چکّر

(شاہ زاد کے قلم سے)


چکّر باز دنیا۔۔۔۔ آخر میں اتنا چکرایا ہوا کیوں ہوں؟۔۔۔ لوگ کہتے ہیں جو چکّر دنیا کو دیئے ہیں، وہ واپس آرہے ہیں۔ میں کہتا ہوں ، چلو اچھا ہے۔۔۔ دنیا میں دیا چکّر دنیا میں واپس مل جائے۔ پر خود یہ دنیا چکّر کھا رہی ہے سورج کے گرد۔۔۔ پھر یہ کیا چکّر ہے؟ یہ سمجھنے کی کوشش کرتے کرتے کم ازکم میں تو چکرا گیا ہوں۔۔۔
شیطان نے امّاں حوّا کو چکّر دیا تو یہ چکّر شروع ہوا، جو آج تک بس چکّر پہ چکّر کھا رہا ہے۔۔۔
چکّر شاید کسی گول چیز کو کہتے ہیں جس کا کوئی سرا نہ ہو، پھر تو سارا مسئلہ ہی ختم ہوگیا، جس کا سرا کوئی نہیں تو اس کا اختتام کیا ہوگا۔۔۔ میں سوچتا ہوں کہ شاید سوال حل ہوگیا پر پھر بھی سوال وہی رہے گا کہ یہ چکّر آخر ہے کیا۔۔!
زندگی ایک بہت بڑا چکّر ہے، شاید پینسٹھ سال کا یا ساٹھ سال کا۔ اس کے اندر تین چکّر ہیں، بچپن، جوانی اور بڑھاپا۔ پھر ان چکّروں میں کچھ اور چکّر ہیں، جیسے بچپن میں معصومیت کا چکّر۔۔ اپنی معصومیت دکھا کے ایک روپیہ لینے کا چکّر۔۔۔ اور نرم گالوں پر پیاری پیاری آنٹیوں کی پپّیوں کا چکّر۔۔۔ یہ چکّروں میں سب سے بادشاہ چکّر ہے!
پھر جوانی کا چکّر شروع ہوجاتا ہے۔ یعنی آپ چھوٹے چکّر سے اور بڑے چکّر میں آگئے، جیسے فزکس میں ایک الیکٹران اپنے مدار کو چھوڑ کر بڑے مدار میں جاتاہے تو بہت انرجی ضائع کرتا ہے۔۔ بس۔۔۔ آپ بھی ان چکّروں میں بہت سی انرجی ضائع کرنے والے ہیں کیونکہ اس چکّرمیں آپ کے چکّر الجھنے والے ہیں۔ جی چکّر ہی چکّر۔۔۔ پہلے محبت کا چکّر۔۔۔ پھر لڑکی کے گھر کے چکّر۔۔ پھر شادی کا چکّر۔۔۔پھر اس کے بعد بچوں کے پیمپر لانے کے چکّر۔۔۔ ان کو سکول چھوڑنے کے چکّر۔۔۔ ان کی دیکھ بھال کے چکّر۔۔۔ اتنے چکّر کہ بس آپ کو ایک دو بار خود اسپتال کے چکّر لگانے پڑ جاتے ہیں۔۔۔
اور پھر آخری قبرستان کا چکّر۔۔۔ جو صرف وہاں آپ کو چھوڑنے جانے والوں کے لئے ہے۔۔۔ کیونکہ آپ کا چکّر تو وہاں ختم ہوجاتا ہے۔۔۔۔!

فیرہُن؟

ہمارے یہاں، پچاس کے بعد، جب اولاد جوان ہوجاتی ہے، بیوی، ماں کا روپ دھار لیتی ہے، بہن بھائی اپنی اپنی زندگیوں میں مگن ہوجاتے ہیں، والدین یا تو گزر چکے ہوتے ہیں یا اس کی تیاریوں میں ہوتے ہیں تو بڑا مشکل وقت شروع ہوجاتا ہے جی عمر کے اس حصے میں۔ بچّے، جو اب بڑے ہوچکے ہوتے ہیں، اپنی ساری کمیوں اور ناآسودگیوں کا ذمہ دار باپ کو ٹھہراتے ہیں اور کہتے ہیں کہ آپ نے آج تک ہمارے لئے کِیا ہی کَیا ہے ؟؟؟۔۔۔ اور وہ جو پوری زندگی، دن رات محنت کرکےاور اپنا آپ مار کے ان کی خواہشیں ہر ممکن حد تک پوری کرنے کی کوشش کرتا رہا تھا، اس کے پاس اس بات کا کوئی جواب نہیں ہوتا۔۔۔۔!

