شیدا پستول بنام بابا ریمتا


ٹِلّہ جوگیاں
30 فروری بروز  جمعۃ المبارک
محترم بابا جی!
آداب و تسلیمات کے بعد عرض ہے کہ فدوی خیریت سے ہے اور آپ کی خیریت نیک مطلوب نیز اقبال (خودی والا نہیں!) بلند چاہتا ہے۔ عرضِ احوال یہ ہے کہ فدوی نے کچھ ماہ قبل چند موضعات میں بغرضِ روزگار ڈکیتیاں کی تھیں جن میں چند بندے کولیٹرل ڈیمیج کے طور پر پھٹّڑہوئے۔ نیز دو دوشیزاؤں کے ساتھ بوجۂ شدیدحاجت، محبت بھی کر بیٹھا۔فدوی خدا کو حاضر ناظر جان کربیان کرتا ہے کہ اس نے مذکورہ بزنس وینچرزسے  یافت شدہ مال کا چالیس فیصد بابا پیٹر سائیں سرکار کی خدمت میں بطور نذرانہ پیش کردیا تھا۔ اس کے باوجود موضعات ہذا کے کھوجی اور فُکراٹے (پُلسئیوں کو فدوی اسی نام سے پکارتا ہے) اس کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑے ہوئے ہیں۔ ان کے اظلام و استام سے بچنے کی خاطر فدوی نے علاقہ ہذا چھوڑ کر نامعلوم مقام (تہانوں تے پتہ ای ہونا!) پر ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ فدوی کے علم میں یہ بھی آیا ہے کہ بغرض روزگار کی گئی کاروائیوں کے چند متاثرین آپ والا تبار کی پنچائت میں حاضر ہو کر حضورِ والا کے کان بھر رہے ہیں کہ فدوی ایک نہایت لعین و شاتم فرد ہے جس کا قلع قمع عین ضروری و آئینی ہے۔
فدوی نہایت ادب سے عرض کرتا ہے کہ سب کو روزگار کا انتخاب کرنے کی آزادی ہے۔ کسی سے اس ضمن میں امتیازی سلوک روا رکھناانسانی حقوق کی صریحا اور قطعا خلاف ورزی ہوگی۔ بوجۂ روزگار کی گئی کاروائیوں کو کسی بھی پنچائت میں چیلنج نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی ان پر قدغن لگائی جاسکتی ہے۔اگر یقین نہ ہو تو وڈّے چوہدری صاحب سے پوچھ لیں۔فدوی کے علم میں یہ بھی آیا ہے کہ حضور گنجورنے پنچائت میں پیشی کے وَرَنٹ نکالے ہوئے ہیں۔ فدوی کے لئے  یہ پیشی عین سعادت ہے بلکہ
میرے دل دے شیشے وچ سجناں
پئی سج دی اے تصویر تیری
لیکن حاسدین و بد خواہونِ فدوی اس موقع کی تاڑ میں ہوں گے اور عین ممکن ہے کہ فدوی کو پکڑ کے گدّڑ کُٹ لگائیں۔مائی باپ آپ کے علم میں ہی ہوگا کہ بے پناہ پھینٹی کے دوران منہ سے واہی تباہی نکل جاتی ہے جس کو فدوی کے متاثرین روزگار، انکشافات کا نام دے کر ان کی گُڈّی اڑاتے پھریں گے اور عالی جناب کا نام بھی اس میں ملوث ہوسکتا ہے۔ کمّی کمینوں کی زبانیں کون کم بخت روک سکتا ہے؟ فدوی آپ اور بابے پیٹر سائیں سرکار کے نیاز مندانہ تعلقات کا عینی و سمعی شاہد ہے۔ وڈّے چوہدری صاحب نے بھی اس بابت ہمیشہ تقیہ کرنے کی اہمیت اجاگر کی ہے۔
