کھولنا اپنے ہی پولوں کا

دوسروں کے پول کھولنا شاید اس کائنات کا سب سے آسان اور۔۔۔۔ لذیذ کام ہے۔ وہ گنجا ہے، وہ کالی ہے، وہ توندیل ہے، وہ بالکل سیدھی ہے جیسے اسے کوئلے والی بڑی استری سے پریس کیا گیا ہے وغیرہ وغیرہ۔۔۔۔ لیکن آج میں اپنے ہی پول کھولنے پر اتر آیا ہوں۔ آپ کو شاید بلکہ یقینا مزا آئے گا، پر مجھ کو خاطر خواہ بدمزگی ہوگی جس سے چند احباب کے محظوط ہونے کا امکان یقینی ہے۔۔۔

چلیے شروع کرتے ہیں ۔۔۔مثلا نمبر ایک، میرا جیسا کنجوس اس کائنات میں شاید ہی کوئی دوسرا ہو۔ میری ٹوتھ پیسٹ کی ٹیوب جب تک مجھے ۹۹۹ ڈائل کرنے کی دھمکی نہیں دیتی، میں اسے دبا دبا کراور پچکا پچکا کر اور جھٹک جھٹک کر اس میں سے پیسٹ نکالتا رہتا ہوں،اور ۸۰ گرام کی ٹیوب میں سے میں تقریبا 7۔۷۹ گرام پیسٹ استعمال کرلیتا ہوں اور باقی بچنے والے اعشاریہ تین گرام کو نہ استعمال کرنے پر میری جو افسوسناک اور کربناک حالت ہوتی ہے، وہ قابل دید ہی ہوسکتی ہے، لفظ اس کو بیان کرنے سے قاصر ہیں۔

فلرٹیشن کا مرض (پنجابی میں لکھیں تو۔۔۔ ہونا ٹھرکی کسی بندے کا) زمانہ طفولیت سے ہی لاحق ہے۔ پہلی جماعت میں تھا تواپنی مس پر عاشق ہوگیا تھا۔۔۔ اور اسے جھوٹ نہ سمجھیں۔ پانچویں جماعت تک پہنچتے پہنچتے میں نے کوئی سات خیالی معاشقے پھڑکاڈالے تھے۔ چچا نے شاید یہ مصرعہ میرے لئے ہی کہا تھا کہ

مرا مزاج بچپن سے عاشقانہ ہے۔۔۔

جوانی کے حقیقی معاشقے سنانے کی غلطی تو میں ہرگز نہیں کرسکتا، کہ میں یملا تو ہوں پر اتنا بھی یملا نہیں! ہیں جی۔۔۔

اب مجھے احساس ہوتا ہے کہ بڈّھا ہونے پر تو میری شدید واٹ لگے گی کہ بابے تو ویسے ہی ٹھرکی ہوجاتے ہیں اور میرے جیسے متوقع بابے، جو زمانہ قبل از تاریخ سے ہی ٹھرکی واقع ہوئے ہوں، تو وہ تو ٹھرکی کی بھی تیسری فارم یعنی ٹھرکیئسٹ ہوجائیں گے۔۔۔ اللہ میرے حال پر رحم فرمائے۔۔۔ اور مجھے جوانی میں ہی ۔۔۔ آہو۔۔۔

بزدلی مجھ میں ایسے کُوٹ کُوٹ کر بھری ہوئی ہے جیسے میرا میں انگلش۔ عورتیں بےچاریاں تو ویسے ہی مشہور ہوگئی ہیں چھپکلیوں، کاکروچوں، چوہوں وغیرہ سے ڈرنے میں، جبکہ اس کام میں جو یدطولی مجھے حاصل ہے، وہ کسی عورت کے بس کی بات نہیں۔ ویسے یہ عورتیں جب لڑکیاں ہوتی ہیں تو ان کے کالج ویمن کالج کہلاتے ہیں اور جب حسب توفیق چار پانچ چاند سے بچوں کی اماں جاتی بن جاتی ہیں تو ان کا اصرار ہوتا ہے کہ انہیں لڑکی سمجھا اور پکارا جائے۔۔۔ ساری دوسری سائنسوں کی طرح یہ سائنس بھی مجھے کبھی سمجھ نہیں آئی۔۔۔

