ایک انتخابی تقریر

میرے بزرگو، دوستو، ساتھیو، تائیو، چاچئیو، پھپھڑو، خالوؤ ۔۔۔ (یہاں ایک وقفہ لے کر لمبا سانس لیں) السلام علیکم۔ (مجمع کے وعلیکم السلام کہنے کا انتظار کریں، اگر مجمع چپ رہے تو ان کو خود ہی گناہ ہوگا!) میں آج آپ کی خدمت میں پھر حاضر ہوا ہوں۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ منظر نامہ کے بہترین نئے بلاگ کے لئے ووٹنگ کی کل آخری تاریخ ہے۔ اس تاریخی موقع پر میں آپ کی خدمت میں چند ہوش ربا انکشافات کے ساتھ حاضر ہوا ہوں۔ (یہاں ایک چھوٹا سا وقفہ لے کر گلے کا والیم فل کھول دیں) میرے بھائیو، آپ جانتے ہیں کہ یہ (سینے پر ہاتھ مار کر) بک تو سکتاہے، جھک بھی سکتا ہے، لیکن کٹ نہیں سکتا! میری ہی قربانیوں سے آج بلاگستان کا نام پوری دنیا میں روشن ہے۔ (یہاں لہجے میں تھوڑی سی رقت لائیں) پوسٹیں لکھ لکھ کر میری انگلیاں سوا سوا انچ گھس چکی ہیں۔ مسلسل جاگنے کے سبب میرا منہ, فٹے منہ ہوچکا ہے۔ لیکن میرے دوستو! مجھے اپنی کوئی پرواہ نہیں، میں اس بلاگستان کے لئے اپنی جان بھی قربان کرسکتا ہوں (اپنی شرٹ کے بٹن جھٹکے سے توڑ ڈالیں، اگر تالیاں بجیں اور نعرے لگنے لگیں تو مکے لہرانا شروع کردیں ورنہ ٹھنڈ رکھیں!)۔

میرے مقابلے میں جن بلاگرز نے الیکشن لڑنے کی ٹھانی ہے، میں نہایت احترام سے ان کے کرتوت بھی آپ کے سامنے لانا چاہتاہوں (لہجے میں پراسراریت سی پیدا کریں)۔ ایک بی بی ہیں، عنیقہ ناز۔ آج میں آپ کو بتادینا چاہتاہوں کہ یہ بی بی اپنی تحاریر مجھ سے ٹھیکے پر لکھواتی تھیں اور فی تحریر پونے تیرہ روپے دیتی تھیں۔ میں بھی زیادہ پیسے کمانے کی چکر میں دھڑا دھڑ ان کو تحاریر لکھ کر دیتا رہا ، اسی لئے ہر روز دو دو پوسٹیں ان کے بلاگ پر لگتی رہی ہیں (داد طلب انداز سے مجمع کی طرف دیکھیں)۔ جب میں نے ان سے کہا کہ حق محنت میں کچھ اضافہ کریں تو انہوں نے مجھے لندن سے دھمکی آمیز فون کروائے (مظلومیت طاری کریں)۔ میرے چھوٹے چھوٹے دوست ہیں(دھیان رکھیں کہیں چھوٹے چھوٹے بچے نہ کہہ دیں) لیکن میں ڈرا نہیں۔ اب انہوں نے میرے خلاف ایک اور سازش کی ہے (ایک کاغذ لہرائیں) یہ دیکھئے رابطہ کمیٹی کا سرکلر، جس میں کارکنان کو کہا گیا ہے کہ ایک ایک بندہ ۲۰ ای میل ایڈریس بنائے اور عنیقہ ناز کو ووٹ دے۔ لیکن میں بتا دینا چاہتا ہوں، اگر اس الیکشن میں، میرا بلاگ کامیاب نہ ہوا تو ہم نتائج تسلیم نہیں کریں گے۔ اصلی جمہوریت وہی ہوگی جس میں ہم کامیاب ہوں (والیم پھر فل کردیں)۔