خط طویل ہوتا جارہا ہےاور  فدوی کو احساس ہے کہ عالی جناب کے اقوات شدید بیش قیمت ہیں اور ان کو ضائع کرنے کا گناہ فدوی اپنے سر نہیں لینا چاہتا۔ لہذا فدوی التجا کرتا ہے کہ اس نیاز نامے کو آدھی ملاقات سمجھتے ہوئے حضورِ والا، فدوی کو حاسدین کے تمام الزامات سے باعزت بَری کریں کہ یہ انصاف اور بنیادی انسانی حقوق از قسم روزگار کی آزادی اور مناسب مواقع پر منہ بند رکھنا وغیرہ کے عین مطابق ہوگا۔ علاوہ ازیں  بابے پیٹر سائیں سرکار نے آپ والا تبار کی خدمت میں سلام لکھوایاہے۔ گر قبول افتد زہے۔۔۔ پَین دِی سِری
نیاز مند
شیدا پستول


لاؤ تو اعمال نامہ "اپنا"۔۔


یہ کچھ پیچیدہ سی سادہ بات ہے۔ متوسط طبقے کے شہری، پنجابی، پاکستانی،سُنی مسلمان ہونے کے ساتھ بائی ڈیفالٹ کچھ سافٹ وئیر انسٹال ہوتے ہیں۔ ان میں  سے پہلا یہود و ہنود، امریکہ، شیعہ، احمدی، سیاستدانوں سے نفرت اور دوسرا  اسلام، پاکستان، مشرقی روایات اور پاک فوج سے محبت ہے۔ آپ سے کیا پردہ، فدوی بھی عنفوان شباب سے ذرا پہلے جماعتیا ہوا کرتا تھا۔ مزے کی بات یہ کہ فدوی  اس عالمگیر سچائی کے استثنی کی مثال ہے کہ بندہ جماعت سے نکل جاتاہے،جماعت بندے سے نہیں نکلتی۔ فدوی جماعت سے بھی نکل گیا اور جماعت بھی فدوی سے نکل گئی لہذا اصولا تو فدوی کی جگہ اب میوزیم آف نیچرل ہسٹری ہونی چاہیئے کہ یہ انسانی تاریخ کی شاید پہلی اور آخری مثال ہے۔ بہرکیف یہاں سے بات کو موڑ کے اصل مدعا کی جانب آتے ہیں۔
پردیس میں ایک عمر گزار کے یہ سمجھ آئی کہ زندگی اور دنیا کی رنگارنگی ہی  اس کی اصل ہے۔ دیکھیے، میں ایک مذہبی انسان ہوں اور میرا یہ بھی ماننا ہے کہ اگر خدا سب کو ایک جیسا اور ایک جیسی سوچ اور عقیدے کا مالک بنانا چاہتا تو اس کے لئے یہ مشکل نہیں تھا اور نہ ہے۔ تو یہ اتنے رنگ برنگے لوگ اور عقیدے اور مذاہب اور زبانیں کس لئے ہیں؟ میری رائے میں یہ سب اس کے ڈیزائن کا حصہ ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی خدا کی بنائی دنیا میں بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جو سرے سے خدا کو ہی نہیں مانتے تو خدا ان کی آکسیجن بند نہیں کرتا۔ ان پربھی سورج ویسے ہی چمکتا ہے۔ ان کے دن میں بھی 24 گھنٹے ہیں۔ وہ بھی دولت کماتے ہیں۔ زندگی کی نعمتوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ ان کو بھی بیماری سے شفا ملتی ہے۔
