میں آج کل اگرچہ جنت میں ہوں کہ جنت میں ملنے والی نعمتیں جو ہمیں آج تک بتائی گئی ہیں، میں کم و بیش ان سے متمتع (واہ ! کیا لفظ استعمال کیا ہے) ہورہاہوں۔ لیکن میں اپنے دوستوں کو بھولا نہیں۔ اسی سلسلے میں یہ تازہ ترکیب آپ کے "اعلی" ذوق کی تسکین کے لئے پیش خدمت ہے!
ہوسکتا ہے کچھ حاسدین اس ترکیب میں سے تعصب اور نسلی و لسانی منافرت برآمد کرنے کی کوشش کریں، لیکن میرا خدا جانتا ہے کہ میں بہت نیک، پرہیز گار، غیر متعصب، قومی یکجہتی پر یقین رکھنے والا نہایت ہی عمدہ انسان ہوں! اس لئے ایسے لوگوں کے کہے پر کان نہ دھریں اور اجزاء نوٹ کرکے عنداللہ ماجور ہوں۔
اجزاء مندرجہ ذیل ہیں:
1- اعلی قسم کی نسوار
2- سبز مرچ (کافی ساری)
3- کالی مرچ (5 چمچے۔۔۔جی ہاں! وہی چمچے)
4- نمک (بالکل نہیں!)
5- بھنگ کے تازہ پتے
6- موبل آئل (اگر میسر نہ ہو تو کھانے کے تیل سے بھی کام چل جائے گا کہ زیادہ فرق تو ہوتا نہیں دونوں میں!)
7- اور ہاں! آٹا (کہ اس کے بغیر پراٹھا کیسے بنے گا۔۔۔ ہیں جی!)
فرائنگ پین میں تھوڑا سا موبل آئل ڈال کر گرم کرلیں۔ پھر اس میں نسوار ملا کر اچھی طرح بھون لیں۔ سبز مرچیں باریک کاٹ کر ملالیں۔ نسوار اچھی طرح بھوننے کے بعد چولہے سے اتار لیں۔ اگلا مرحلہ نہایت اہم ہے۔ یہ ہے آٹا گوندھنے کا۔ امید ہے کہ آپ کو آٹا گوندھنا نہیں آتا ہوگا، مجھے بھی نہیں آتا! یہ تو بڑا مسئلہ ہوگیا، اب کیا کریں؟ ایک حل تو اس سمسیا کا یہ ہےکہ آپ کسی نزدیکی تندور پر جائیں اور خشک آٹا دے کر گوندھا ہوا آٹا لے آئیں یا پھر کسی ہمسائے کا منت ترلہ کرکے اس سے آٹا گوندھوا لیں۔ بہرحال یہ آپ کا سردرد ہے۔ میں آپ کو آٹا گوندھنے کی ترکیب بتانے کا مکلف نہیں! الجبرے کی طرح فرض کرلیں کہ آٹا گوندھا ہوا ہے۔ اب پیڑے بنا کر ان کے درمیان بھنی ہوئی نسوار برابر پھیلادیں اور پیڑے کو بیلنے سے پہلے فی پراٹھا ایک چمچہ کالی مرچ کا ملانا نہ بھولیں! پراٹھے تیار کرنے کے بعد بھنگ کے تازہ پتے بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کرلیں اور اسے حقے کے پانی میں ملا کر "مزیدار چٹنی" تیار کرلیں۔
گرماگرم نسوار ملے پراٹھوں کو بھنگ کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔ زندگی کا لطف آجائے گا!!!