دماغ کی دہی المشہور بہ میمنٹو

ایک بہترین سا، زیادہ سارے تلوں والا ،کرارا ، کلچہ لیں۔ پھر یہ فلم دیکھیں، فلم ختم ہونے کے بعد دماغ کی دہی بن چکی ہوگی بس اسے کلچے کے ساتھ تناول کرکے زندگی کے مزے لوٹیں!!

ہدایتکار کرسٹوفر نولان کی یہ پہلی فلم تھی جو میں نے دیکھی اور پھر اس کے بعد اس کی ساری فلمیں دیکھ ڈالیں، ڈارک نائٹ بھی، حالانکہ کامک بک کرداروں پر بنی ہوئی فلمیں میں نے کبھی شوق سے نہیں دیکھیں۔ جوناتھن نولان کی لکھی مختصر کہانی 'میمنٹو موری ' ماخوذ  اس فلم میں منظرنامہ کرسٹوفر نولان کا ہے۔ انسانی دماغ اور اس کی پیچیدگیاں اور ان پیچیدگیوں سے بُنے گئے کھیل، یادداشت، حقائق، دھوکہ، حقیقت، گھڑی گئی حقیقت اور بہت سے ڈفانگ آپ اس میں ملاحظہ کرکے اپنے دماغ کو سخت ورزش کرواسکتے ہیں۔ فکشن کا رسیا ہونے کے ناتے، میں اکثر کوئی کہانی پڑھ کے سوچا کرتا تھا کہ اس پر فلم یا ڈرامہ بنانا ناممکن ہے۔ لیکن اس فلم کو دیکھ کے بعد، میں اپنے ایسے بے ہودہ خیالات سے تائب ہوچکا ہوں۔ اگر اس پیچیدہ کہانی پر ایسی فلم بنانا ممکن ہے تو ہر کہانی کو فلمایا جا سکتا ہے!

گائے پیرز کی پہلی فلم جو میں نے دیکھی تھی، وہ 'ایل اے کانفیڈنشل' تھی۔ اس فلم میں سپرسٹارز بھرے ہوئے تھے اور ان کے درمیان جس طرح اس نے اپنی اداکاری کا لوہا منوایا، اس سے میں شدید متاثر ہوا تھا۔ اور اس فلم کے بعد تو میں اس کا سخت فین ہوچکا ہوں۔ کیری این موس (وہی میٹرکس والی!) اور جو پینٹالانو اس کے دوسرے اہم اداکاروں میں شامل ہیں۔ میرے خیال میں اس فلم کو فلم انسٹی ٹیوٹس میں ہدایتکاری کے سلیبس میں شامل ہونا چاہیے (شاید ہو بھی)۔ کہانی سنانے کی جو تکنیک اس میں استعمال کی گئی ہے وہ نہ تو اس سے پہلے میں نے کبھی دیکھی اور نہ اس کے بعد۔ یہ ایک ایسی فلم ہے جس کا پہلا منظر، کہانی کا آخری منظر ہے! گھوم گیا ناں بھیجہ۔۔۔ بس اس سے زیادہ میں کچھ اور نہیں کہوں گا کہ پھر فلم دیکھنے کا کیا 'فیدہ' اگر آپ نے مجھ سے ہی کہانی سننی ہے۔۔۔ ہیں جی۔۔۔

اور ایک اور چیلنج بھی ہے، ایک دفعہ دیکھ کے آپ اس فلم کو نہ تو پوری طرح سمجھ سکتے ہیں اور نہ ہی لطف اندوز ہوسکتے ہیں لہذا دوسری دفعہ دیکھنی ہی پڑے گی اور دوسری دفعہ دیکھنے پر جو لطف آئے گا اس کی مثال میں دینا نہیں چاہتا۔۔۔۔

انتباہ صرف اتنا ہے کہ اسے جم کیری، آرنلڈ شوارزینگر، بروس ولس، جیکی چن وغیرہ وغیرہ کی فلم سمجھ کر نہ دیکھیں، کہ فلم بھی دیکھ رہے ہیں ساتھ میں گپ شپ بھی جاری ہے، اور بعد میں میرے اوپر گرم ہوجائیں کہ یہ کیسی عجیب فلم ریکمنڈ کی ہے، نہ سر نہ پیر۔۔۔۔۔

اور ایک آخری بات اور کیونکہ اس کے بعد پروگرام کا وقت ختم ہوجائے گا۔ یہ ایک ایسی فلم ہے جس کے انجام کو دیکھنے والے کے ذہن اور سوچ پر چھوڑدیا گیا ہے اور مزے کی بات یہ ہے کہ تقریبا ہر انجام، جو سوچا جاسکتا ہے، منطقی ہے۔۔۔۔ کیسا!!!!!


