باقی قاعدہ

حضرات، خواتین اس لیے نہیں لکھا کہ مدت مدید سے اس بلاگ پر خواتین کی آمد آٹے میں نمک کے برابر رہ گئی ہے، ہمارا وچکارلا قاعدہ جو 'ج' تک پہنچ چکا تھا، ہم آج اس کو مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔ بہت سے احباب نے ہمیں لارے لگائے تھے کہ وہ بھی اس 'کار خیر' میں، ہماری مدد کریں گے لیکن یہ وعدے بھی محبوب اور حکومتی وعدوں کی طرح ایفا نہ ہوسکے۔ ویسے بھی ٹاٹ میں مخمل کا پیوند چنداں مناسب نہ ہوتا۔

چلیے، قاعدے کی طرف چلتے ہیں۔

چ۔۔۔۔ چینی: یہ جادو کی چیز ہوتی ہے۔ ۱۲۷ روپے من گنے سے بننے والی چینی ۱۳۰ روپے کیلو تک بکتی ہے۔ شنید ہے کہ دوران عمل برائے چینی سازی اس میں زعفران، یورینیم، اریڈیم، پلوٹونیم جیسے قیمتی اجزاء بھی ملائے جاتے ہیں۔ اسی وجہ سے اس کی قیمت تھوڑی سی زیادہ ہوجاتی ہے۔ جس پر ناشکرے لوگ ، مہنگائی مہنگائی کا شور مچا کر آسمان سر پر اٹھالیتے ہیں لیکن اسے ایک مہینے کے لیے استعمال کرنا بند نہیں کرتے کیونکہ ۔۔۔ اس ملک خداداد میں سوائے چینی کے کوئی میٹھی چیز جو باقی نہیں رہی۔

ح۔۔۔۔حشر: واعظ حضرات، عوام کالانعام کو اس سے ڈراتے رہتے ہیں۔ خود، البتہ، وہ سمجھتے ہیں کہ ایسی کوئی چیز ہے ہی نہیں، اور اگر ہے بھی تو ان کے لئے نہیں ہے، انہیں گھگو گھوڑوں کے لئے ہے۔ سرکار بھی اس کی تیاری کے لئے 'طاقت کے سرچشمے' کو مسلسل حشر کی ریہرسل کرواتی رہتی ہے تاکہ آخری سٹیج پر عوام کو کوئی پریشانی نہ ہو۔ واللہ اعلم بالصواب۔

خ۔۔۔۔خرگوش: یہ ایسے بندے کو کہتے ہیں جس کے کان، کھوتے جیسے ہوں۔ مثلا اظہر محمود، میرا بھانجا ولید وغیرہ وغیرہ۔ اس کے علاوہ یہ لفظ اہل فارس کی تہذیبی روایت، اور ذخیرہ الفاظ پر بھی دلالت کرتا ہے۔ جس میں 'کھڑکنّوں' کے لیے بھی خرگوش جیسا پیارا لفظ موجود ہے۔

د۔۔۔۔دلال: انگریزی میں اس کو بروکر وغیرہ کہتے ہیں۔ وطن عزیز اس جنس میں خود کفیل سے بھی چھ درجے آگے ہے۔ ہر نوع، سائز اور قیمت کے دلال، اس اسلامی جمہوریہ میں میسر ہیں۔ سیاسی سے صحافتی، عسکری سے معاشی، کھیل کے میدان سے یونیورسٹی کے لان تک ہرجگہ یہ جنس بافراط دستیاب ہے۔ پنجابی میں اس کا مترادف لفظ  اگرنستعلیق حضرات کے سامنے دھرایا جائے تو ان کو کراہت کا احساس ہوتا ہے۔

ڈ۔۔۔۔ڈڈّو: یہ خواجے کا گواہ ہوتا ہے۔ البتہ اس گواہی کی نوعیت ذرا پیچیدہ قسم کی ہوتی ہے۔ یہ ڈڈّو زیادہ تر ٹاک شوز میں اپنے اپنے خواجوں کی گواہیاں دیتے نظر آتے ہیں۔ آج کل جو ڈڈّو سب سے 'ان' ہے، اس کا خواجہ، سگ پرست نہیں، بلکہ خلق خدا نے اسے ہی سگ کے مرتبے پر فائز کیا ہوا ہے۔

