آٹو گراف

کھلاڑیوں کے خود نوشت دستخط کے واسطے
کتابچے لئے ہوئے
کھڑی ہیں‌ منتظر حسین لڑکیاں
ڈھلکتے آنچلوں سے بےخبر حسین لڑکیاں

مہیب پھاٹکوں کے ڈولتے کواڑ چیخ اٹھے
ابل پڑے الجھتے بازوؤں چٹختی پسلیوں کے
پُر ہراس قافلے
گرے، بڑھے، مڑے بھنور ہجوم کے

کھڑی ہیں‌یہ بھی راستے پہ اک طرف
بیاضِ آرزو بکف
نظر نظر میں نارسا پرستشوں کی داستاں
لرز رہا ہے دم بہ دم
کمان ابرواں کا خم
کوئی جب ایک نازِ بے نیاز سے
کتابچوں پہ کھینچتا چلا گیا
حروفِ کج تراش کی لکیر سی
تو تھم گئیں لبوں پہ مسکراہٹیں شریر سی
کسی عظیم شخصیت کی تمکنت
حنائی انگلیوں میں کانپتے ورق پہ جھک گئی
تو زرنگار پلوؤں سے جھانکتی کلائیوں کی تیز
نبض رک گئی!
وہ باؤلر ایک مہ وشوں کی جمگھٹوں میں گھر
گیا
وہ صفحہء بیاض پر بصد غرور کلکِ گوہریں
پھری
حسین کھلکھلاہٹوں کے درمیاں وکٹ گری
میں اجنبی میں بے نشاں
میں پابہ گل!
نہ رفعتِ مقام ہے نہ شہرتِ دوام ہے
یہ لوحِ دل ۔۔۔ یہ لوحِ دل!
نہ اس پر کوئی نقش ہے نہ اس پر کوئی نام ہے
مجید امجد

پان گوشت

نئی ترکیب کے ساتھ پھر حاضر خدمت ہوں!
بے پناہ شہرت اور پسندیدگی کے باوجود میں نے کبھی غرور نہیں کیا، کیونکہ چھٹی جماعت میں ہی میں نے پڑھ لیا تھا کہ غرور کا سر نیچا ہوتا ہے، اگرچہ میں نے ہمیشہ لمبے قد والے کا سر ہی نیچا دیکھا ہے۔ شاید اس کی وجہ یہ ہو کہ لمبے بندے کی عقل گٹوں میں ہوتی ہے اور وہ اپنی عقل سے مشورہ کرنے کے لئے نیچے دیکھتا ہو!
بہرحال یہ تو جملہ معترضہ تھا۔ آج کی ترکیب کی طرف آتے ہیں۔ یہ ترکیب بین الثقافتی ہم آہنگی پیدا کرنے میں‌ بڑا اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ اس دعوی کا ثبوت اس کے اجزاء ہیں، جو درج ذیل ہیں:
پان کے پتے سوا سات عدد
کتھّا حسب ذائقہ
چونا حسب ہمت
سپاری آدھ کلو
راجہ جانی 1 ڈبیا
پیلی پتی 1 ڈبیا
ملٹھی 2 چمچ
الائچی 10 عدد
گوشت ایک پاؤ
لسّی ایک جگ
ہرڑ کا مربہ آدھ چھٹانک
نسوار ایک پُڑا
اور
جو آپ کا دل چاہے!
لسّی کو ہلکی آنچ پر پکنے دیں جب آدھی رہ جائے تو اس میں گوشت اور ہرڑ کا مربہ شامل کردیں۔ پانچ سے سات منٹ درمیانی آنچ پر پکنے دیں۔ گوشت کے گلنے پر اس میں نسوار، راجہ جانی اور پیلی پتی ملادیں۔ ملٹھی، سپاری اور الائچی کے ساتھ ہی آدھا گلاس پیپسی بھی ملادیں اور دس منٹ پکنے دیں۔ پان کے پتے حسب خواہش کاٹ لیں۔ چونا اور کتھا لگا کر ترتیب سے گوشت کے اوپر رکھ دیں اور ہلکی آنچ پر دم لگا دیں۔ دم کا دورانیہ اتنا ہو جس میں آپ دو دفعہ ”نگوڑی کیسی جوانی ہے“ سن سکیں۔ دوسری دفعہ گانا ختم ہوتے ہی چولہا بند کردیں۔ ڈھکن اٹھاتے ہی ایک ایسی خوشبو آپ کا استقبال کرے گی، جس کا تجربہ آپ کو زندگی میں پہلے کبھی نہ ہوا ہوگا!
یہ ڈش، ملٹی پرپز اور ملٹی ڈائمنشنل ہے۔ ایک تو یہ آپ کی پروٹین کی ضروریات پورا کرے گی، دوسرا آپ کی گائیکی کی صلاحیتوں کو چار چاند لگائے گی۔ جبکہ نسوار، راجہ جانی اور پیلی پتی آپ کی نکوٹین کی ضروریات بحسن و خوبی پورا کریں گی۔
باقاعدگی سے استعمال کرنے پر آپ اس فانی اور رنج و الم سے بھری دنیا سے نجات پا کر ابدی زندگی کی راحت بھی حاصل کرسکتے ہیں!