بلاگ شلاگ - (ہفتہء بلاگستان - 3)

اردو بلاگنگ سے میرا تعارف ایک اتفاق تھا۔ یہ اتفاق حسین و رنگین تھا یا غمگین و سنگین، اس کا اندازہ آپ خود لگائیں!
گوگل پر کچھ تلاشتے ہوئے نظر ڈفرستان کے نام پر پڑی تو میں چونکا کہ ہیںںںں۔۔۔ یہ کیا؟ وہاں پہنچا تو پہلے تو سمجھنے میں‌ کچھ وقت لگا کہ یہ ہو کیا رہا ہے۔ تحریر مزیدار لگی۔ عنوان پر کلک کیا تو تبصروں پر نظر پڑی، ان کو پڑھتے ہوئے آخر تک پہنچا تو ایک دھچکا نما خوشی ہوئی کہ میں بھی اس تحریر پر اپنا لچ تل سکتا ہوں۔ اپنا کچھ لکھا ہوا، شائع ہوا دیکھ کر کتنی خوشی ہوتی ہے، پہلی دفعہ علم ہوا!
باقی بلاگروں کا علم بھی وہیں سے ہوا۔ بس پھر چل سو چل۔ ڈفر نے ہی شاید کسی تبصرے کے جواب میں مجھے بلاگ بنانے کی ”اشکل“ دی تھی۔ یہاں پر آکر پاک نیٹ والے عبدالقدوس اس کہانی میں داخل ہوتے ہیں۔ ورڈپریس ڈاٹ پی کے، کے بلاگ پر ”اپنا بلاگ حاصل کریں“ لکھا دیکھا اور بس پھر اللہ دے اور بندہ لے۔
شروع میں میرا خیال تھا کہ شاید یہ سلسلہ زیادہ دیر نہ چل سکے کہ میں‌نے زندہ رہنے کے سوا مستقل مزاجی سےکوئی کام نہیں‌کیا۔ بقول منیر نیازی ”جس شہر میں بھی رہنا، اکتائے ہوئے رہنا“ لیکن اس شہر میں‌ دل ابھی تک لگا ہوا ہے! اس کی وجہ شہر کے رنگ برنگے مکین ہیں، جو آپ کو تپا تو سکتے ہیں لیکن آپ ان سے اکتا نہیں سکتے!
میری بچپن سے منڈلی جمانے کی عادت تھی۔ ملک چھوڑا تو منڈلیاں بھی وہیں‌ رہ گئیں۔ ملک سے باہر، غم روزگار سے ہی فرصت نہیں ملتی، کہ بندہ، غم جاناں کا کچھ بندوبست کرسکے۔ میری یہ کمی بلاگستان نے پوری کردی۔ یہاں آپ جیسی منڈلی چاہیں، جما سکتے ہیں۔ آئنسٹائن کے نظریہ اضافیت کی منڈلی سے استاد مام دین گجراتی کے مشاعرے تک جہاں آپ کا دل چاہے ٹھہر جائیں اور جب آپ کا دل چاہے نو دو گیارہ ہوجائیں۔
میرا بلاگنگ میں آنا کسی عظیم مقصد، نصب العین اور ایسے ہی دوسرے بھاری بھرکم الفاظ جو مجھے اس وقت یاد نہیں آرہے، کی وجہ سے نہیں ہوا۔ اس کی وجہ صرف اپنے ”ساڑ“ نکالنا تھا، جو اگر بندے کے اندر رہیں تو اسے اندر سے ”ساڑ“ دیتے ہیں، اور اندر سے سڑا ہوا بندہ، نہایت خطرناک ہوتاہے! تو آپ کہہ سکتے ہیں کہ میں نے معاشرے کو ایک خطرناک بندے سے پاک کردیا ہے اور یہ بھی کوئی ایسا برا مقصد نہیں!
آخر میں میری دعا ہے کہ اللہ کسی اور بلاگر کو مشہور کرے نہ کرے
مجھے ضرور کردے
مجھے مشہور ہونے کا بہت شوق ہے!
Comments
32 Comments

32 تبصرے:

اسدعلی نے فرمایا ہے۔۔۔

آپ مشہور ھو چکے جناب۔۔۔۔
اچھا لکھا ھے ھیشہ کی طرح۔۔۔

عبداللہ نے فرمایا ہے۔۔۔

دلچسپ :razz:

خرم نے فرمایا ہے۔۔۔

بہت اچھا لکھا ہے جعفر ہمیشہ کی طرح لیکن آخری دُعا میں روندی مار گئے ہو۔ :mrgreen:

میرا پاکستان نے فرمایا ہے۔۔۔

اللہ آپ کو اتنا مشہور کرے کہ ایرپورٹ پر اترتے ہی آپ کی گردن ہاروں کے بوجھ سے جھک جائے۔
ویسے اچھی تحریر ہے۔

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

سب دوستوں کی محبت کا شکریہ
خرم صاحب، فئیر پلے کا لفظ صرف کتابوں میں لکھا ہوا ہی اچھا لگتا ہے ۔۔۔ ;-)
افضل صاحب، اپنی دعا میں‌ ایک سترہویں ترمیم کرکے ہاروں کو ”پانچ ہزار کے نوٹوں کے ہاروں“ سے بدل دیں۔ :grin:
بندہ نہایت ممنون، مشکور، اور بھی جتنے ایسے لفظ ہیں، وہ سب ہوگا۔۔۔ :grin:

DuFFeR - ڈفر نے فرمایا ہے۔۔۔

یار مشہوری تو تیرے دروازے پر کھڑی ہے
لیکن میں تیرے دروازہ کھولنے کی دعا جب کروں گا
جب تو مشہور ہو کر ہمیں نا بھول جایا کرے
اور کبھی کبھار باتوں باتوں میں ہی صحیح‌ہماری بھی مشہوری کر دینے کا وعدہ کرے
بصورت دیگر تجھے ابھی نہیں پتا ”ہم کتنے زہریلے ہیں“ :mrgreen:
http://www.dufferistan.com/?p=897#comment-5848
نہیں ‌پتا تو لوگوں سے پوچھ

اسماء نے فرمایا ہے۔۔۔

ڈفر نے اپنی بڑی مشہوری کی ہوئی ہے مجھے بھی سب سے پہلے اسی کا بلاگ ملا تھا ادھر سے شاہدہ جی کا جن کو ميں پہلے سے جانتی تھی ادھر سے تمہارا اور پھر _ _ _ _ ڈُفر ذمہ دار ہے ہر روز جو ميرے تين چار گھنٹے بلاگوں پر لگتے ہيں بچے اڈيکيں مارتے رہتے ہيں پر مجھ پر اثر نہيں ہوتا،ويسے ميرے گھر والے بہت خوش ہيں وہی اندر کی ساڑ يہاں نکل جاتی ہے وہ بچ جاتے ہيں ويسے يہ بتاؤ تم لوگوں کے بلاگ (اور وہ بھی ايسے ايسے ٹاپک کہ توبہ توبہ استغفار) تمہارے گھر والے بھی پڑھتے ہيں يا يہ ہنر ان سے پوشيدہ رکھا ہے

جاوید گوندل ۔ بآرسیلونا ، اسپین نے فرمایا ہے۔۔۔

یار یہ مشہوری والی بات کچھ درست نہیں اور بقول محترم افضل صاحب ائر پورٹ والی بات تو اور خطرناک ہے۔ آجکل رحمان ملک ایس ایم ایس اور ای۔میلز پہ ہی بہت تپا ہوا ہے کہ وہ انکی گردن ناپنے کے چکر میں ہے اور بلاگرز حضرات کی گردن میں ۔۔۔۔۔ ڈالنے کی خواہش تو اس میں بدرجہ اتم ہر شئے سے سوا ہے۔ ذرا بچ کے ;-)

منیر عباسی نے فرمایا ہے۔۔۔

آمین۔

اور کیا کہوں؟

Aniqa Naz نے فرمایا ہے۔۔۔

اپنے ہاتھ کا نقش بھیج دیں، میں بتاتی ہوں آپ جیسے ہدایت یافتہ، تعلیم یافتہ، ماہر کوفتہ،طالب شگفتہ اور دل سوختہ کی دعائیں کتنی بلندی تک جا سکتی ہیں۔

Aniqa Naz نے فرمایا ہے۔۔۔

اپنے ہاتھ کا نقش بھیج دیں، میں بتاتی ہوں آپ جیسے ہدایت یافتہ، تعلیم یافتہ، ماہر کوفتہ،طالب شگفتہ اور دل سوختہ کی دعائیں کتنی بلندی تک جا سکتی ہیں۔ :lol:

راشد کامران نے فرمایا ہے۔۔۔

اچھا کیا آپ نے بلاگ شروع کیا۔۔ بلکہ 2008 اور 2009 میں تو کئی اچھے بلاگرز نے محض‌ اپنی ساڑ نکالنے کی خاطر بلاگ شروع کیا اور اس طرح‌کئ دوسروں‌کی بھی اپنی ساڑ نکالنے کا موقع فراہم کیا۔ باقی میرے بھائی۔۔ اردو لکھنے والا دو طریقوں کا ہی مشہور ہوتا ہے۔۔۔ منٹو والا اور اقبال والا ۔۔ دونوں کے ساتھ کچھ اچھا نہیں کرتے ہم لوگاں۔

نوائے ادب نے فرمایا ہے۔۔۔

مجھے بڑی حیرت ہوتی ہے جعفر صاحب لکھتے بھی کچھ نہیں اور ان کے بلاگ پر تبصرے بھی خوب ہوتے ہیں :razz:

جعفر بھائی اچھا لکھ سکتے تھے اگر میری اصلاح شامل کر لیتے



اچھا لکھا ہے آپ نے میرا بھی ارادہ تھا میں بھی لکھوں کہ میرا بلاگ کیسے بنا لیکن میرا بلاگ ایک دفعہ بنا ہو تا لکھوں نا :razz:

حجاب نے فرمایا ہے۔۔۔

بہت اچھا لکھا ہے ، اور مشہور تو آپ پہلے سے ہیں جعفر :smile: میں نے ہمیشہ آپکا بلاگ پڑھا ضرور ہے مگر تبصرہ کرنے کا سوچتی ہی رہتی تھی کہ اتنی اچھی اچھی پوسٹس اور جو تبصرہ مجھے سمجھ آتا تھا مجھے لگتا تھا کہ فضول ہوگا اسی سوچ میں دیر لگی آپ کے غریب خانے پر پہنچنے میں

جاوید گوندل ۔ بآرسیلونا ، اسپین نے فرمایا ہے۔۔۔

۔۔۔۔اسی سوچ میں دیر لگی آپ کے غریب خانے پر پہنچنے میں۔۔۔۔۔

ایں۔ یہ آپ¨غریب¨کب سے ہوگئے۔

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::ڈفر:: نئیں استاد، اپن تیرے کوں کیسے بھول سکتاہوں، بولے تو، شاہد آفریدی ہے تو اس بلاگستان کا ۔۔۔ :grin:
::اسماء:: یہ سب ڈفر کی سازش ہے، اس کا احتساب کیا جائے۔
ظالمو جواب دو، ٹائم کا حساب دو
:mrgreen:
::جاوید گوندل:: پاکستان کے کسی ائیرپورٹ کی بات نہیں کی جی اپنے افضل صاحب نے، ہیتھرو ائیر پورٹ کی بات کی ہے۔۔۔ :mrgreen:
رحمان ملک کو جب تک پتہ چلے گا کہ بلاگر کیا ہوتے ہیں، تب تک اس حکومت کا بولورام ہوچکا ہوگا۔۔۔ ;-)
::منیر عباسی:: ثم آمین، رمضان سے پہلے ہی چپ کا روزہ رکھ لیا!!
بات کرنی ”تجھے“ مشکل کبھی ایسی تو نہ تھی :grin:
::انیقہ ناز:: یہ ماہر کوفتہ والا الزام سراسر غلط، حقائق کے منافی اور مزیدار ہے :lol:
ایک اور کھانے کی ترکیب نے دماغ میں کدکڑے لگانے شروع کردئیے ہیں۔
کونسے ہاتھ کا نقش بھیجوں؟ اپنے ہاتھ کا یا اس کا جو میرے گالوں پر اکثر چھپا ہوتا ہے!
::راشد کامران:: یہ تو پھر نہ مشہور کرنے والی بات ہوئی نا جی ۔۔۔ :grin:
::نوائے ادب:: یہ بات۔۔۔ نوائے وق۔۔اوہو۔۔۔ادب صاحب بالکل صئی پہچانے ہیں۔ میں‌خود حیران تھا کہ میں تو بےوقوف ہوں ہی، یہ اتنے سارے سمجھدار لوگوں کو کیا ہوگیا ہے۔ بس جی زمانہ خراب ہے ;-)
آپ کہیں صداقت کلینک تو نہیں چلاتے ، اصلاح کے لئے۔۔۔ :grin:
::حجاب:: یہ مشہوری ”بدنام گر ہوں گے تو کیا نام نہ ہوگا“ والی ہے، میں ذرا اصلی قسم کا مشہور ہونا چاہتا ہوں :smile:
میری تحاریر فضول ہوتی ہیں جبکہ آپ جیسے دوستوں کے تبصرے ہی اصل میں پڑھنے کے لائق ہوتے ہیں۔
::جاوید گوندل:: وہ جی پرسوں شام نو بجکر سینتالیس منٹ پر۔۔۔ :grin:

Aniqa Naz نے فرمایا ہے۔۔۔

اگر گال کا نقش بھی بھیجنا چاہتے ہیں تو بسم اللہ اس سے آپکے دل گرفتہ ہونے کی اہلیت کا بھی پتہ چلے گا جو کہ اضافی قابلیت سمجھا جائیگا۔

محمد احمد نے فرمایا ہے۔۔۔

بڑی عجیب بات ہے کہ "خیالاتِ پریشاں" کے بعد سے "حالِ دل" میرے بلاگ تک پہنچنا بالکل ہی بند ہوگیا۔ کئی دنوں تو یہی گمان رہا کہ شاید گاڑی "خیالاتِ پریشاں" پر ہی رُکی ہوئی ہے۔ پھر بیچ میں، میں خود بھی بہت مصروف رہا۔ بلاگز پر سرسری آتا جاتا رہا۔

آج قصداً آپ کے بلاگ پر آیا تو پتہ چلا کہ یہاں تو ہمیشہ کی طرح بڑی "تیزی" دیکھنے میں آرہی ہے۔ دعا ہے اللہ تعالیٰ اس بلاگ کی رونق بحال رکھے اور آپ کے قلم / کی بورڈ کو جلا بخشے۔ (آمین)

تو پتہ یہ چلا کہ آپ کا بلاگ اتفاقاً شروع ہوا، ہم اسے "حسنِ اتفاق" کہیں گے کہ یہ بلاگ بہت سوں کی دل جوئی کا سامان بھی ہے اور ہم سے نو وارد لوگوں کے لئے بہت کچھ سیکھنے کا باعث بھی ہے۔

آپ مشہور ہونا چاہتے ہیں تو مشہور تو آپ ہیں۔ میری دعا ہے کہ آپ مقبول ہو جائیں ، یعنی لوگوں کے دلوں میں آپ کے لئے قبولیت بڑھ جائے۔ یہ زیادہ بہتر ہے کہ ہم نے بزرگوں سے یہی سیکھا ہے کہ مشہور ہونے سے مقبول ہونا بہتر ہے۔

ویسے آپس کی بات ہے کہ آپ بہت سیدھے سادھے انداز میں بہت اچھا لکھ جاتے ہیں، اگر نثر میں سہلِ ممتنع کی اصطلاح استعمال کی جائے تو وہ آپ کی تحریر پر خوب جچے گی۔

سعد نے فرمایا ہے۔۔۔

اللہ تعالیٰ آپ کا یہ مشہوری والا شوق پورا کرے۔ آمین

بلوُ نے فرمایا ہے۔۔۔

بہت اچھی سڑن نکال لیتے ہیں آپ ،
جہاں‌ تک مشہوری کی بات ہے تو میرا خیال ہے کہ آپ مشہور تو ہیں پر اللہ کرے ہم آپ سے زیادہ مشہور ہو جائیں۔ آمین