(بشکریہ فلمستان)
Comments
27 Comments

27 تبصرے:

امتیاز نے فرمایا ہے۔۔۔

جو خیالات اپکے فلم دیکحنے کے بعد تحے
کماھلہ ھو میرے اپکی پوسٹ پڑحنے کے بعد ہیں۔۔
مزاق کر رہا یار اصل میں فلموں سے کنارہ کش ہوں میں۔۔۔

عثمان نے فرمایا ہے۔۔۔

آپ کے تبصرے سے سو فیصد متفق ہوں۔ میں نے ایک غلطی یہ کی تھی کہ اس فلم کو دیکھنے سے پہلے بالی ووڈ کی مشہور ڈبہ فلم گنجی (گجنی( دیکھ بیٹھا جسے بعض احق ٹاپ فلم گردانتے ہیں۔ میمنٹو کے متعلق میں‌ یہیں سمجھتا رہا کہ یہ گجنی کی اوریجنل ہے۔ تو اگر ہندوستانی کاپی دیکھ لی تو اوریجنل دیکھنے کا کیا مزا آئے گا۔ لیکن میرا خیال غلط نکلا۔ دونوں فلموں‌ کے مرکزی خیال کا براہ راست کوئی تعلق نہیں‌تھا سوائے اسکے کہ بالی وڈ نہیں کچھ عناصر سے متاثر ہوکر روایتی فلم دیسی مسالے کے ساتھ تیار کی تھی۔ جبکہ میمنٹو اپنے آُپ میں‌ ایک فلسفہ ہے۔
فلم پہلا پون گھنٹا دیکھ کر تو مجھے سمجھ ہی نہ آئی۔ پہلی پون گھنٹہ دو بار اور اختتام بار بار دیکھنے پر بھیجے میں‌کچھ داخل ہوا۔ ہدایت کاری سے کہیں ذیادہ اس کا سکرپٹ مظبوط ہے اور اسے آسکر ایوارڈ بھی اسی حوالے سے ملا ہے۔

اس سے ذیادہ تبصرہ کرنا فلم اب تک نہ دیکھنے والوں کا مزہ کرکرا کرنے کے مترادف ہوگا۔ لہزا اب تک کے لئے اتنا ہی۔ لیکن ایک کام کریں کہ فلم کا نام انگریزی ہجے میں ضرور لکھا کریں۔

عثمان نے فرمایا ہے۔۔۔

ویسے فلموں کے حوالے سے آُپ اور میں بیلی معلوم ہوتے ہیں۔ :lol: میں تو انے وا پائیرسی کا فائدہ اٹھاتا ہوں۔ کیا آپ بھی اسی حرام طریقے سے مستفید ہوتے ہیں؟ :mrgreen:

افتخار اجمل بھوپال نے فرمایا ہے۔۔۔

اتنی مصيبت ميں پڑنے کی ضرورت ہی کيا ہے ۔ نيم گرم دودھ پيالے ميں ڈاليں اس ميں تھوڑی سی دہی ملا کيں ۔ بغير کسی مزيد تکليف کے دہی تيار ہو جائے گا
اسی لئے ميں نے آپ کی پوری تحرير نہيں پڑھی کہ مجھے دہی بنانا آتی ہے

سعد نے فرمایا ہے۔۔۔

میں چچا سے متفق ہوں :grin:

بلوُ نے فرمایا ہے۔۔۔

شکر ہے میں نے یہ فلم نہیں دیکھی پر برائیاں کرنے کے لئے تو ایک بار تو ضرور دیکھنی پڑے گی :mrgreen: :mrgreen: :mrgreen:

منیر عباسی نے فرمایا ہے۔۔۔

تو آپ نے پورا فیصلہ کر لیا ہے مجھے کتاب سے دور رکھنے کا۔ دو دن تو ٹونٹی ٹونٹی میچ کے بہانے کتاب سے دور رہا اور اب یہ میمنٹو؟؟؟

نہیں!!!!!!!!!!!!!!!! :sad:

کاشف نصیر نے فرمایا ہے۔۔۔

فلم اس لئے نہیں دیکھوں گا کہ آپ کا آدھا پوسٹ پڑھنے کے بعد میرے دماغ کی دہی بن چکی ہے۔

وقاراعظم نے فرمایا ہے۔۔۔

فلمستان میں میمنٹو کے بارے میں آپ کی تحریر پڑھ کر اپنے دماغ کی دہی بنا چکا ہوں میں۔ :cry:
اور آپ چیلنج جیت گئے ہیں، کیونکہ پہلی بار دیکھنے پر تو دماغ کی دہی بن گئی لہذا دوبارہ دیکھنے کی ہمت نہیں ہوئی۔ :mrgreen:

بلوُ نے فرمایا ہے۔۔۔

ویسے یہ فوٹوا سٹیٹی پوسٹ نہیں؟

عین لام میم نے فرمایا ہے۔۔۔

وہاں بھی لکھا تھا یہاں بھی لکھوں گا کہ میں آپ کی پہلی لائن سے صد فیصد متفق ہوں۔ اس فلم کی اس سے بہتر ’تعریف‘ نہیں ہو سکتی!
فلمستان میں پڑھنے کے بعد دوبارہ دیکھنے کا ارادہ کیا تھا، ابھی تک ٹیم نی ملا۔۔۔
پائریسی کا انے وا فائدہ اٹھانے والوں میں مجھے بھی شمار کیجئے گا، جہاں بھی سنہری حروف میں لکھیں! میرا تو یہ ماننا ہے کہ "شیئرنگ از ناٹ آ کرائم۔" :lol:

راشد کامران نے فرمایا ہے۔۔۔

دہی بنے گی تو ہی فلم میں مزا ہے نا جناب ۔۔ بغیر دہی کی فلمیں خالی خولی دس ڈالر کا ضیاع الحق۔

جاہل اور سنکی، جہالستان نے فرمایا ہے۔۔۔

آپکی پچھلی والی فلم کی تان بھی ایک نفسیاتی عورت پر ہی ٹوٹی تھی اور اس دفعہ اسی شک کے کارن یہ فلم دیکھنے کو دل نہیں کررہا ۔اب فلم بھلے ہی ہالی وڈ کی ہی کیوں نہ ہیرو یا ہیروئن کی یا دونوں کی کچھ مشترکہ حماقتوں کے کارن ہی طول پکڑتی ہے اور پھر نہ سمجھ میں آنے والی عقلی حماقت پر یکلخلت اسکا انت ہوجانا ہوتا ہے ۔صحیح صحیح بتائیں کے یہ والی فلم واقعی دیکھی بھی جائے کے نہیں ۔کیونکہ اب کی بار عورت والی ٹریڈیشنل حماقت نظر بھی آئی تو اگنور کر دینی ہے ۔

حجاب نے فرمایا ہے۔۔۔

دماغ کی دہی بنا کے لسّی تو آپ بھی خوب بنا سکتے ہیں جعفر ۔۔ پھر فلم دیکھنے کے لیئے کیوں کہا :razz:

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::امتیاز:: ہمممم۔۔۔ تو آپ بھی انتہاپسند بننے کے رستے پر چل پڑے؟ :grin:
::عثمان:: فلموں‌کا تجزیہ لکھنے کی بڑی صلاحیت ہے جی آپ میں۔۔۔ پھڑکائیں پھر آپ بھی تجزیے۔۔۔ فلمستان پر۔۔۔ پائیریسی وہ کیا ہوتی ہے۔۔۔ :mrgreen: میں‌تو بھائی جان سیدھا سیدھا ڈاونلوڈتا ہوں فلم۔۔۔ پائیریسی وغیرہ نہیں کرتا۔۔۔ :grin:
::افتخار اجمل بھوپال:: :grin:
::سعد:: اور میں‌بھتیجے یعنی آپ سے متفق ہوں :razz:
::بلو:: تو کری جا برائیاں۔۔۔ یہ فلم کونسا میرے پھپھڑ نے بنائی ہے :mrgreen: ویسے کاکا تو اشتہاری کیوں‌ہوگیا ہے آج کل۔۔۔ تیرے تبصرے سیدھے سپیم میں‌جارہے ہیں۔۔۔ تونے بھی کسی 'پراڈکٹ' کی تشہیر تو نہیں‌شروع کی ہوئی۔۔۔ ;-)
::منیر عباسی:: ڈاکٹر صاحب، اتنا بڑا الزام لگاتے ہوئے آپ کا کی بورڈ نہیں‌کانپا۔۔۔ غضب خدا کا، ڈیڑھ گھنٹے کی فلم اور دس گھنٹے کے میچ میں‌کیا مطابقت ہے؟ ویسے آج کل کونسی کتابیں پڑھ رہے ہیں، بتائیں تاکہ ہم بھی اپنا وقت ضائع کرسکیں۔۔۔
::کاشف نصیر:: کلچہ منگایا تھا؟ نہیں‌منگایا ناں۔۔۔ بس اب پوری پوسٹ پڑھ کے فلم بھی دیکھ لیں تاکہ اس دہی کی لسی بن جائے، برسات کا موسم ہے کہیں دہی پڑا پڑا خراب نہ ہوجائے۔۔۔ :grin:
::وقار اعظم:: چیلنج کے بعد ایک خوشخبری بھی لکھی ہے کہ دوسری دفعہ دیکھنے پر ایسا مزہ آئے گا کہ بس۔۔۔ آہو۔۔۔ ;-)
::بلو:: وضاحت کریں نیز جہاں‌ضروری ہو ڈانس بھی کرکے دکھائیں۔۔۔ :mrgreen:
::عین لام میم::‌ ویسے بھی جتنی مفت پبلسٹی میں‌نے اس فلم کی کردی ہے مجھے تو اس کی پائیریسی حلال ہے۔۔۔ :mrgreen:
::راشد کامران:: خوش آمدید :grin: مجھے لگتا ہے کہ آپ کا نام پہلے بھی کہیں سنا ہے، یاد نہیں آرہا۔۔ :lol: مصروفیت میں سے کچھ وقت نکالا کریں جی ہم جیسے غائبانہ شاگردوں کے لئے۔۔۔ ضیاع الحق ۔۔ :mrgreen:
::جاہل اور سنکی:: سنجیدگی کے ساتھ میرا مشورہ یہ ہے کہ ضرور دیکھیے، آپ پچھتائیں گے نہیں بلکہ شاید مشکور ہوں ۔۔۔ میرے۔۔۔ ;-)
::حجاب:: وہ میں جب بھی لسی بناتا ہوں تو کھٹی ہوجاتی ہے، اس لئے میں‌کسی کے دماغ کی کھٹی لسی بنا کے اپنی برسوں کی بنائی رپیوٹیشن خراب نہیں‌کرسکتا :grin:

جاہل اور سنکی، جہالستان نے فرمایا ہے۔۔۔

ڈس آرڈر ان ون ایبیلیٹی کامپنسیٹڈ ان ادر ایبیلیٹیز والی سیدھی سی بات تھی جی ۔ نشہ کوئی بھی ہواور کسی بھی بہانے چڑھ جائے، کسی نہ کسی ایکسٹرا آرڈینری ایکٹیویٹی کا کارن تو ہوتا ہے نا جی ۔ کانے کی فالتو رگ والی بات کہہ دینا اور وہ بھی ایک نئے انداز سے ۔

منیر عباسی نے فرمایا ہے۔۔۔

جعفر :: میرا پیپر ہے ستمبر میں عید کے بعد۔ وہ والی کتابیں پڑھ رہا ہوں۔ پڑھنی ہیں تو نام بھی بھجوا دوں گا۔
اور کچھ نہ ہوا تو بے خوابی کا علاج ہو جائے گا۔

:mrgreen: :mrgreen:

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::جاہل اور سنکی:: ہممم تو دیکھ لی پھر فلم۔۔۔ :cool:
::منیر عباسی:: نہیںںںںںںںںںںںںںںںںں۔۔۔
غلطی ہوگئی ڈاکٹر صاحب۔۔ فدوی دست بستہ معافی کاخواستگار ہے۔۔۔۔
:mrgreen:

جاہل اور سنکی، جہالستان نے فرمایا ہے۔۔۔

ایل اے کانفیڈنشل کا نام کہیں بازنگر صاحبہ کے کردار با کردار کی وجہ سے تو نہیں لیا آپنے ۔

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::جاہل اور سنکی:: :grin: ان کے 'کردار باکردار' کے بغیر فلم پھیکی رہ جاتی۔۔۔ ;-)

جہانزیب اشرف نے فرمایا ہے۔۔۔

یار ایک تو اتنی فلسفیانہ قسم کی فلم، اتوں‌فلسفیانہ طریقے سے کہانی کا بیان ۔ میں‌ کوئی پاگل ہوں‌ جو اب یہ فلم دیکھوں‌ ۔۔

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::جہانزیب اشرف:: نہ جی ناں۔۔۔ فلسفیانہ فلم نہیں ہے۔۔۔ بس ذرا جیسے ڈور میں‌ گنجل پڑجاتے تھے ناں گڈی اڑاتے ہوئے۔۔۔ ویسے ہی کہانی بیان کی گئی ہے۔۔۔ دماغی ورزش بھی ضروری ہوتی ہے، جسمانی ورزش کے علاوہ۔۔۔ :grin:

گیلی دھوپ نے فرمایا ہے۔۔۔

فلم دیکھے بغیر تبصرہ ممکن نہیں۔

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::گیلی دھوپ:: بلاگ پر خوش آمدید :smile: ، تبصرہ ادھار رہا، فلم دیکھنے تک۔۔۔

منیر عباسی نے فرمایا ہے۔۔۔

آپ کے پسندیدہ ہدایت کار کی نئی پیش کش "انسیپشن" قزاقوں‌کی بندرگاہ سے اٹھانے کے لئے مزدور کو کام پہ لگا دیا ہے۔ جیسے ہی ملے گی، دیکھ کے بتاؤں گا۔

فلم کی سٹؤری لائن جافی دلچسپ سی لگتی ہے۔ خوابوں کے چور کو مور پڑ جاتے ہیں‌اور اسے ایسا کام دے دیا جاتا ہے جو اس کے ماضی سے میل نہیں‌کھاتا۔۔

دیکھئے ۔۔۔ دیکھنے پہ کیسی لگتی ہے یہ فلم۔۔

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::منیر عباسی:: اتفاق کی بات ہے کہ کل ہی اس کا ریویو پڑھ رہا تھا۔ سٹوری لائن واقعی دلچسپ اور انوکھی لگتی ہے۔ میرا مشورہ مانیں تو دو ایک مہینے کے بعد فلم لوٹیں، ابھی والا پرنٹ اچھا نہیں ہوگا۔ خراب پرنٹ میں بہت اچھی فلم بھی، بہت بری فلم لگتی ہے۔۔ آزمائش شرط ہے!

منیر عباسی نے فرمایا ہے۔۔۔

آئیڈیا آپ کا ٹھیک ہے۔ ایک دو جگہ جہاں‌اتفاق سے مجھے رکنیت حاصل ہو گئی تھی، وہاں تو یہ ہے نہیں۔ ایک ہی پرنٹ میسر ہے اور وہ جس کے نام سے ہے، اس کے پرنٹ کبھی بھی خراب نہیں‌نکلے۔

اس بار تو حقیقتا ایک انار سو بیمار والا معاملہ ہے، کہ ایک ہی شخص کے پاس پوری فلم ہے اور بیمار کوئی تین سو سے اوپر ہیں۔ کل سے 42 فیصد پہ اٹکی ہوئی ہے۔ دیکھیں کب آتی ہے۔ یہ اور بات کہ دیکھنی اگلے اتوار کو ہی نصیب ہو گی۔

:mrgreen: :mrgreen:

تبصرہ کیجیے