"چلیں اب اٹھ جائیں۔ دیر نہ ہوجائے۔" فرشتہ صورت خاتون نے سوئے ہوئے وجیہہ شخص کے گھنے بالوں میں پیار سے ہاتھ پھیرتے ہوئے آہستگی سےکہا۔
"بس دس منٹ اور۔" دھیمی سی ہَسکی آواز میں ہینڈسم نے
کہا اور خاتون کا ہاتھ تھام کے دھیرے سے اسے چوما۔ خاتون شرما گئیں۔ دوپٹہ دانتوں
میں لے کر ہولے سے مسکرائیں۔ ہاتھ چھڑا کر خوابگاہ کی اطالوی کھڑکیوں کے پردے سمیٹ
دئیے۔ صبح کی نرم روشنی پورے کمرے میں پھیل گئی۔ باہر کا نظارہ دلکش تھا۔ سبزہ،
پہاڑ، پرندے، پھول۔ خاتون منظر میں کھو سی گئیں۔ ہینڈسم آہستگی سے اٹھے۔ سلیپنگ
گاؤن کی ڈوریاں باندھتے ہوئے دھیرے سے خاتون کو مضبوط بازوؤں میں سمیٹ کر ان کے
نقرئی گال کو چوم لیا۔ خاتون کے چہرے پر حیا کے رنگ بکھر بکھر گئے۔ کسمسا کر وجیہہ
کے فراخ سینے میں چھپ سی گئیں۔ہینڈسم کے چہرے پر ملکوتی سکون اور محبت ہلکورے لے
رہی تھی۔
سورج اپنی ضیاء پاشیوں کے ساتھ نمودار ہو رہا تھا۔ وجیہہ
جدید فرنچ طرز کے غسل خانے میں داخل ہوئے۔ باتھ ٹب کو نیم گرم پانی سے بھرنا شروع
کیا۔ اس میں شنیل کاباتھ آئل، ارمانی کا سُودنگ پرفیوم ملایا۔ الیکٹرک ٹوتھ برش سے
دانت صاف کرتے ہوئے آئینے میں خود کو دیکھا تو خود ہی شرما سے گئے۔ کیبنٹ سے خاتون
کا مسکارا لے کر ماتھے پر ٹیکا لگایا کہ خود کی نظر ہی نہ لگ جائے۔ دانت صاف کرتے
کرتے ٹب بھر چکا تھا۔ وجیہہ نے سلیپنگ سوٹ اتارا۔ تنو مند بازو اور ابھرا ہوا
مضبوط سینہ دیکھ کر بے ساختہ سبحان اللہ پڑھ کر باتھ ٹب میں آہستگی سے نیم درا ز
ہوگئے۔
نیم گرم خوشبودار خوشگوار پانی نے جیسے جسم سے تھکن نچوڑ کر
توانائی بھردی ہو۔ باتھ ٹب کی سائیڈ پر مختلف بٹن لگے تھے۔ وجیہہ نے ایک بٹن دبایا تو غسل خانے میں نصرت کی
مسحورکن آواز گونجنے لگی۔۔۔ تم اک گورکھ دھندہ ہو۔۔۔
ہینڈسم باتھ ٹب کی خوشگواریت اور نصرت کے سحر میں ایسا
کھوئے کہ وقت گزرنے کا احساس ہی نہ رہا۔ ان کا سحر خاتون نے آکر توڑا۔ سٹیریو کو
آف کرکے انہوں نے ذرا ناراضگی سے ہینڈسم کی طرف دیکھا اور محبت سے بولیں، "اتنی دیر؟ آپ کو کہا بھی
تھا کہ جلدی کریں ورنہ تاخیر ہو جائے گی۔" ہینڈسم نے خاتون کو دیکھا تو اوپر
کا سانس اوپر اور نیچے کا نیچے رہ گیا۔ سوموار کی سہانی صبح، خوشبو سے معطر فضا