خدا ان سے یہ نہیں کہتا کہ چونکہ تم مجھے جاننا تو دور کی بات، مانتے بھی نہیں اس لئے اپنی دنیا میں رہنے کا حق میں تم کو نہیں دوں گا اور تم سب کو فنا کردوں گا۔ جی نہیں؛ خدا ایسا نہیں کرتا۔ خدا نے انسان کو بنایا ۔ اسی نے انسان کو انسان ہونے کے حقوق دئیے تو کوئی انسان کسی سے یہ حق نہیں چھین سکتا کیونکہ یہ خدائی ڈومین ہے۔ حیات بعد از موت کا تصور بھی میری رائے میں اس کی تصدیق کرتا ہے کہ تب خدا سب کو لائن حاضر کرکے پوچھے گا کہ ہاں، اب بولو کہ تم دنیا میں کیا گل کھلا کے آئے ہو۔ حساب دو۔ نکتہ یہ ہے کہ عقیدوں اور اعمال کا حساب  خدا لے گا۔ میں آپ ایک دوسرے سے یہ حساب لینے کے مجاز نہیں۔
کسی انسان سے اعمال و عقائد کا حساب مانگنے سے پہلے  خدائی کا دعوی یاد سے کرلینا چاہیئے۔

بابے ریمتے کی کہانی، مولوی ذاکر کی زبانی


بابے ریمتے کی پنچائت کا انصاف پوری تحصیل میں مشہور ہوچکا تھا۔ آس پاس کے پِنڈوں سے لوگ بابے کے پاس شکایات لے کر آتے۔ بابا اپنی انصاف پروری اور دانش سے ان کے فیصلے کرتا اور مسکینوں کو ان کا حق دلاتا۔ ایک ایسے ہی ایک پھڈّے میں بابے نے سراج تیلی کی بیٹی کو سنگسار کرنے کا فیصلہ دیا جسے صادق باجوے کے منڈے نے اغواء کرکے دو مہینے ڈیرے پر قید رکھا تھا۔ بابے نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جوان جہان لڑکی جب گلیوں میں آزادانہ گھومے پھرے گی تو شیطان متقی جوانوں کو بہکائے گا۔ اس میں جوانوں کا کوئی قصور نہیں۔
بابے ریمتے کی بیٹھک میں ہر وقت لوگ کا ہجوم رہتا۔ بابے کا مشیرِ خاص فتّو میراثی تھا۔ جو آئے گئے ہر بندے کی خدمت میں جُتا رہتا اور جاتے ہوئے جو بھی اپنی مرضی سے کوئی نذرانہ دیتا تو اسے سنبھالنے کا کام بھی اس کے ہی سپرد تھا۔ چراغ جلے جب رش کم ہوتا تو بابے اور فتّو کے مابین پورے دن کی کاروائی اور یافت پر دو طرفہ مذاکرات ہوتےاور اگلے دن کے شیڈول پر بھی ڈسکس کیا جاتا۔ فتّو صدق دل سے یہ سمجھتا تھا کہ بابا ریمتا ایک لیجنڈ بن چکا ہے اور پورے پنڈ کے لوگ ہر مشکل میں اس کی طرف دیکھتے ہیں اور اس کا فیصلہ جی جان سے قبول کرتے ہیں۔ فتّو اکثر بابے کو مشورہ دیتا تھا کہ اب اسے چوہدری صاحب کے ساتھ برابری کی بنیاد پر بات کرنی چاہیئے ۔ ان کے ساتھ منجی پر بیٹھنا چاہیئے نہ کہ زمین پر۔
بھادوں شروع ہوچکا تھا۔مچھروں کی بہتات تھی۔ بابے کو ساری رات نیند نہیں آئی۔ حبس اور گرمی جوبن پر تھی۔ بابا تڑکے نور پیر ویلے ہی اٹھ گیا تھا۔ ماسی پِینو کو اٹھا کے بابے نے لسّی مانگی تو ماسی نے بابے کو چھڈویں چپّل دے ماری اور چلاّئی۔۔"پھُڑکی پینیاں، جا لے جا میرے مگروں، دغاڑا لگناں"۔  بابے نے تحمّل سے ماسی کی بدزبانی برداشت کی اور بیٹھک میں چلا آیا۔ دن چڑھے تک بابا بیٹھک میں افسردہ بیٹھا رہا۔