کہیں آپ یہ نہ سمجھنا شروع کردیں کہ میں ہرکام میں ہی کنجوس ہوں اس لئے وضاحت کیے دیتا ہوں کہ لفظ خرچ کرنے کے معاملے میں، میرا ایک ہی ثانی ہے (بلکہ وہ اول ہے میں ثانی ہوں)۔ میں اتنی فضول خرچی سے لفظ بولتا اور لکھتا ہوں جیسے ہمارے حکمران قومی خزانے سے کبھی عمرے کرتے ہیں اور کبھی مجرے سنتے ہیں۔ 'الفاظوں' کے معاملے میں کوئی ایسی مثال نہیں کہ میں نے کبھی جزرسی کی ہو، جو بات ایک فقرے میں کہی یا لکھی جاسکتی ہو، میں اس پر تین تین گھنٹے اور چھ چھ دستے کاغذوں کے لگا دیتا ہوں۔ اور جب بات ختم ہوتی ہے تو کوئی مائی کا لعل یا ابا کی بنّو یہ اندازہ نہیں لگاسکتے کہ اصل بات کیا تھی۔۔۔ ایک دفعہ پھر۔۔۔۔ ہیں جی۔۔۔۔
Comments
31 Comments

31 تبصرے:

بدتمیز نے فرمایا ہے۔۔۔

یار یہ بچوں والی عورتوں‌کی خوب کہی۔ ان کی بس ایک ہی ڈیمانڈ‌ہے۔ آنٹی مت کہو نہ :twisted: میرا خیال ہے میں ایک کو بے بی کہنا شروع کر دوں مگر آپنے کاں صاب اندر نہ ہو جائیں کہ بچی کے ساتھ آہو۔ :twisted:

عمر احمد بنگش نے فرمایا ہے۔۔۔

وہ پول کدھر ہیں‌جو تم کھولنے جا رہے تھے؟‌ :???:

عثمان نے فرمایا ہے۔۔۔

سر جی۔۔
پول پوری طرح نہیں‌ کھلے۔ اندرونی باتوں کا پوری طرح پتا نہیں‌ لگ سکا۔
تحریر ادھوری ہے۔ :sad:
دوسری قسط کا انتظار ہے۔
آہو۔۔

افتخار اجمل بھوپال نے فرمایا ہے۔۔۔

ٹوتھ پيسٹ کی ٹيوب جب سے پلاسٹک کی بنی ہے سب صارفين نقصان برداشت کر رہے ہيں
ديکھئے جی آپ چچا کے شعر کو مت مروڑيئے ۔ شعر يہ تھا
ميرا مزاج لڑکپن سے عاشقانہ ہے
ويسے عشق والی بات ميری سمجھ سے باہر ہے کہ ميں اس کوچے ميں گيا ہی نہيں
ويسے ميں بہت ڈرپوک ہوں مگر ميں نے بڑے بڑے سانپ بھی مارے ہيں مگر دو ٹانگوں والے زہريلے سانپ جو ہمارے ملک ميں پھُنکاتے پھرتے ہيں ان سے ميری جان جاتی ہے
عورتوں کی سئنس سمجھنے کی کوشش کی تو گئے کام سے ۔ ۔ ۔
يہ بندہ جس کا نام ع سے شروع ہوتا ہے مگر شروع ب سے کرتا ہے ۔ مجھے ڈر ہے کہ ع کے ہاتھ چڑھ گيا تو اس کی خيريت نہيں

Tawarish Moskovich نے فرمایا ہے۔۔۔

:shock:
:evil:

بدتمیز نے فرمایا ہے۔۔۔

اجمل انکل اب کے میں نے ع کا نہیں ا کا کہا :razz:

عادل بھیا نے فرمایا ہے۔۔۔

بہت خوب! لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ تحریر ادھوری ہے اور ہمیں اگلی قسط کا انتظار رہے گا۔ کیونکہ کسی کے پول سن کر مزہ جو بہت آتا ہے :lol: بقول جعفر بھیا کے۔ ;-)

جاہل اور سنکی، جہالستان نے فرمایا ہے۔۔۔

ہوا بھرنا اور دوھنا بھی ؟ فیول ابھی بھی بائسڈ ہے جی ۔
نیوردیلیس اٹس امپریسیو اسٹریٹیجی ۔