بیوی کو بھی وہ سارے ظلم اور زیادتیاں یاد آنی شروع ہوجاتی ہیں جو بقول اس کے، شوہر نے ساری زندگی اس پر روا رکھیں۔ 'مُنّے کے ابّا' پکارنے والی محترمہ اب اپنا ہر جملہ یہاں سے شروع کرتی ہیں کہ 'اجی کبھی زندگی میں کوئی کام ڈھنگ سے بھی کر لیا کرو'۔۔ اور یہ بات وہ اپنی اولاد کے جھرمٹ میں ملکہ کی طرح بیٹھ کر ارشاد کرتی ہیں اور وہ یہ بھی کہہ نہیںسکتا کہ جن کے بل پر آپ یوں اکڑ رہی ہیں، یہ ڈھنگ کے کام بھی اسی نے کیے تھے!

مرے پر سو دُرّے۔۔۔۔۔کسی بھی مسئلے ،معاملے، جھگڑے، خوشی، غمی میں باپ ہمیشہ ایک طرف اور ماں اور اولاد دوسری طرف ہوتی ہے۔ باپ ہمیشہ غلط ہوتا ہے، ماں چاہے جتنی بھی غلط بات کررہی ہو، اولاد کی نظر میں وہ ٹھیک ہوتی ہے۔ تھوڑے بہت فرق کے ساتھ یہ کہانی تقریبا ہر گھر کی کہانی ہے۔

میرے نزدیک تو جی اس مسئلے کا ایک ہی حل ہے کہ بندہ عین جوانی میں ہی مرجائے، یہی کوئی پینتیس چالیس کے آس پاس، اس وقت بچے چھوٹے ہوتے ہیں اور چھوٹے بچوں کے لئے ان کے باپ سے زیادہ کوئی چیز اہم نہیں ہوتی اس دنیامیں۔ بچوں کے لئے باپ، دنیا کا سب سے بہادر، امیر اور اچھا انسان ہوتا ہے۔ وہ تو جب بچّے بڑے ہوجاتے ہیں تو ان پر باپ کی خامیاں اجاگر ہوتی ہیں کہ ان کا باپ کیسا غیر ذمہ دار، ظالم، عیّاش، ان کی ماں کی زندگی برباد کرنے والا اور لفنگا انسان تھا۔۔۔ جوانی میں مرنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ بچوں کے ذہن میں تاعمر باپ کا وہی تاثر رہتاہے جو ان کی بچپن کی یادداشت میں محفوظ تھا۔ اور بیوی کو متوفی خاوند میں وہ خوبیاں بھی نظر آنی شروع ہوجاتی ہیں جو کبھی موجود ہی نہ تھیں۔ مرنے کے بعد سب محفلوں میں اس کا ذکر ایسے ہوتاہے جیسے اس جیسا نیک، پارسا، ذمہ دار، بات کا پکا، بیوی بچوں کا خیال رکھنے والا انسان شاید ہی کوئی اور ہو۔۔۔۔ اور یہ فقرہ بھی کہ بس جی اللہ اپنے اچھے بندوں کو جلدی اپنے پاس بلالیتا ہے۔۔۔۔۔اوروہ رشتے دار جو زندہ ہوتے ہوئے منہ لگانا بھی پسند نہ کرتے ہوں، وہ بھی ایسے تعریفوں کے پل باندھتےہیں کہ ۔۔۔ حق مغفرت کرے، عجب آزاد مرد تھا۔۔۔۔

تو جی بات یہ ہے کہ ہمارے خطّے کے لوگوں کی اوسط عمر ساٹھ سے کم ہی ہے، تو پندرہ بیس بدذائقہ سالوں کے لئے پوری زندگی کی 'کیتی کرائی کھوہ' میں ڈالنے کا کیا فائدہ؟ میرا تو مفت مشورہ ہے کہ یہی وقت ہے مرنے کا، اس عمر تک پہنچتے پہنچتے دعا کریں کہ اوپر پہنچ جائیں، ورنہ آگے بڑی بدمزگی ہے!!