ذ۔۔۔۔ذلالت: یہ ایک حالت ہوتی ہے۔ جو کمزور پر طاقتور مسلط کرتا ہے اور اس کے لیے رنگ برنگے جواز ڈھونڈنے کا کام دانشوروں پر چھوڑدیتا ہے۔ جو ٹیکنی کلر اصطلاحات، تھری ڈی استدلال اور ڈیجیٹل دانش کو بروئے کار لا کر ان ذلیلوں کو اور ذلیل کرنے اور ذلیل ہی رکھنے کا کام سرانجام دیتے ہیں۔

Comments
24 Comments

24 تبصرے:

ابن سعید نے فرمایا ہے۔۔۔

بھئی ایک بات تو تسلیم کرنی ہی ہوگی۔ خیر پھر سے کیا تسلیم کرنا ہم تو ویسے بھی ماضی میں کئی دفعہ تسلیم کر چکے ہیں۔

منیر عباسی نے فرمایا ہے۔۔۔

میں‌اعتراض‌کرنے کی جسارت کروں‌گا۔ چینی جیسی میٹھی شے بھی اب پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے۔
اور ڈڈو پہ ذرا اور روشنی ڈالنی تھی نا۔
:cry:

ضیاء الحسن خان نے فرمایا ہے۔۔۔

استاد چھٹیوں میں بھی یہ کام کرتے ہو ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کمال کرتے ہو

حجاب نے فرمایا ہے۔۔۔

جعفر ، خواتین کو نمک سے تشبیہ دے کر خواتین کی اہمیت کو تسلیم کرنے کا شکریہ :smile: چینی کے بغیر گزارہ ہو سکتا ہے نمک کے بغیر زندگی بدمزہ :razz: یہ قاعدہ جب مکمل ہو گا تو اسکول میں پڑھایا جائے گا یا کالج میں ؟؟

Abdul Basit نے فرمایا ہے۔۔۔

Dont worry hijaab ji
jis tarah ka Qaida hai
uss tarah k ustad bhi mojood hain
Jafar bhai nus nus k meri baat ki ta'eed kren gay
I know

عثمان نے فرمایا ہے۔۔۔

جن احباب نے لارے لگائے تھے وہ گرائمر کی تکمیل کے لئے خدمات مہیا کردیں‌گے۔
اس لئے ڈونٹ وری ! :lol:
ویسے یہ قائدہ پھنس پھنس کے کیوں‌ آرہا ہے۔ ایک دفعہ ہی کیوں‌ نہیں‌ حاضر ہوتا۔ :grin:

خرم نے فرمایا ہے۔۔۔

اپنی نظر اُتارا کرو۔ ویسے تو اگر اپنی تصویر لگا دو اس بلاگ پر تو نظر اُتروانے کی ضرورت ہی نہ رہے۔

یاسر خوامخواہ جاپانی نے فرمایا ہے۔۔۔

ہاں جی، نظر اتارا کریں۔اور فوٹو اتار کر بلاگ پر لگا دیں۔نظر بد و بدود سے محفوظ رہیں گے۔

Abdul Qadoos نے فرمایا ہے۔۔۔

ڈ ڈوڈو اب خواجوں کا نہیں بلکہ خواجہ سراء کو ہوتا ہے سارے سنیاسی اداکار خواجہ سراء ہیں

عادل بھیا نے فرمایا ہے۔۔۔

حضرت یہ سوپ کتنی اقساط میں مکمل ہو جائے گا؟؟؟ :razz:

عادل بھیا نے فرمایا ہے۔۔۔

ہم انٹرنیشنل ٹریولنگ کی فیلڈ میں خرگوش اُسکو کہتے ہیں جو کسی مُلک میں جا کر غائب ہو جائے۔ مثلآ ہمارے اسلامی جمہوریہ سے جانے والے وہ مومن حضرات جو عمرہ کی ادائیگی کو جاتے ہیں اور پھر وہاں زمین میں سوراخ کر کے گھُس جاتے ہیں

