کرک نامہ


ابو شامل ہمارے بزرگ ہیں۔
یہ سمجھ لیا جائے کہ بزرگی کا تعلق عمر وغیرہ سے نہیں ہوتا،اعمال سے ہوتا ہے۔ اردو بلاگرز میں ان کامقام وہی ہے جو پھلوں میں آم کا ، سبزیوں میں کریلے کا اور کاروں میں مرسیڈیز کا ہے۔ ہم جب بلاگنگ میں نئے نئے تشریفے تھے تو ان کا بلاگ وہ واحد جگہ تھی جہاں ہم حدّادب ملحوظ رکھتے تھے۔ جو احباب ہمیں بہت دیر سے جانتے ہیں وہ سمجھ گئے ہوں گے کہ یہ بات ابوشامل کے لیے کتنی بڑی سعادت ہے۔  خیر مذاق بہت ہوچکا۔ اب ذرا کچھ سنجیدہ بات کرلی جائے۔
شاید دوسال پہلے کرک نامہ کا اجراء ہوا تھا۔ کرکٹ ہماری بچپن کی محبت ہے۔  کھیلنے سے لے کر دیکھنے اور پھر پڑھنے تک ، کرکٹ سے ہمیں ایسا لگاو تھا کہ شاید میاں مجنوں کو آنٹی لیلی سے بھی نہیں ہوگا۔ شاید چوتھی یا پانچویں جماعت سے اخبار وطن اور کرکٹر جیسے جرائد "دیکھنے" شروع کردئیے تھے ، پڑھنے چھٹی جماعت کے بعد سے شروع کیے۔ آہستہ آہستہ اخبار وطن تو اخبار منیر حسین بنتا گیا اور اسی وجہ سے اس سے ہماری دلچسپی ختم ہوتی گئی البتہ کرکٹر سے ہمارا عشق اس وقت تک باقی رہا جب تک عمران خان کرکٹ کھیلتے رہے۔ کرکٹر کے پرانے شماروں سے بھرا ہوا ایک صندوق شاید اب بھی کہیں سٹور وغیرہ میں پڑا ہوا۔  اس تمہید سے یہ بتانا مقصود ہے کہ کرک نامہ کے اجراء سے ہمیں یوں محسوس ہوا کہ جیسے یہ سب بانداز دگر دوبارہ شروع ہوگیا ہے اور ہم اس پر نہایت خوش  تھے۔  
آج دوسال بعد کرک نامہ کو دیکھ کر شاید ہمیں ابوشامل  سے زیادہ خوشی ہورہی ہے ۔ محنتی بندے تو وہ ہیں ہی، کمٹڈ بھی ہیں۔ ہماری طرح بس یاویاں نہیں مارتے، کام کرتے ہیں اور دل لگا کے کرتے ہیں۔ اس محنت اور کمٹ منٹ کا ایک ثبوت کرک نامہ کی صورت میں سب کے سامنے ہے ۔  ہماری بڑی خواہش تھی کہ ہم بھی کرک نامہ کے لیے کچھ لکھتے لیکن چونکہ ہم اکثر حدود پھلانگ جاتے ہیں اور وہ باتیں بھی کہہ جاتے ہیں جو طبع نازک پر گراں گزرتی ہیں لہذا ہم نے  قصدا اس سے گریز کیا۔
ماہنامہ کرکٹر میں بہت پہلے آخری صفحات میں کوئی ذوالقرنین حیدر مزاحیہ کہانی لکھاکرتے تھے جن میں مرکزی کردار کرکٹر ہوتے تھے۔ بہت سال گزرنے کے باوجود وہ کہانیاں آج بھی ہمیں یاد ہیں۔ تجاویز دینے کے اگرچہ ہم سخت خلاف ہیں کہ ہر بندہ اپنے کام کو بہتر جانتا ہے لیکن ہم یہ ضرور کہنا چاہیں گے کہ اس طرح کا کوئی سلسلہ کرک نامہ پر بھی شروع کیا جائے تو بہت سپر ہٹ ہوسکتا ہے۔
آخر میں ابوشامل اور کرک نامہ کی ٹیم  کو بہت بہت شاباش۔  زبردست کام کیا آپ سب نے۔ دلی مبارکباد اور مزید ترقی کے لیے پرخلوص دعائیں۔
Comments
3 Comments

3 تبصرے:

خالد حمید نے فرمایا ہے۔۔۔

خراج تحسین۔۔۔۔۔۔۔ اور کرک نامہ وہ تو جی واہ ہی واہ

ابوشامل نے فرمایا ہے۔۔۔

وہ تو مجھے بھرپور اندازہ ہے جناب کہ جس کے لیے آپ "تریف" کے کلمات نکالیں، وہ کتنی "عظیم" شخصیت ہوگی :)

بہرحال، بہت شکر گزار ہوں ان نیک خواہشات کا۔

Anonymous نے فرمایا ہے۔۔۔

جعفر بھائی۔ آپ جیسا مزاح نگار اور اوپر سے کرکٹ کا بخار۔۔۔ یعنی کریلہ وہ بھی نیم چڑھا۔۔۔ اگر آپ یہ سلسلہ کرک نامہ پر شروع کردیں تو واقعی سپر ہٹ ہو جائے گا۔۔۔

تبصرہ کیجیے