سپیمی سازش

عالم اسلام کے عظیم لکھاری (مابدولت) کے خلاف اگرچہ پہلے بھی یہود و ہنود بہت سی ناکام سازشیں کرکے منہ کی کھا چکے ہیں، لیکن میں "کھٹکتا ہوں دل یزداں میں کانٹے کی طرح"، لہاذا ان کی تازہ ترین سازش میری کردار کشی کی وہ کوشش ہے، جو وہ مجھے "بدنام زمانہ ادویات" خریدنے پر مائل کرکے، کر رہے ہیں۔

چند ایک تحاریر سے شاید ان دشمنان ملت نے یہ اندازہ لگایا ہے کہ مابدولت بھی رنگیلے (فلمسٹار نہیں!) واقع ہوئے ہیں! حاشا و کلا ایسی کوئی بات نہیں۔ نہ تو میری شکل رنگیلے سے ملتی ہے اور نہ ہی میری طبیعت رنگیلی ہے! مشروبات میں سادہ پانی میرا من بھاتا مشروب ہے۔ منورنجن کے نام پر میں صرف گانے سنتا ہوں، وہ بھی آئی ٹیونز پر۔ زندہ ناچ گانے کا نہ تو شوق ہے نہ اوقات! لیکن دل کا کیا کریں؟ اگر کسی پر آجائے تو کیا گھٹ گھٹ کے مرجائیں اور اظہار بھی نہ کریں، بقول رونا لیلی "مجبور ہیں اف اللہ! کچھ کہہ بھی نہیں سکتے" اور اگر کہہ ہی دیں تو ان بدخواہوں کے دل میں لڈو پھوٹنے لگتے ہیں کہ یہ بندہ تو "دو نمبر" ہے! لہاذا وہ مابدولت کو بدنام کرنے لئے ایسی ادویات بیچنے کی کوشش پچھلے دو ماہ سے کررہے ہیں جو یا تو ہوس پرست خریدیں گے یا "پوشیدہ" بیماریوں میں مبتلا افراد اور دونوں صورتوں میں ہماری ساکھ انتہائی مجروح ہونے کا اندیشہ حقیقی ہے!

پہلی صورت میں محبوبان خوش ادا ہم سے بدظن ہوسکتے ہیں اور دوسری صورت میں مایوس! یہ دونوں آپشن ہمیں قبول نہیں۔ فرض کریں اگر خدانخواستہ ایسی صورت حال پیدا ہو بھی جائے تو ہمارے تین چار ذاتی دوست ہیں جو حکمت میں درک رکھتے ہیں اور رازداری کی ضمانت بھی دیتے ہیں! طب یونانی میں ضمنی اثرات بھی نہ ہونے کےبرابر ہوتے ہیں جبکہ ہمارے ان سازشی دوستوں کی ادویات کے ضمنی اثرات اظہر من الشمس ہیں!

تو ہم آخری بار اپنے ان سازشی دوستوں کو خبردار کرتے ہیں کہ ہمیں تنگ کرنا بند کردیں ورنہ ۔۔۔۔۔ ہم ایسے ہی روزانہ اپنے ڈیش بورڈ پر آدھا گھنٹہ صرف کرکے ان کے تبصرے ڈیلٹتے رہیں گے!!!!