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::انیقہ ناز:: گال کی بجائے اگر ہاتھ کا نقش بھیج دوں تو اس پر کچھ روشنی ڈال سکیں گی آپ۔۔۔ :cool:
::محمد احمد:: شکریہ، نوازش ، ۔۔۔۔ آپ کی اتنی محبت نے تو مجھے شرمندہ کردیا ہے۔ آپ کا حسن نظر ہے ورنہ بندہ جس لائق ہے بخوبی جانتا ہے :smile: ۔
آر ایس ایس فیڈ کا ایڈریس مندرجہ ذیل ایڈریس سے اپ ڈیٹ کرلیں۔
http://jafar.wordpress.pk/?feed=rss2
::سعد:: اللہ میاں آپ کو بھی مشہور کریں
من ترا حاجی بگویم تو مرا حاجی بگو۔۔۔۔۔ :lol:
::بلو::‌ جناب آپ تو بہت مشہور ہیں، یقین نہیں آتا تو ملک کے کسی بھی شہر کے کسی بھی محلے سے بلو کا جاکر پوچھ لیں، کوئی نہ کوئی بلو نکل ہی آئے گا۔۔۔ :lol:
اور پسند کرنے کا بہت بہت بہت شکریہ۔۔۔ :smile:

Khawar نے فرمایا ہے۔۔۔

بی بی سی پر اپ کی مشهوریاں لگی هیں جی اور بی بی عنیقه بھی اپ کی مشهوریان کر رهیں هیں

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

بسم اللہ جی صدقے۔۔۔ گرو مہاراج آئے ہیں
ہاں جی ابھی پڑھا ہے میں نے، اپنے افضل صاحب، راشد کامران صاحب اور یاسر عمران صاحب کے اسمائے گرامی بھی ہیں۔
عنیقہ بی بی کی تو مجھ پر ہمیشہ سے ہی خاص نظر کرم ہے!

اسماء نے فرمایا ہے۔۔۔

جعفر تمہيں ست ست مبارکاں

اسماء نے فرمایا ہے۔۔۔

تم لوگوں کی مشہوری ديکھ کر دل کر رہا ہے ميں بھی بلاگ بنا لوں مگر گمشدہ ہونے کا خطرہ ہے (بلاگ کا نہيں ميرا)

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::اسماء:: اگر کہیں اردو بلاگروں کے تبصرہ نگاروں کا کبھی ذکر ہوا تو آپ کا اور جاوید گوندل صاحب کا نام سر فہرست ہوگا۔ اس وقت تک ہم جیسے مہاتڑوں کی تحاریر سے کام چلائیں۔
اور کہیں نہیں ہوتیں جی آپ گمشدہ۔۔۔ ہمت کریں اور بنائیں بلاگ ۔۔۔ تاکہ ہم بھی آپ کے بلاگ پر آکر اودہم مچا سکیں۔۔۔ :lol:

ساجداقبال نے فرمایا ہے۔۔۔

لو جی آپ تو واقعی مشہور ہو گئے:
http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2009/08/090822_blogging_anwar_na.shtml

غفران نے فرمایا ہے۔۔۔

میں‌نے زندہ رہنے کے سوا مستقل مزاجی سےکوئی کام نہیں‌کیا ۔۔۔۔۔۔ عزیزم کچھ ایسے ہی تجربات میرے بھی ہیں ۔ دعا ہے کہ اس عادت بد سے چھٹکارا ملے ۔ سب بولو ۔ آمین ۔

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::ساجد اقبال:: ;-)
::غفران:: آمین۔۔۔ لیکن خدا کے لئے آپریشن کرتے ہوئے لازمی طور پر مستقل مزاجی سے کام لیں، مریض کو کھول کر رکھ دینے کے بعد یہ مت کہئے گا کہ بس! اب میرا دل نہیں‌کررہا۔۔۔۔ :lol:

شاہدہ اکرم نے فرمایا ہے۔۔۔

جعفر اکثر بلاگز اور بلاگرز اپنے دِل کی کہنے کے لِئے ہی بنائے جاتے ہیں اور خُود میں بھی اُن مُتاثرین میں سے ہُوں کہ بہُت تبصرے کِئے اور خُوب کِئے اسماء اور جاوید بھائ گواہ ہیں اِس بات کے لیکِن یہ اپنا بھائ جعفر تو بس آیا اور چھا گیا

اسماءآجاؤ میدان میں نہیں گُم ہوتیں آپ ہم نہیں گُم ہونے دیں گے آپ کو

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::آپی:: شرمندہ نہ کریں۔ اپنی اوقات میں خوب جانتا ہوں۔۔۔ :lol:

منظرنامہ » ہفتہ بلاگستان ایوارڈ : نامزدگیاں نے فرمایا ہے۔۔۔

[...] بلاگ شلاگ از [...]

تبصرہ کیجیے