آپ
کو یہ ماننا پڑے گا کہ عبدالمنّان پیدائشی
صُوفی بزرگ ہیں۔ یہ پیدا ہوئے تو دائی نے انہیں نہلایا۔ یہ ان کا پہلا وُضو
تھا۔ یہ آج تک اس وُضو کو برقرار رکھے
ہوئے ہیں۔ یہ ایک چلتا پھرتا معجزہ ہیں۔ یہ سب کچھ کھاتے ہیں۔ ان کا ناشتہ دیکھ کے
پہلوان سکتے میں رہ جاتے ہیں۔ یہ سات
روغنی نان ، نہاری کی چار پلیٹیں ، دیسی گھی کے تین پراٹھے، پندرہ انڈوں کا آملیٹ
، پانچ مگ دودھ پتّی اور ادّھ رڑکے کے تین جگ
ناشتے میں ڈکار جاتے ہیں۔ ان کا لنچ گوالمنڈی کے بٹ صاحبان کو غش کھانے پر
مجبور کرسکتا ہے۔ ان کی ایوننگ ٹِی ، ویری ہائی ٹِی ہوتی ہے۔ ان کا ڈنر کانٹی
نینٹل ہوتا ہے۔ یہ رات کو سونے سے پہلے کھجوروں والے دودھ کے جگ میں آدھ کلو دیسی
گھی ملا کے نوش کرتے ہیں۔ عبدالمنّان کی
شادی بھی ہوچکی ہے۔ یہ چار بچوں کے باپ بھی ہیں۔ یہ سب کچھ کر کے بھی ان کا وُضو
نہیں ٹوٹتا۔ یہ کیسے ہوتا ہے؟ میڈیکل
سائنس اس پر حیران ہے۔ یہ سب ایمان کا کرشمہ ہے۔ عقل اس کو کبھی
انڈرسٹینڈ نہیں کرسکتی۔
یہ
حاجی ثناءاللہ کے لنگوٹیے ہیں۔ یہ جب بھی
پریشان ہوتے ہیں انکو کوئی مسئلہ تنگ کرنے لگتا ہے ان کی زندگی سے فَن ختم ہونے
لگتاہے، یہ حاجی صاحب کے پاس چلے جاتے ہیں۔ یہ ان کی دکان پر دو گھنٹے گزارتے ہیں۔
ان کی بیٹری چارج ہوجاتی ہے۔ یہ دوبارہ فریش ہوجاتے ہیں۔ ان کا انرجی لیول میکسیمم
ہوجاتا ہے۔ حاجی ثناءاللہ سے انہوں نے
زندگی میں بہت کچھ سیکھا۔ یہ پہلے سچ نہیں بولتے تھے۔ یہ لوگوں کو گیڑے کراتے تھے۔
یہ بچوں کی کلفیاں چھین کے کھا جاتے تھے۔ یہ خواتین کو ایسے دیکھتے تھے جیسے خواتین ،لان
کے نئے پرنٹ دیکھتی ہیں۔ حاجی صاحب یہ سب
نوٹس کرتے رہے۔ یہ خاموشی سے عبدالمنّان کی حرکتیں دیکھتے رہے۔ ایک دن انہوں نے عبدالمنّان کو دکان پر بلایا۔
ان کو چکن شاشلک اور پھجّے کے پائے کھلائے۔ ان کو گولڈفلیک کے پکے سگریٹ پلائے۔
شیزان کی بوتل میں مرنڈا اور ماؤنٹین ڈیو
ڈال کے پلائی۔ کسٹرڈ اور آئسکریم مکس کر کے کھلائی۔ یہ جب فُل ہوگئے۔ ان کے ڈکار
ہَمک مارنے لگے توحاجی صاحب نے انہیں سمجھانا شروع کیا۔ حاجی صاحب نے انہیں اپنی
روٹین کی ڈیٹیلز بتائیں۔ یہ انہیں کہنے
لگے۔ ہمیشہ سچ بولیں۔ کبھی کسی کو دھوکہ نہ دیں۔ کسی کا حق نہ ماریں۔ یہ بالکل
سمپل ہے۔آپ جو بھی بولیں اس کو سچ سمجھیں۔ آپ جو بھی کریں اس کو درست سمجھیں۔ یہ
دنیا ایک عارضی جگہ ہے۔ اس کے لوگ دھوکہ باز ہیں۔ اس سے پہلے کہ کوئی آپ کو دھوکہ
دے۔ آپ اس کو دھوکہ دے دیں۔ یہ بالکل جائز ہے۔
اس
دن کے بعد عبدالمنّان کی لائف چینج ہوگئی۔ ان کا وُضو جو پیدائشی ان بریک ایبل
تھا، راک سالڈ ہوگیا۔ یہ بزنس میں دن دگنی رات ملک ریاضوی ترقی کرنے لگے۔ یہ اب
بچوں سے کُلفیاں چھیننے کی بجائے ان میں کلفیاں بانٹنے لگے۔ یہ خواتین کو گھورنے کی بجائے ان سے نکاح کرنے
لگے۔ یہ اپنی کمائی سے اللہ کی راہ میں دل کھول کر خرچ کرنے لگے۔ یہ بیواؤں اور بے روزگاروں میں سمارٹ فون بانٹنے لگے۔ یہ