بابا سوچتا رہا کہ پِنڈ کے لوگ اس کی اتنی عزت کرتے ہیں، اس کے ہر فیصلے پر آمنّا و صدقنا کہتے ہیں اور ایک یہ پِینو اونتری ہے جو اس کی یومیہ بنیادوں پر بے عزتی کرتی ہے۔ بابے نے فتّو کے آنے سے پہلے فیصلہ کرلیا کہ آج وہ ایسا کام کرے گا کہ پِینو دوبارہ اس کے سامنے کبھی اونچی آواز میں بات کرنے کی جرأت نہیں کرسکے گی۔ فتّومیراثی کےآتے ہی بابے نے اس کو ساتھ لیا اور چوہدری کے ڈیرے کی طرف چل پڑا۔ فتّو پوچھتا ہی رہا کہ کیا معاملہ ہے لیکن بابے کے چہرے پر گھمبیرتا طاری رہی۔
ڈیرے پر پہنچتے ہی بابے ریمتے نے کامے کو حکم دیا کہ چوہدری صاحب کی رنگلے پایوں والی منجی بوڑھ کے نیچے بچھا دے اور اس پر ریشمی غلاف والے تکیے رکھ دے اور بھاگ کے چوہدری کو بلا لائے۔ بابا منجی پر تکیے کے ساتھ ٹیک لگاکے بیٹھا گیا اور فتّو کو کہا کہ وہ نیچے زمین پر بیٹھ کے اس کی ٹانگیں دبائے۔ تھوڑی دیرہی  گزری تھی کہ  چوہدری صاحب، نِکّے چوہدری اور حواریوں کے ساتھ تشریف لے آئے۔ ڈیرے میں داخل ہوتے ہی انہیں بابے کی کڑک دار آواز سنائی دی،
"اوئے چوہدری! ادھر آکے زمین پر بیٹھ جا۔ آج تیرا یومِ حساب ہے۔ تو غریب مزارعوں کی خون پسینے کی کمائی لوٹتا ہے۔ تیرے بدکار پُتّر کی ہوس سے پِنڈ کی کوئی کُڑی محفوظ نہیں۔جب تیرا دل چاہتا ہے کسی کو بھی بے گار میں پکڑ کر لے جاتا ہے۔جو تیرے سامنے آواز اٹھاتا ہے اسے تیرے کن ٹُٹّے مار مار کے باندر بنا دیتے ہیں۔ تو پِنڈ کے لوگوں کو انسان نہیں سمجھتا۔ ان کی توہین کرتاہے۔ آج تیرے ان سب جرائم کا حساب ہوگا۔ میرے پنچائت کے فیصلوں کی پوری تحصیل میں دھوم ہے۔ لوگ کہتے ہیں کہ بابا ریمتا سب کے ساتھ انصاف کرتا ہے۔ آج بابا تیرے ساتھ بھی انصاف کرے گا۔
میں ، بابا ریمتا، حکم دیتا ہوں کہ چوہدری کی زمینیں قرق کرکےمزارعوں میں تقسیم کر دی جائیں۔ نِکّے چوہدری کے ہاتھ پیر باندھ کے اس کا منہ کالا کرکے ، گلے میں جوتوں کا ہار ڈال کے،کھوتے پر سوار کرکے پورے پِنڈ کا چکر لگوایا جائے۔چوہدری کی حویلی آج سے میرا ڈیرہ ہوگا۔ چوہدری کو زن بچے کے ساتھ پِنڈ سے نکال دیا جائے اور پوری تحصیل میں اس کو کسی بھی جگہ پناہ نہ دی جائے۔ نکالنے سے پہلے چوہدری پِنڈکے ہر بندے کے سامنے ہاتھ جوڑ کے معافی مانگے۔ "
فیصلہ سنانے کے بعد بابے ریمتے نے فخریہ نظروں سے فتّومیراثی کی طرف دیکھا۔ فتّومنہ پھاڑے بابے کی طرف دیکھ رہا تھا۔ بابا چپ ہوا تو فتّو نے اٹھ کے دامن جھاڑا، پلاسٹک کی پرانی چپّل پاؤں سے اتاری اور بابےریمتے کے سر پر برسانے لگا۔
قصّہ مختصر، آج بعد از نمازِ عصر بابے ریمتے کی نمازہ جنازہ پِنڈ کی مسجد میں ادا کی جائے گی۔