خاور نے فرمایا ہے۔۔۔

یه بندھ جس کا نام ع سے شروع هوتا ہے لیکن ب سے شروع کرتا ہے ناں
جب عورت کے ہتھے چڑھا ناں تو پہلے ہنس دے گا پھر رو دے گا
پرانی کہانیوں کی طرح
اس کو جب معلوم هو گا ناں که عورت کے چلتر کیا هیں اور
مرد کو اس کے احساس ذمه داری میں باندھ کر کیسے مارتی ہے تو اس کو هاسا بھول جائے گا
اور جو غیر ذمه دار هوتے هیں ناں ان کی عورت سہلیوں ميں گلے کرتیں هیں گھر میں خدمت
وھ وارث شاھ نے لکھا تھا ہیر میں
وارث شاھ میاں جدوں رن مہربان هوندی
ٹھوٹھا بوّل والا اگے ڈانوندی اے
بوّل براز کا تو اپ کو معلوم هی هوگا؟؟

منیر عباسی نے فرمایا ہے۔۔۔

وہ کیا کہا کسی نے کہ

بڑا شور سنتے تھے پہلو میں دل کا ۔۔۔

وہ والی بات ہوگئی۔

اگر صرف اپنے بلاگ پر حاضری لگانے کے خیال سے لکھا تو اچھا لکھا ۔ اگر واقعی میں‌اپنے بارے میں ‌بتانے کو لکھا تو ۔۔۔۔ :roll:

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

میرے پیارے دوستو اور قابل احترام بزرگو۔۔۔
میں‌اتنا بھی بھولا نہیں۔۔۔ ہیں جی۔۔۔ :mrgreen:
::بدتمیز:: :grin:
::عمراحمدبنگش:: غور کر ذرا، پول کھولے تو ہیں، اب تو انہیں میرے سمجھ یا کسی اور کے۔۔۔ یہ تیری اپنی مرضی پر منحصر ہے۔۔۔ ;-)
::عثمان:: آپ کے لئے بھی شروع کا اعلان اور عمر لالے کو دیا گیا جواب کفایت کرے گا۔۔۔ :grin:
::افتخار اجمل بھوپال:: ہاں‌جی بالکل جائے گا کام سے۔۔۔ اور اس کی تو خواہش بھی یہی ہے کہ وہ جلد سے جلد کام سے جائے۔۔۔ ;-) :lol:
::طوارش ماسکووچ:: دل برا نہ کریں۔۔۔ ہوجاتا ہے کبھی کبھی وشواس گھات۔۔۔ :mrgreen:
::عادل بھیّا:: ارے میرے پیارے بھیّا۔۔۔ بات پوری ہوجائے تو ختم ہوجاتی ہے، اس لئے ادھوری ہی اچھی ہے کہ چلتی رہے۔۔۔ کیا خیال ہے۔۔۔ :cool:
::جاہل اور سنکی:: آپ کی آئی ایس آئی بالکل غلط رپورٹیں دیتی ہے آپ کو۔۔۔ میرے بارے انہوں نے شاید یہ بتایا ہے کہ اس بندے کو انگلش آتی ہے۔۔۔ ایسی کوئی بات نہیں۔۔ یقین کریں۔۔۔ :mrgreen:
::خاور:: معاشرتی علوم کا ایک اور سبق۔۔ :grin:
::منیر عباسی:: ڈاکٹر صاحب، آپ نے مجھے پہچاننے میں‌بڑی غلطی کری۔۔۔ میں‌ آپ کو ایسا بندہ لگتاہوں۔۔۔ جواپنے پول خود ہی کھولے۔۔۔ اس پوسٹ کو آپ ۔۔۔روندی یاراں‌نوں‌لے لے ناں پراواں دے۔۔ کے زمرے میں‌بھی ڈال سکتے ہیں۔۔۔ :lol: :grin: :mrgreen:

یاسر خوامخواہ جاپانی نے فرمایا ہے۔۔۔

مجھے آپ لوگوں کی پوسٹ اور تبصروں کی سمجھ آنا شروع ھو گیا ھے۔سوچ رہا ھوں۔میں تعلیم یافتہ وہ بھی ڈگری والاھو گیا ھوں۔یا پھر گروہ بندی کا شکار :sad: :sad: :sad:

ضیاء الحسن نے فرمایا ہے۔۔۔

صرف آخری لائں سمجھ میں آئی کہ کچھ سمجھ نہیں آئی :shock:

ڈفر - DuFFeR نے فرمایا ہے۔۔۔

ثانی کے ساتھ ساتھ اول کی کھُل کر وضاحت کی جائے
مطلب بھائیوں کے نام بتائے جائیں یار خود بخود ٹریک بیک کر لیے جائیں گے :mrgreen:
یار تیرا بیڑا تر جائے، ہوش سنبھالنے سے بھی پہلے مِسوں کے عشق میں مبتلا ہونے پر ایک پوسٹ لکھنے کا ارادہ تھا میرا ;-)

محمداسد نے فرمایا ہے۔۔۔

جس شدت سے دوسروں کے پول کھولے جاتے ہیں اس شدت سے تو آپ نے اپنے پول کھولے ہی نہیں :roll: ۔ یہ تو بھئی سراسر دھاندلی ہے جو کہ تحریر میں موجود چند خامیوں کے علاوہ ایک اور خامی ہے۔ ان تمام سے یہ پتا چلتا ہے کہ آپ اسمبلی میں بیٹھنے کے لیے اہل ہیں :razz: ۔ بس تھوڑا ایکسپیرینس اور ڈگری وغیرہ چاہیے :smile:

شاہدہ اکرم نے فرمایا ہے۔۔۔

جعفر
وُہ الگ باندھ کے رکھا ہے جو مال اچھا ہے
یعنی ایسا کیُوں لگ رہا ہے کہ ابھی تو کُچھ بھی نہیں کہا گیا اور جو نہیں کا گیا وُہ کافی ضرر رساں ہے
ہاں ویمن کالج والی بات بہُت مزے کی ہے ،،،، :lol: :lol: :lol: :lol:

جاہل اور سنکی، جہالستان نے فرمایا ہے۔۔۔

ہو بھی سکتا ہے کہ آپ قسم تڑوانے میں ایک دفعہ پھر ناکام ہو جائیں ۔ ہیں ویسے آپ کامیابی کے قریب ہی ۔

عمران اشرف نے فرمایا ہے۔۔۔

نہیں جناب نہیں!! مزید پول بھی ھوں گے۔ آپ ڈنڈی مار گئے ھیں :razz:

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::یاسر:: آپ کچھ نہیں‌ہوئے، بس آپ کی عقل داڑھ نکل آئی ہے۔۔۔ ;-)
::ضیاءالحسن::‌ سرجی تسی کبسہ ذرا ہتھ ہولا رکھ کے کھایا کرو۔۔۔ زیادہ مرغن کھانے سمجھ پر منفی اثرات مرتب کرتےہیں۔۔۔ وزارت ہلاگلا۔۔۔ :mrgreen:
::ڈفر:: دیکھا جو تیر کھاکے۔۔۔آہو۔۔۔ :grin:
یار یہ چکر کیا ہے؟ اتنے چھوٹے بچے مسوں پر کیسے عاشق ہوجاتےہیں؟ تو ذرا نکال اپنی معاشرتی علوم کی گائڈ اور اس پر سرچ لائٹ سے روشنی ڈال۔۔۔ بھائیوں‌اور یاروں کے نام تو یار 'انڈر سُٹڈ' ہیں۔۔۔ :mrgreen:
::محمد اسد:: اپنے اصلی پول میں آپ بیتی میں کھولوں گا جو میرے وفات پانے کے ڈیڑھ ہزار سال بعد چھپے گی۔۔۔ :grin: ناں‌جی میں‌نہیں‌جاسکتا اسمبلی میں۔۔ ۔میری ڈگری اصلی ہے۔۔۔ :mrgreen:
::آپی:: :grin:
::جاہل اور سنکی::‌ ;-)
::عمران اشرف::‌ پول تو بہت ہیں جی، اتنے پول ہیں‌جتنے کسی ضمنی الیکشن میں‌واپڈا والے دیہات میں پھینک جاتے ہیں کہ بجلی آرہی ہے۔۔۔ اور پولنگ کے بعد اٹھا کے لے جاتے ہیں۔۔۔ :grin:

وقاراعظم نے فرمایا ہے۔۔۔

یہ آپ نے اپنے پول کھولے ہیں یا کسی اور کے؟ بہر حال جو بھی ہے کچھ خاص نہیں کھولے۔۔۔شدید مایوسی ہوئی ہمیں۔ :sad:

جاویداقبال نے فرمایا ہے۔۔۔

السلام علیکم ورحمۃ ربرکاتہ،
واقعی عورتوں کی بات توخوب کہی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ :lol:

والسلام
جاویداقبال

حجاب نے فرمایا ہے۔۔۔

یہ کوئی پول ہیں ؟؟بزدل ہیں تو ڈرتے کس چیز سے ہیں ؟؟ اور ٹوتھ پیسٹ کے ساتھ میں بھی ایسا ہی کرتی ہوں :oops:

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::وقار اعظم:: اسے آپ پول کھولنےکی نیٹ پریکٹس کہہ سکتےہیں، ہوسکتا ہے کہ جلد ہی اصل میچ بھی کھیلا جائے ;-)
::جاوید اقبال:: وعلیکم السلام۔۔۔ ویسے بھائی جان عورتوں کے متعلق بات پر مرد ٹوتھ پیسٹ کا اشتہار کیوں بن جاتے ہیں۔۔۔ :grin:
::حجاب::‌ اب بزدلی کی اس سے بڑی مثال کیا ہوگی کہ میں پول کھولنے سے ڈر گیا؟ ہیں جی۔۔۔ :grin: تو اس کا مطلب ہے کہ ٹوتھ پیسٹ والا پول ہمارا مشترکہ پول ہے۔۔۔ :lol:

امتیاز نے فرمایا ہے۔۔۔

یار تیرے تبصرہ خانے میں جگہ ہی نہیں بچی لکحوں کہاں ، خیر آخری والی عادت میرے منیجر سے بیت ملتہ ہے ، تو اچحا منیجر بنے گا بڑا ہو کر ،

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::امتیاز:: بسم اللہ جی، شاہ جی، ہمارے دل میں‌تو بڑی جگہ ہے ناں‌جی آپ کے لئے۔۔۔ وہیں لکھ دیں‌جو لکھنا ہے۔۔۔
مینجر تو بنتا ہے وہ بندہ ہے جسے کوئی کام نہ ؔتا ہو، صرف باتیں‌ کرنی ؔتی ہوں۔۔۔ تو اس طرح میرے بارے ؔپ کی پیشینگوئی بالکل درست ہے۔۔۔ :grin:

ام ایمن نے فرمایا ہے۔۔۔

ویسے اپنے بارے میں اتنا کڑوا سچ کم ہی لوگ بتاتے ہیں۔

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::ام ایمن:: خوش آمدید :smile:
اصلی والے سچ تو ابھی میں نے بتائے ہی نہیں اور وہ کڑوے نہیں، بلکہ کھٹے ہیں :grin:

Faheem wali نے فرمایا ہے۔۔۔

A very nice one but u have only disclosed ur self to the extent of ur pocket,what about the other body parts,i really enjoyed it

کوثر بیگ نے فرمایا ہے۔۔۔

بہت خوب لکطا مگر تشنگی باقی ہے.مزید کا انتظار رہے گا. پیسٹ والی بات سے کنجوس کہا جائے تو مجهے مہا کنجوس کہہ سکتے ہیں کیونکہ میں تو آخر میں ٹیوب کے گلے پر چاقو چلا کر تین بار کا پیسٹ نکال لیتی ہوں
...باقی پوالوں کے منتظر ہیں بے چینی سے آپ کو حود ہی پتہ ہے دوسرو ں کی باتوں کے سنے کا شوق میری طرح سب کو ہوتا ہے ...

MAniFani نے فرمایا ہے۔۔۔

ہیں جی۔ آپ کی چڑیا کی چوں چوں پوری کیوں نہیں ہوءی، دانہ دنکا ڈالئے۔ تا کہ پھر پھر کر سکے اچھی طرح

خرم ابن شبیر نے فرمایا ہے۔۔۔

میں نہیں مانتا ، میں نہیں جانتا

تبصرہ کیجیے