: آٹوگراف کی قیمت بھجوادیں، آٹو گراف بذریعہ کورئیر بھجوادیا جائے گا۔۔۔ :mrgreen:
::محمد ریاض شاہد:: مجھے پتہ ہے کہ آپ کو بھی یہ تحریر پسند نہیں آئی، چلئے معذرت قبول کرلیجئے۔۔۔
::خرم:: مجھے ابھی تک دنیا میں اپنی شان نزول کی سمجھ نہیں آئی، تحریر کی باری تو اس کے بعد آئے گی۔۔۔ ;-)
::راشد کامران:: :lol: :lol: :lol: :lol:
::ساجد:: راز تو جی چوہدری جی نے خود ہی کھولا ہے اپنا، میں‌نے تو اس راز اور ان کی تصاویر کا باہمی تعلق واضح کیا ہے بس۔۔۔ :mrgreen:
::بدتمیز:: بس جی آپ جیسے بزرگوں کی دعاؤں سے میں بھی میسنے پن میں مہارت حاصل کرتا جارہا ہوں۔۔۔ :grin:
::عمر احمد بنگش:: بھائی جان، آپ نے سنا نہیں کہ رزق من اللہ ہوتا ہے؟ تو میں کون ہوتا ہوں‌کسی کو بے روزگار کرنے والا :grin: میرا خیال مختلف ہے، چوہدری "عملی" بندہ ہے، وہ یقینا میری آفر سے فائدہ اٹھا کر اپنی زندگی میں‌ خوشیاں بھر لے گا۔۔۔ :mrgreen:
::کنفیوز کامی:: کیونکہ آپ کے کان پورے کھائے جاچکے ہیں، اس لئے اب آپ کا بھیجہ کھانے کی تیاری ہے۔۔۔ اگر ہوا تو۔۔۔ :mrgreen:
::انکل ٹام:: مجھے بھی۔۔۔ :mrgreen:
::حارث گلزار:: یہ چوہدری پورا ہفتہ اخبار اور ٹی وی پر باری باری ہماری واٹ لگاتا ہے، تو ہمارا بھی حق بنتا ہے کہ کبھی کبھی اس کی واٹ بھی لگائیں۔۔۔
نوکری کو تو چھوڑیں، اگر اس کی نظر سے گزری یہ تحریر تو ہتک عزت کا نوٹس ضرور ملے گا، ویسے بھی چوہدری نے اپنے تعلقات کی جو کہانیاں لکھ چھوڑی ہیں، اس کے مطابق تو مریخ کے صدر سے بھی اس کے ذاتی تعلقات ہیں۔۔۔ :mrgreen:

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::لفنگا:: یہ سارے تبصرے ریفرنس ہی ہیں بھائی جان۔۔۔ :mrgreen:

محمداسد نے فرمایا ہے۔۔۔

جعفر! گندے خیالات کا حوالہ آپ کے مضمون سے نہیں، بلکہ یہ الفاظ وہ بیرونی بلاگ پڑھ کر لکھے جو خاندانی تصاویر کو شائع کرنے اور اس پر شک پھیلانے کا اعزاز رکھتا ہے کیونکہ ان کی گوگل دال روٹی دوسروں کی 'واٹ' لگانے ہی سے چلتی ہے :razz: کہیں تو پتا دوں؟ :lol: ویسے بائی دا وے یہ اسد علی کون؟

محمد ریاض شاہد نے فرمایا ہے۔۔۔

جعفر
شکریہ آپ نے معذرت کی آپ کا بڑا پن ہے مگر آپ یہ معذرت جاوید سے اگر کریں گے تو خوب ہوگا ۔ میں جاوید کو 2001 سے ذاتی طور جانتا ہوں ۔ ان کے سسر کی شہرت زندگی بھر ایک دیانت دار اور دولت پر عزت کو ترجیح دینے والے شخص کی ہے اور آجکل لاہور میں مقیم ہیں اور نوکری کر کے گذارہ کرتے ہیں ۔ ایسے باعزت اور دیانت دار شخص کی بیٹی اور ہماری بھابی کی انٹرنیٹ پر زنا کے الزام میں تصاویر پوسٹ کرنے والے اور انہیں طنزیہ طور پر استعمال کرنے والے یقینا بیمار ذہنیت کے مالک ہیں ۔
جاوید کو مشرف دور میں ‌ بار ہا خریدنے کی کوشش کی گئی مگر وہ ڈٹا رہا حتی کہ مشرف نے خود دعوت دے کر اسے ملاقات کے لئے ایوان صدر دو بار بلایا ۔ مشرف سے ہر بار ملنے کے بعد اس کے قلم کی کاٹ آمر کے خلاف اور تیز ہوتی حتی کہ مجھے اس سے دو بار کہنا پڑا کہ وہ ذرا ہتھ ہولا رکھے اور نہیں تو اپنے اوپر انحصآر کرنے والے طالبعلم بہن بھائیوں اور بوڑھے والد کا خیال کرے مگر اس کا ہر دفعہ یہی جواب ہوتا تھا کہ اللہ کرم کرے گا آپ میرے لئے دعا کریں ۔ آج بھی وہ کالم ، ٹی وی پروگرام اور ذاتی میڈیا ایونٹ مینجمنٹ کمپنی کے درمیان پھنسا اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے روٹی کمانے کی دوڑ میں‌ میری آپ کی طرح مصروف ہے ۔ وہ چاہتا تو مشرف سے ڈیل کر کے زندگی بھر کے لئے مزے کر سکتا تھا مگر شاید بے وقوف آدمی ہے ۔ مزید بھی بہت کچھ لکھنے کو ہے مگر فی الحآل اتنا کافی ہے
آپ کی حور اور لنگور والی بات سے مجھے اتفاق ہے اس بات کا اسے خود بھی احساس ہے ۔