اور خاتون کا بے پناہ حسن۔ اشارے سے ان کو باتھ ٹب میں آنے کا کہا۔ خاتون نے انگلی
سے ناں کا اشارہ کیا ۔ پھر انگلی سے ہی باتھ ٹب سے نکلنے کا اشارہ کرکے غسل خانے
سے باہر چلی گئیں۔
غسل سے فارغ ہو کر وجیہہ ڈائننگ روم میں آئے تو میز پر
ناشتہ لگ چکا تھا۔ ابلے دیسی انڈے،شہد، دودھ، دہی، پھل، خشک میوے، بھنے ہوئے
پرندے، دیسی گھی کےپراٹھے، پنیر، چِیز آملیٹ، چنے، نان، سوجی کا حلوہ، کافی، چائے،
فاؤنٹین واٹر۔ دنیا کی ہر نعمت میز پر سجی تھی۔ ہینڈسم ، خاتون کے پہلو میں جا کر
بیٹھ گئے۔ ان کا ہاتھ تھام کر چوما اور ناشتہ شروع کیا۔ ناشتے سے فراغت کے بعد
تیار ہونے کے لئے ڈریسنگ روم میں گئے۔ گہرے نیلے رنگ کی شلوار قمیص، ہلکے نیلے رنگ
کا ویسٹ کوٹ۔ گرے رنگ کی پشاوری چپّل۔ ورساچی کا پرفیوم۔ بلیک رے بان گلاسز۔دائیں ہاتھ میں زمرد کے دانوں کی تسبیح۔
وجیہہ تیار ہو کر
ڈریسنگ روم سے نکلے تو خاتون انہیں دیکھتے ہی بے خود ہوگئیں۔ اتنی وجاہت، اتنا
حسن۔ان کو اشارے سے رکنے کا کہا۔ ان کے پاس جا کر منہ میں کچھ بدبدا کر پڑھا اور
ان کے چہرے پر پھونک ماری۔ پھر انہیں ذرا جھکنے کا کہا اور ان کا ماتھا چوم کر
بولیں۔ "جائیں، اللہ کے حوالے۔"
وجیہہ پورچ میں نکلے تو سارا سٹاف تیار تھا۔ پورچ کی
سیڑھیاں اترتے ہوئے ذرا ٹھٹھکے اور آسمان کی طرف بے نیازی سے دیکھا۔ فوٹو گرافر
تیار تھے۔ چند سیکنڈز میں بے شمار کلکس ہوئے۔ فوٹوگرافرز نے اوکے کا اشارہ کیا تو
ہینڈسم پورچ میں آکر سب سے سلام دعا کرنے لگے۔ فوٹو گرافرز ایک ایک لمحے کو قید کر
رہے تھے۔ مسکراتے ہوئے، سٹاف سے خیر خیریت پوچھتے ہوئے، تسبیح گھماتے ہوئے،
استغراق کے عالم میں، سٹاف کے درمیان راہداریوں میں چلتے ہوئے، چلتے چلتے پہاڑوں
کی طرف دیکھتے ہوئے۔۔۔
یہ ساری مشق تقریبا ایک گھنٹہ جاری رہی۔ فوٹوگرافرز نے کام
ختم ہونے کا اشارہ کیا تو وجیہہ نے طویل سانس لے کر گالف کارٹ لانے کا اشارہ کیا۔
اس میں سوار ہوئے اور رہائش گاہ کی طرف
روانہ ہوگئے۔ پورچ میں خاتون انتظار کر رہی تھیں۔ بے تابی سے ان کی طرف
لپکے۔ ان کا ہاتھ تھام کر چوما اور شتابی سے رہائش گاہ میں داخل ہوئے۔ ویسٹ کوٹ
اتار کر لیونگ روم کی کاؤچ پر پھینکی اور خواب گاہ میں داخل ہوئے۔ پردے کھینچے۔ بستر
پر گرتے ہی آنکھیں موند یں اور مسکرا کر
خود کلامی کی، "بس اب میں تھک گئی۔"