وقاراعظم نے فرمایا ہے۔۔۔

میں اس پورے قائدے کے خلاف احتجاج کرتا ہوں جو اب ذ تک پہنچ چکا ہے۔ اس وچکارلے قاعدے کی وجہ سے دہشگردی کے خلاف جنگ کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور تو اور یہ ہماری جمہوری حکومت کے خلاف سازش بھی ہے۔ لہذا احتجاج، اتجاج، احتجاج۔ :evil:

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::منیر عباسی:: میرے بس میں‌ہو تو چینی پانچ سو روپے کلو کردوں۔ اور ساری روشنیاں‌میں‌نے ہی ڈالنی ہیں‌تو آپ کیاکریں گے؟ :mrgreen:
::ابن سعید:: یہی ناں کہ میرے جیسا فضول بندہ کوئی نہیں‌ ہوسکتا :grin:
::ضیاءالحسن خان:: یعنی آپ اسے کام سمجھتے ہیں؟ :mrgreen:
::حجاب:: اہمیت والی بات کی طرف تو میری توجہ گئی ہی نہیں‌تھی۔ ویسے یہ آٹے میں‌نمک ملاتے ہی کیوں‌ہیں؟ اس پر روشنی ڈالیں۔ یہ کتاب پی ایچ ڈی کرنے کے بعد پڑھائی جائے گی تاکہ دماغ دوبارہ اصلی حالت میں‌واپس آسکے ;-)
::عبدالباسط:: اف اللہ۔۔ اتنی خوشی ہورہی ہے آپ کو دیکھ کے یہاں‌بیان نہیں‌کرسکتا۔ اور میں‌تو آپ کی ہر بات کی تائید کرتا ہوں۔ آپ نے ہی ہماری بات کی تائید نہیں‌کی تھی ;-)
::عثمان:: ہیںںںںں۔۔۔ اس کا مطلب ہے اب گرائمر بھی لکھنی پڑے گی :shock:
ادب عالیہ ایسے ہی تخلیق ہوتا ہے، ہولے ہولے۔۔ والا گانانہیں‌سنا؟ ;-)
::خرم:: اچھا جی :grin:
::یاسر::‌ نظر بد تو دور ہوجائے گی لیکن اگر بچے وغیرہ ڈر گئے دیکھ کے تو اس کا کون ذمہ دار ہے :mrgreen:
::عبدالقدوس:: یہ سنیاسی اداکار خوب کہا ہے :grin:
::عادل بھیا:: ابھی تو شروع ہوا ہے، ابھی سے اختتام کا انتظار۔۔۔
::وقار اعظم::‌ اور اس احتجاج میں‌، میں‌بھی آپ کے ساتھ ہوں۔ دہشت گردی زندہ باد۔۔۔ اوہو۔۔ مطلب دہشت گردی کے خلاف جنگ زندہ باد۔۔۔

md نے فرمایا ہے۔۔۔

آپ نے پاکستانی عوام کو مشورہ دیا ہے کہ ایک ماہ تک چینی استعمال نہ کریں ۔ حُکومت نے اس پر فورا" ایکشن لے لیا ہے ۔ آج جنگ اخبار میں خبر ہے کہ گوشت کی طرح چینی کی فروخت پر بھی دو دن کی پابندی لگائی جائیگی۔یعنی آپکے قا عدہ کوحکومتی حلقوں میں کافی پزیرائی مل رہی ہے ۔ مبارک باد قبول فرمائیں ۔بُہت شُکریہ

حجاب نے فرمایا ہے۔۔۔

جعفر ، میں تو آٹے میں نمک ڈالتی ہی نہیں ۔۔ روشنی کیسے ڈالوں ۔۔ اندھیرا رہنے دیں :roll:

حجاب نے فرمایا ہے۔۔۔

اور دماغ کے واپسی کی بات خوب کہی :smile:

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::ایم ڈی::‌ خیر مبارک جی :grin:
::حجاب::‌ :grin:

جہالستان سے جاہل اور سنکی ۔ نے فرمایا ہے۔۔۔

چنگا لکھیا جے پر پی ایچ ڈی دی کسر رہ گئی سی ۔
جہالت آلے وی سبجیکٹس اچ پی ایچ ڈی پاسیبل جے ۔ بس یونیورسٹی ریکگنائزڈ ہونی چاہیدی جے ۔ہمت ہن کر ای لو نا جی استاد صاحب ۔