دوسرے بلاگر خرم بھٹی صاحب ہیں۔ ان کے بارے میں تو ہر بات اظہر من الشمس ہے۔ ساتھیو (لہجے میں طنزیہ انداز لائیں) جو امریکہ میں رہتا ہو اور وہیں کام بھی کرے تو آپ سمجھ سکتے ہیں کہ وہ کس لابی کے زیر اثر ہوگا؟؟؟؟ ہیں جی۔۔۔۔ یہ کالا پانی اور اے بی سی ڈی ایف وغیرہ جتنی بھی ایجنسیاں ہیں، انہی صاحب کی مخبری پر میرے خلاف پاکستان میں لائی گئی ہیں، تاکہ میرا بلاگ ہیک کرکے اس پر اعجاز حشمت خان، نذیر ڈھوکی، ظہیر اختر بیدری اور خوشنود علی خان وغیرہ کے کالم چھاپے جائیں، طالبان کا نام تو ایک سموک سکرین ہے، ایک دھوکہ ہے، ایک فراڈ ہے۔ اصل میں تو یہ لوگ اس الیکشن کو انجینئرڈ کرنے آئے ہیں۔ لیکن میں ایک بات واضح کردینا چاہتا ہوں، جتنی چاہے سازشیں کرو، جعلی ووٹ بناؤ، دھمکیاں دلواؤ، چاہے میرا بلاگ ہیک ہوجائے لیکن آپ کا یہ بھائی (چھاتی پر ہاتھ ماریں) میدان نہیں چھوڑے گا۔ لڑے گا، لڑے گا، لڑے گا۔۔۔۔ (نعرے لگاتے ہوئے سٹیج سے اتریں) جیوے جیوے بلاگستان ، جیوے جیوے بلاگستان، جیوے جیوے ۔۔۔۔۔

(پیروڈی نما مزاح لکھنے کی کوشش کی گئی ہے، اسے اسی جذبے سے پڑھا جائے، کسی کی ہتک, واللہ, مقصود نہیں!!!)
Comments
35 Comments

35 تبصرے:

خرم نے فرمایا ہے۔۔۔

اوئے جعفر ۔۔۔ شش۔۔۔ ادھر آ میرے یار۔۔۔۔ کان ادھر لا۔۔۔ "چھوڑ یار اس سب کچھ کو۔اگر امریکی گرین کارڈ کا کوئی چانس بنا دوں تو؟؟؟ کیا خیال ہے؟؟؟ یہ انتخاب وغیرہ تو ہوتے رہیں گے ۔۔۔ لائف کی سوچ میرے بھائی ;-) پھر چلاؤں کہیں‌بات؟؟ "

منیر عباسی نے فرمایا ہے۔۔۔

آپ بھی زرداری کی طرح بہت دیر کر جاتے ہیں۔ اب دیکھئے نا میرا ووٹ تو کب کا حقدار کو مل چکا۔ !!!

کیا برا ہوتا اگر یہ رقت آمیز تقریر کچھ دن پہلے کر دیتے؟

خرم:: جعفر نے تو علی الاعلان آپ کو رگیدنے کی کوشش کی ہے۔ گرین کارڈ اس پر ضائع نہ کریں۔

میں‌ہوں‌نا ۔۔۔ :mrgreen: :mrgreen: :mrgreen:

Aniqa Naz نے فرمایا ہے۔۔۔

کم از کم آپکی وابستگی تو پتہ چلی۔ عوام جانتے ہیں کہ کون ہے جو حکومت میں نہ ہو تو کیسی بھی حکومت ہو جمہوری نہیں ہوتی۔
ویسے شکریہ، اس بہانے میری ریپوٹیشن تو بہتر ہوگی۔ لوگو، یہ سچ کہہ رہے ہیں۔ بس لندن والی بات یوں ہی پینگ میں کہہ دی ہے۔ آپکو تو پتہ ہے میں خود اپنی ذات میں لندن آں۔