فیس بک پر بھی چلے گئے۔ انہوں نے وہاں "سٹین لیس سٹیل وُضو عرف شیطان شئیر کرنےسے روکے گا" نامی پیج بھی بنایا۔ یہ ہر لائک پر دو سو روپے نقد دینے لگے۔
ہر
کامیاب انسان کی طرح ان کے بھی حاسد پیدا ہوگئے۔ یہ ان پر الزام لگانے لگے۔ یہ
کہنے لگے کہ عبدالمنّان ایک فراڈئیے ہیں۔ یہ لوگوں کو ٹوپی کراتے ہیں۔ یہ شعبدے باز ہیں۔ ان کا وُضو
نہ ٹوٹنا ایک جھوٹ ہے۔ عبدالمنّان کو ان
کی کوئی پرواہ نہیں تھی لیکن حاجی صاحب نے ان کوسمجھایا۔ جب لوگ آپ کے بارے سچ بولیں تو آپ ان کے بارے جھوٹ بولیں۔ یہ آپ کا سچ ہوگا۔ کسی کو اپنے بارے سچ پھیلانے کی اجازت نہ دیں۔ ان کے ساتھ آہنی عزم کے ساتھ نمٹیں۔ عبدالمنّان نے یہ بات گرہ سے باندھ لی اور فورا مجھے فون کیا۔ یہ اخبار کے سنڈے میگزین میں اپنا فیچر چھپوانا چاہتے تھے۔ میں نے حامی بھرلی۔
اس کے بعد جو ہوا وہ آپ کے سامنے ہے۔ کیا کسی ان بریک ایبل وُضو والے پیدائشی صوفی بزرگ کا فیچر چھاپنا اتنا بڑا گناہ ہے کہ لوگ مجھے گالیاں دیں؟ میرا کیا قصور ہے؟ میں اس وقت سے صحافی ہوں جب اخبار چھپتا نہیں تھا بلکہ صحافی گھر گھر جا کے لوگوں کو زبانی خبریں سناتے تھے ۔ میں دسویں جماعت میں تھا جب چاٹ کی اُنیس پلیٹیں کھاکے دس روپے والی شرط جیتی۔ ایف اے کے امتحان میں میری جوابی شیٹس کا اتنا وزن تھا کہ اس کے بدلے ردّی والے نے پندرہ کلو مرونڈا اور لاہوری پُوڑا دیا تھا۔ بی اے کی ڈگری مجھے امتحان میں شرکت کئے بغیر ہی دے دی گئی کیونکہ بورڈ والوں کے پاس اتنے فنڈز نہیں تھے کہ میری جوابی شیٹس کا خرچہ برداشت کرسکیں۔ میں ہیومن ہسٹری میں وہ واحد شخص ہوں جس نے گریجویشن کے امتحان میں شرکت کئے بغیر ٹاپ کیا۔ اس زمانے میں ٹاپ پوزیشن والوں کو لیپ ٹاپ کی بجائے لُڈّو ملتی تھی۔وہ لُڈّو آج بھی محفوظ ہے۔ میرے بچوں نے اسی پر لُڈّو کھیلنا سیکھا۔ میں نے جب صحافت شروع کی تو ایڈیٹر کی سائیکل صاف کرنے سے لے کر ان کی گھر کا سودا سلف لانے تک ہر کام کیا۔ سودے سلف کے پیسوں میں سے بچت کرکرکے میں نے ایک کریانے کی دکان کھول لی۔ آپ میرے وژن کو داد دیں۔ میرے ہارڈ ورک کو اپریشئیٹ کریں۔ میں ان پیسوں سے گرماگرم سائیڈ پروگرام والی انگلش فلم بھی دیکھ سکتا تھا۔ میں اس سے گولڈ لیف کے سگریٹ بھی پی سکتا تھا۔ میں راجہ جانی والا پان بھی کھا سکتا تھا۔ میں نے یہ سب نہیں کیا۔ میں نے فیوچر کو ذہن میں رکھا۔ میں نے پلاننگ کی۔ وہ کریانے کی دکان آج ایک بڑے جنرل سٹور میں بدل چکی ہے۔ لیور برادرز والے مجھے سپیشل کراچی بلا کے لکس صابن اور ڈالڈا کوکنگ آئل فری میں دیتے ہیں۔ یہ مجھے ایکسی لینس سرٹیفکیٹ بھی دیتے ہیں جس میں گولڈن فونٹ سے میرا نام بڑا کرکے لکھا ہوتا ہے۔ چوہدری جنرل سٹور آج لالے موسے کا سب سے بڑا اور قابل اعتماد نام ہے۔ میں نے ساری زندگی صحافت کے نام کر دی ہے۔۔ کیا یہ میرا قصور ہے؟ مجھے کیوں ماں بہن کی گالیاں دی جاتی ہیں؟ میں نے کیا کِیا ہے؟