ہمیں ٹیگ کرنےکی سعادت ایک نہایت قدیم بلاگر کو حاصل ہوئی ہے۔ ہم ان کی بزرگی
اور قدامت کا احترام کرتے ہوئے مندرجہ ذیل سوالات کے ہر ممکن حد تک آسان اور قابل
برداشت جوابات دینے کی کوشش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
دو ہزار بارہ میں کیا خاص یا نیا کرنا چاہتے ہیں؟
لینڈ روور خریدنے کا ارادہ ہے۔ پچھلے دس سالوں کی طرح، اس سال بھی یہ پورا ہونا
ظاہری اسباب کے مطابق ناممکن ہے۔ اس کے علاوہ بال کٹوانے کابھی پروگرام ہے!۔
دو ہزار بارہ میں کس واقعہ کا انتظار ہے؟
فرحان دانش سے ملاقات کا اور دنیا تباہ ہونے کا۔
دو ہزار گیارہ کی کوئی ایک ناکامی؟
ناکامی تو کوئی چیز نہیں ہوتی میرے خیال میں۔ ایک یاددھانی البتہ ضرور ہوتی ہے
کہ آپ کی مطلوبہ منزل ابھی تک نہیں آئی لہذا سفر جاری رکھیے۔
دو ہزار بارہ کی کوئی ایک ایسی بات جو بہت یادگار یا دل چسپ ہو؟
سال کے آغاز پر کیسا محسوس کررہے ہیں؟
اس سوال سے مجھے ببو برال مرحوم یاد آگیا، جس نے ایک سٹیج ڈرامے میں، یہی سوال
اشرف راہی سے بزبان پنجابی پوچھا تھا کہ "کیہ مسوس کررئے سو؟" مزید وضاحت کے لیے
ڈرامہ ملاحظہ کریں۔
کوئی چیز یا کام جو ۲۰۱۲ میں سیکھنا چاہتے ہوں؟
خوشامد المعروف لیسیاں المعروف ٹی سی۔
اب ہم اس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے شہتیر کو جپھّا مارنے کی کوشش کرتے ہیں اور ان عظیم بلاگرز کو ٹیگ کرنے کی جسارت کرتے ہیں۔