افتخار اجمل بھوپال نے فرمایا ہے۔۔۔

آپ جیت گئے ۔ سُن نہیں رہے لوگ نعرے لگا رہے ہیں "جعفر آوے ای آوے"

میرا پاکستان نے فرمایا ہے۔۔۔

کیا تقریر ہے جناب، اگر اب بھی آپ نہ جیتے تو پھر ہم سمجھیں گے ووٹر نابینے ہیں۔

اسماء پيرس نے فرمایا ہے۔۔۔

تينوں حوصلہ رکھو ويسے تم تينوں لوگ ملکر ميثاق بلاگ طے کر لو يا کوئی ايک امير پارٹی باقی دو کو بٹھا کر بلا مقابلہ منتخب ہو جائے تو ہی اصل مزہ آئے اليکشن کا ، ميں اسی ليے تو اپنا بلاگ نہيں بناتی کسی مقابلے ميں ہار گئی تو مدمقابل کو يا اسکے اڑوس پڑوس ميں سے کسی کو اپنی جان سے ہاتھ نہ دھونا پڑ جائيں ميرے بزرگوں نے تو مجھے يہی سکھلايا ہے بھلے خرم شہزاد سے پوچھ ليں ہارنے والی پارٹی کو اگر غنڈے چائيں تو يہ سروس بھی ميں مہيا کر سکتی ہوں بلا معاوضہ

اسماء پيرس نے فرمایا ہے۔۔۔

ايک سٹوپڈ سوال کمپيوٹر ميں نل ہونے کی وجہ سے پوچھ رہی ہوں کہ ووٹ دے کر اس پر send کا آپشن نہيں ہے کيا يہ ايسے ہی چلتا ہے ؟

محمداسد نے فرمایا ہے۔۔۔

واہ جی! آپ تو ویسے ہی چھا گئے۔ بس ذرا کھپے والا نعرہ ہوجائے ۔ ۔ ۔ :razz:

اور خرم تو این آر او پر بھی راضی ہوگئے :grin:

عمر احمد بنگش نے فرمایا ہے۔۔۔

باآلاخر تو بھی سیاستدان بن ہی گیا عربوں‌میں‌جاکر۔۔۔۔۔۔۔ :mrgreen:
آوے ہی آوے، لتر کھاوے ہی کھاوے۔۔۔۔۔۔۔ :mrgreen:

خرم شہزاد خرم نے فرمایا ہے۔۔۔

السلام علیکم جعفر بھائی کمال کر دیا ہے آپ نے مجھے بھی ایک تقریر یاد آ گی جس میں آپ نے اس سے بھی زیادہ کمال کیا تھا
ایک دفعہ جعفر بھائی تقریر کر رہے تھے انداز کچھ یوں تھا
''آواز کو اونچا کر کے'' لوگ مجھے کہتے ہیں میں مغرور ہوں میں کسی سے بات نہیں کرتا لوگ کہتے ہیں میں اپنے سے کمتر سے بات نہیں کرتا "تھوڑا رک کر اور آرام سے" آپ خود سوچو اگر میں ایسا ہوتا تو آپ جیسے لوگوں کے سامنے تقریر کرتا آپ سے ووٹ مانگتا :razz:


خرم بھائی کا بھی جواب کمال کا ہے مزہ آیا پڑھ کر


اسماء آپی کی باتوں کا بُرا نا مانے جناب بس یہ کچھ جزباتی سی ہیں بس ایک عدد بندہ تو یہ ناشتہ سمجھ کر پھڑکا جاتی ہیں :lol:

خاور نے فرمایا ہے۔۔۔

پھٹے چک دتتے نے جی تساں تے
رائج الزمانه تقریر ہے
سارےپاک سیاستدان اور ان کے چمچے کڑچھے ایسی هی باتیں کرتے هیں
یهاں جاپان میں موٹا پداں والا بھی ایسی هی باتیں کرتاهے