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::سنکی:: تسی فارم منگا دیو میں‌ تیار آں، نالے ٹیوشن پڑھان دا وی وعدہ کرو۔۔۔

جہالستان سے جاہل اور سنکی ۔ نے فرمایا ہے۔۔۔

جاہلاں نوں مزید جاہل بنان آلی گلاں بناون لئی ٹیوشن دی ضرورت ویسے ہوئیا تے نہیں کردی ۔ رہ گئی گل تسلی وسلی دی اودھی فکر نہ کرو ۔ تسی بی اے تو بعد آلی اپنی دو توں چار سال آلی فارمل ایجوکیشن دے وارے ایمیل کرو، فارم تے یونیورسٹی دا پتا ڈھونڈن اچ اسی وی مدد کر دیاں گے ۔
نالے عید دی مبارک وی قبول کرو ۔

جاوید گوندل ۔ بآرسیلونا ، اسپین نے فرمایا ہے۔۔۔

چ:::: چ سے چور۔ چور جو ادہر ادہر، حد نظر، یہاں وہاں ، اس پار اس پار ۔ بار بار سب کے یار ملک و قوم کے غدار ۔ پاکستان میں چپڑاسی کے عہدے سے صدر تک بے شمار پائے جاتے ہیں۔

ح:::: ح سے حلوہ ۔۔۔ جو واعظ حظرات کا مرغوب مااحضر تناول ہے۔ چینی مہنگی اسی لئیے کی گئی کہ یہ حضرات کچھ رحم کھائیں ۔ حلوے اور چینی پہ نہیں بلکہ قوم کی حالت پہ اور جی ایس ٹی پہ بار بار پینترے بدلنے سے باز آجائیں۔

خ:::: خوش فہم قبیلہ۔۔۔۔ جو فرینڈلی اپوزیشن میں مارے بندھے پوری قوم کا ستیاناس ہوجانے کے باوجود محض اسلئیے زندگی کے ڈنگ پورے کر رہا ہے ۔۔ معاف کی جئیے گا اسمبلیوں اور موجودہ حکومت کے باقی ماندہ دن گن گن کر فرینڈلی اپوزیشن میں پورے کرہا ہے کہ ایک دن اقتدار نام کی مسند انکی لونڈی ہوگی۔ یعنی خ سے خوش فہم ۔

د:::: د سے دلال تو ہیں ہی مگر دہوکے بار ۔ وہ جو قوم کو جھوٹ اور کہنہ مکرنیوں سے ہر لمحہ دہوکہ دیتے ہیں۔

ڈ:::: ڈ سے ڈول۔۔ وہ ڈول جو پاکستان میں ہر قسم کے بے حیا۔ اور بے غیرت قسم کے لوگوں نے پاکستان کی اسلامی اساس کے خلاف ڈال رکھا ہے ۔ اور پورے پاکستان کو روشن خیالی کا نام نہاد تڑکا لگا کر بدلے میں اس ڈول میں چند نقرئی سکے اور امریکہ کا ویزا اور گرین کارڈ وغیرہ کی بھیک کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔ اس ڈول کو بے غیرتی- اور بے حیائی کا ڈول بھی کہا جاسکتا ہے۔

عمیر ملک نے فرمایا ہے۔۔۔

ہمیشہ کی طرح اعلیٰ ہے۔
اگلے شمارے میں "ڑ" سے بھی کوئی لفظ شروع کر کے صدیوں پرانے اس "ڑ سے آڑو اور پہاڑ" والے قانون کو بھی بدلنے کی درخواست ہے۔آخر اردو کو بھی جدیدیت کی طرف جانا چاہیئے۔

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

عمیر ملک: نہایت افسوس سے اعلان کیا جاتا ہے کہ آپ نے پورا قاعدہ پڑھے بغیر کمنٹ دیا ہے۔ یہ دوبارہ ٹیلی کاسٹ ہے جناب۔ قاعدہ مکمل ہے

JonElia نے فرمایا ہے۔۔۔

بہت عمدہ بلاگ ہے جعفر بھائی بلاگ صرف آپ ہی لکھ سکتےہیں

تبصرہ کیجیے