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::اسد:: وہ اسد علی بھی جی ہمارے دوست ہیں، غلطی سے لکھ گیا تھا۔۔۔ وہ کون سا بلاگ ہے جی ایسا؟؟ ہمیں بھی کچھ خبر کریں۔۔۔؟؟؟ یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ آپ نے مجھے گندے تبصرے والے الزام سے بری کردیا۔۔۔۔ :smile:
::ریاض‌ شاہد:: جناب سب سے پہلے تو یہ بات کہ جہاں میں نے یہ تصاویر دیکھی تھیں وہ جگہ فیس بک ہے اور وہاں کوئی اس قسم کا تبصرہ نہیں تھا۔۔۔ جس بندے نے بھی یہ زنا والی بکواس کے ساتھ تصاویر لگائی ہوں گی اس نے اپنی بیمار ذہنیت کا مظاہرہ کیا ہوگا۔۔۔ اور جی یہ صرف ایک چھیڑ چھاڑ ہے اپنے چوہدڑی صاحب سے۔۔۔۔ یہ فورمین شو اور ایسے ہی پروگرامز میں تو جی آن ائیر بہت کچھ کہہ دیتے ہیں اور لوگ اسے مزاح کے طور پر ہی لیتے ہیں۔ ذاتی حملہ نہیں سمجھتے۔۔۔ یہ بھی اسی نیت سے لکھی گئی تحریر تھی۔۔۔ ایک دفعہ پھر آپ سے معذرت کہ آپ کے محسوسات مجروح ہوئے۔۔۔ اور اگر کبھی جاوید چوہدری صاحب نے غلطی سے یہ بلاگ دیکھ لیا تو مہربانی کرکے ان سے کہئے گا کہ غصہ نہ کریں، یہ بھی پیار کا ایک انداز ہے۔۔۔ ہیں جی۔۔۔۔ :lol:

*ساجد* نے فرمایا ہے۔۔۔

محترم ریاض شاہد ، مجھے بھی جعفر کے ساتھ ہی شمار کر لیں۔ مجھے ہرگز علم نہیں تھا کہ ان کی فیملی فوٹوز کس نے کب اور کس نیت سے شائع کئیے۔ تبصرے میں میں نے "راز" طشت از بام ہونے کی جو بات لکھی ہے وہ ان کے اس کالم پر ہلکا سا مزاح تھا کہ جس میں انہوں نے بیماری کے خوف سے تمام خواتین کے مائیں بہنیں نظر آنے کی بات کہی تھی اور اسی کالم کا لنک جعفر نے دیا ہے۔
دیگر کسی دوست کو بھی میرے الفاظ سے ٹھیس پہنچی ہو تو معافی چاہتا ہوں۔

قدیر احمد نے فرمایا ہے۔۔۔

اجی چھوڑیے، کیوں بیچارے کی روزی خراب کرتے ہیں۔ یہ سارے اینکرز تو ویسے ہی بحری جہاز کے اینکر کی جگہ پر لٹکانے کے قابل ہیں۔

بلوُ نے فرمایا ہے۔۔۔

بہت خوب بہت زبردست بے چارہ دس دس فٹ اچھل پڑا ہوگا یہ پوسٹ پڑھ کر
ویسے وہ فیس بک کا لنک کیا ہوا؟؟؟؟؟

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::قدیر احمد:: :grin:
::بلو:: شکریہ۔۔۔ چھوڑیں جی فیس بک کے لنک کو۔۔۔ ایسے کسی کی تصاویر لگانا اچھی بات تو نہیں ناں۔۔۔ سوائے "اس" کی تصویروں کے۔۔۔ ;-)

عادل بھیا نے فرمایا ہے۔۔۔

جعفر بھیا آپکی تمام پوسٹس پڑھ کر مشابہ خیالات ہی ہوتے ہیں۔ آپ میں بہترین لکھنے کی اعلٰی صلاحیت جسکو ہم تمام بلاگران مانتے ہیں لیکن اِن صلاحیات کا یوں استعمال۔۔۔ آج تک سمجھ نہیں آئی۔۔۔ اِس پوسٹ میں بھی آپ کے لکھنے کا انداز، الفاظ اور جملوں کا استعمال سب بہت اعلٰی لیکن۔۔۔۔
ایک اور بات نجانے آپکو ذیابیطس آجکل کیوں نہیں بول رہی۔ پچھلے کچھ عرصے سے آپکی ہر پوسٹ میں یہ لفظ باکثرت استعمال ہورہا ہے۔ وجہ آپ بہتر بتا سکتے ہیں :ڈ
جعفر بھیا اگر آپ سنجیدہ اور اچھی مذاح پر مبنی باقاعدہ تحاریر لکھنا شروع کریں تو اُمید ہے کہ چوہدری صاحب آپ پر ضرور توجہ دیں گے

تبصرہ کیجیے