کنفیوز کامی نے فرمایا ہے۔۔۔

نہ کوئی گولڈن کپ نہ کوئی پیتل دا میڈل نہ کوئی کھردرے کاغذ دا شہادہ نہ امریکہ دا نان ریٹرن ٹکٹ نہ پانج دس لاکھ دا نقد چیک انعام نہ نکر والا پلاٹ نیلے ایریے وچ
اوے کادا رولا پایا ہویا ای
کچھ حاصل نہیں ہونا چند مرد چند مرد نما عورتاں اور چند عورتیں ان میں مشہور ہو کے کچھ نہیں ملنے والا
اوے باز آ جا کیوں ساڈی بیستی کرواویں گا
اے سارے مزے لین والے نیں ھوش کر بھراوا :shock: :roll:

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::خرم:: شششش ۔۔۔ آہستہ بولیں۔۔۔۔ ٹھیک ہے پھر، میں ایسا کرتا ہوں، آپ کے حق میں دست بردار ہوجاتا ہوں۔۔۔ ویزا کب تک مل جائے گا۔۔۔اگلی جمعرات تک امید رکھوں۔۔۔ میرا بڑا دل کرتا ہے کہ امریکہ کے لادین اور بے راہ رو معاشرے کو سیدھی راہ دکھاؤں‌۔۔۔ اللہ آپ کو جزائے خیر دے۔۔۔ اور یہ ڈاکٹر صاحب کے باتوں میں نہ آئیں، ایک تو ان کی داڑھی ہے پھر پختون ہیں، ان کو تو ویسے ہی ویزہ نہیں‌ملے گا، آپ مفت میں بلیک لسٹ ہوجائیں گے۔۔۔ ہیں جی۔۔۔۔ :mrgreen:

ڈفر نے فرمایا ہے۔۔۔

:mrgreen:
عمدہ تقریر ہے جی
اس کے بعد ووٹ تو ملیں‌ ہی ملیں
لیکن ہوشمند ووٹر آپ کی تقریر کے ایک حصے کو اپنی نئی نسل کے لئے خطرہ سمجھ سکتے ہیں ;-)

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::منیر عباسی:: مجھے زرداری سے ملا کر آپ زرداری کی کریڈیبلٹی بنانے کی کوشش نہ کریں۔۔۔ :mrgreen: اور آپ کے ویزے کی امیدوں‌کا مکو میں‌ نے ٹھپ دیا ہے :grin:
::عنیقہ ناز:: مجھے یقین ہے کہ یہ تبصرہ آپ نے بہت خوشگوار موڈ میں کیا ہے :cool:
::افتخار اجمل بھوپال:: میرے کانوں تک تو یہ آواز آرہی ہے کہ "جعفر نہ کھپے" :lol:
::میرا پاکستان:: :lol:
::اسماء:: سب سے پہلے تو یہ کہ آپ کا نام "اسماء پیرس" پڑھ کر مجھے ہر دفعہ لگتا ہے کہ آپ کے شوہر کا نام پیرس خان تو نہیں ۔۔۔ :lol:
نہ جی اگر کراچی کی پارٹی جیت گئی تو آپ کے غنڈے ان کے خلاف کیا کرلیں گے۔۔۔ ان کے پاس تو ہر سائز کی بوری بھی ہوتی ہے۔۔۔ ہیں جی۔۔۔ مجھے تو بے موت مروادیں گی۔۔۔ :mrgreen:
اور یہ میثاق بلاگ خوب ہے۔۔۔ :grin:
جی سینڈ کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ آپ اپنے لنک سے سائن ان ہوئی تھیں، ووٹ کریں اور لاگ آؤٹ کردیں۔۔۔
::محمد اسد::‌ چلیں ایک اور ووٹ تو پکا ہوا۔۔۔ ;-)
::خرم شہزاد خرم:: یہ میری نہیں‌بلکہ مشرف کی تقریر کا اقتباس دے دیا ہے آپ نے۔۔۔ :roll:
::عمر احمد بنگش:: نہ لالے۔۔۔ اگر آگیا تو لتر تو قوم ہی کھاتی ہے ہردفعہ۔۔۔ میرا تو این آر او ہوجائے گا اور باقی زندگی میں سوئٹزر لینڈ میں‌ اللہ کی یاد میں گزار دوں گا۔۔۔
::خاور::‌ مہربانی جی۔۔۔ اور شکریہ بھی اور نوازش بھی۔۔۔ :smile:
::کامی::‌ نہ جی۔۔۔ ایک ویزے کی آفر تو آگئی ہے، بس ویکھی جاؤ۔۔۔ اگے اگے ہندا کیہ اے۔۔۔ :mrgreen:

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::ڈفر:: او تیرا بیڑا تر جائے۔۔۔ بڑی عقابی نظر ہے یار تیری۔۔۔ :mrgreen:

Aniqa Naz نے فرمایا ہے۔۔۔

صرف ایک بات پوچھنی تھی۔ ہمارے درمیان جو آخری ڈیل ہوئ تھی۔ اس میں تو بارہ روپےساڑھے سڑسٹھ پائیاں فی تحریرطے ہوئے تھے۔ یہ آپ نے پونے تیرہ کیوں لکھ دئیے ہیں۔

ابوشامل نے فرمایا ہے۔۔۔

او یار کمال کی تحریر ہے۔ ایسی تحریر کی توقع صرف جعفر سے کی جا سکتی ہے۔ چلو بچے تمہارے کچھ ووٹ تو پکے ہوئے۔ ویسے جعفر اور ڈفر کے علاوہ کسی اور نامزد بلاگر میں ہمت نہیں ہے کہ اتنے دھڑلے سے ووٹ مانگے۔ سب مروت کے مارے ہوئے ہیں :sad:

ڈفر نے فرمایا ہے۔۔۔

ابو شامل:: نااہلی کو مروت سے تعبیر کر رہے ہیں نا! :mrgreen:

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::عنیقہ ناز::‌ وہ میں‌نے ذرا راؤنڈ فگر کرکے بتائے تھے
::ابو شامل::‌ وہ جی اصل میں‌بات یہ ہےکہ میں‌ایمانداری سے سمجھتا ہوں کہ ایوارڈ کا حقدار خرم یا عنیقہ میں سے کوئی ایک ہے، میں‌تو شامل باجا ہوں۔۔۔
یہ تقریر تو بس اس موقع کی مناسبت سے ذہن میں‌آگئی تھی، لکھ ڈالی۔

حارث گلزار نے فرمایا ہے۔۔۔

تو یعنی کے اردو بلاگز میں بھی جمہوریت نامی شہ پائی جاتی ہے؟؟ پھر تو یقیناّ امریکی بلاگ، انڈین بلاگ وغیرہ وغیرہ بھی ہونگے، اور ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف جیسے ادارے بھی ہونگے؟؟ یعنی کے اپنا چانس لگ سکتا ہے؟ ہیں جی؟ جعفر بھائی کوئی ٹکٹ شکٹ مل جائے گی گورے قبرستان کی سیٹ سے؟

اسماء پيرس نے فرمایا ہے۔۔۔

آپ کو اور آپکے اہل خانہ کو نيا سال مبارک

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::حارث گلزار:: :lol: :lol:
::اسماء:: میری بھی نیک تمنائیں قبول کریں۔۔۔

شعیب صفدر نے فرمایا ہے۔۔۔

لو جی ووٹ‌تو میں‌دوں‌گا ہی!‌جمہوریت کا کا اپنا ہی مزا ہے!
تو ووٹ‌ کے کتنے ملے گے؟؟؟؟
آپ کے اور میرے پاس بہت وقت ہے سودے کا!
:smile:

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::شعیب صفدر:: وکیل صاحب، آپ کو چھ روپے فی پوسٹ لکھ کے دے سکتا ہوں۔۔۔
چلے گا۔۔۔۔۔ :mrgreen:

اسید نے فرمایا ہے۔۔۔

لاجواب تقریر ہے، مگر ڈفر بھائی کا کیا قصور تھا ان کا بھی راز کھول دیتے تو بہتر تھا، وہی وال راز۔۔۔۔۔ ۔

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::اسید:: ڈفر کے راز اگلے سال کھولے جائیں گے بشرط زندگی۔۔۔ ;-) :mrgreen:

فرحان دانش نے فرمایا ہے۔۔۔

اس تقریر میں کسی نے نعرے بازی کیوں نہیں کی ؟؟؟ :oops:

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

سامعین گونگے تھے اس لئے :mrgreen:

Aniqa Naz نے فرمایا ہے۔۔۔

اسید آپ نے فارسی کا وہ محاورہ نہیں سنا جس میں نزلہ کمزور عضو پہ گرتا ہے۔
جعفر، یہ اپنی انتخابی تقریر میں دوسروں کی مہم کیوں چلادی۔ نہ ، نہ اپنی جگہ جمے رہیں ایسا کیا آخری وقت پہ میدان چھوڑنا۔ سنا نہیں ہمت مرداں مدد خدا۔

ابن سعید نے فرمایا ہے۔۔۔

اف میرے خدا یہ تحریر میں‌نے آج دیکھی وہ بھی اتفاقاً ماورائی گردش کرتے ہوئے۔ واللہ جس دن تحری شائع ہوئی تب میں نے عنوان دیکھ کر پاکستانی سیاست سے متعلق سمجھا اور یوں صرف نظر ہو گیا۔

خیر ابھی رائے شماری جاری ہے کیوں کہ منظرنامہ نے اس کی مدت بڑھا کر 10 جنوری کر دی تھی۔ اور ہاں جن لوگوں کو لگتا ہے کہ ان سے ووٹ دینے میں کوئی غلطی ہوئی ہے اور وہ اپنی رائے پر نظر ثانی کرنا چاہتے ہیں تو وہ اپنی ای میل میں موصول ربط کے ذریعہ رائے شماری کے آخری دن تک کبھی بھی تبدیلیاں کر سکتے ہیں۔ آپ کی آخری رائے ہی شامل دفتر ہوگی۔

ان شاء اللہ رائے شماری کی مدت تمام ہونے سے قبل ایک بار سبھی کو نظر ثانی کی بذریعہ ای میل یاد دہانی کرائی جائے گی۔

اور جعفر بھیا آپ نے اس مراسلے کا ربط اپنے اشتہار میں شامل کرنے کو کیوں نہیں‌کہا؟ حکم ہو تو ابھی شامل کر دوں؟

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::عنیقہ ناز:: اس محاورے میں بہت بڑا تکنیکی خلا ہے۔۔۔ اگر عورتیں ہمت کریں تو کیا خدا کی مدد شامل نہیں‌ہوتی؟؟؟؟؟ :roll:
::ابن سعید::‌ اجی جیسے آپ کا جی چاہے، ۔۔۔ ویسے ایک حوالہ اس میں پاکستانی سیاست کا بھی ہے۔۔۔ کہ ہماری انتخابی تقاریر بھی ایسی ہی ہوتی ہیں۔۔۔

ابن سعید نے فرمایا ہے۔۔۔

جی حضور شامل کر دیا۔

حجاب نے فرمایا ہے۔۔۔

اب تو شائد رزلٹ آ چکا ہوگا اور آپ جیت چکے ہونگے :smile:

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::حجاب:: آپ کا اندازہ درست ہے۔۔۔

تبصرہ کیجیے