کریلا بینگن شیک

کچھ نامعلوم اور پراسرار وجوہات کی بناء پر آج کل میرا ”اَینٹ“ ترکیبوں پر خوب ”بخا“ ہوا ہے۔ گرمی زوروں پر ہے اور برسات کی آمد ہے لہذا پھوڑے، پھنسیاں اور ”پِت“ (اردو میں جس کو گرمی دانے کہتے ہیں، لیکن یہ لفظ پِت کی ذلالت کو ظاہر نہیں کرسکتا، ویسے بھی گرمی دانےپڑھ کر خیال آتا ہے کہ کیا سردی دانے بھی ہوتے ہیں!) بھی ٹکا کر نکلیں گے۔
تو ہمارا آج کا مشروب نہ صرف ایک ”مفرح“ اور ”خوش ذائقہ“ بلکہ خون کو بھی ”آخری حد تک صاف“ کرنے والا نسخہ ہے۔ اجزاء نوٹ کرلیں۔
1- کریلے (دو عدد)
2- بینگن (پنجابی میں جس کو بتاؤں اور سیالکوٹی میں پٹھے کہتے ہیں)
3- نیم کے پتے (مناسب مقدار میں)
4- گوند کتیرہ (حسب ذائقہ)
5- ہلدی (آدھا پینے کا چمچ)
6- دیسی شکر (دو دانے)
7- پانی (کافی سارا)
نیم کے پتے پانی میں ڈال کر پانی ابال لیں۔ پانی ابل جائے تو اس میں سے پتے چھان کر علیحدہ کرلیں۔ اگر محلے میں‌کوئی فوتیدگی ہوئی ہے تو پانی وہاں پہنچادیں، میت کو نہلانے کے کام آجائے گا اور آپ کی سماجی خدمت کی بھی دھوم مچ جائے گی جو مستقبل میں کونسلر کا الیکشن لڑنے میں کام آ سکتی ہے۔ نیم کے پتے، کریلے اور بینگن بلینڈر میں بلینڈ کرلیں اور اس میں گرم پانی ڈال کر اچھی طرح ملا لیں۔ پھر اس میں ہلدی، شکر اور گوند کتیرہ ڈالیں اور اچھی طرح ”شیک“ کرلیں۔ برف اگر میسر بھی ہو تو مت ڈالیں ورنہ ”ذائقہ“ خراب ہوجائے گا۔
لیجئے ۔۔۔ ”مزیدار“ کریلا بینگن شیک تیار ہے۔
خاص طور پر ان مہمانوں کو پیش کریں
جو اکثر بلا اطلاع آ دھمکتے ہیں اور پھر جانے کا نام نہیں لیتے۔
انشاءاللہ اسے پینے کے بعد، بلانے پر بھی نہیں آئیں گے!
Comments
34 Comments

34 تبصرے:

Aniqa Naz نے فرمایا ہے۔۔۔

کیا جرمن نازیوں کے کیمپ سے نکالی ہوئ ترکیب ہے، واللہ اگر ہٹلر اس دور میں زندہ ہوتا تو آپ کو کسی نہ کسی انعام یا ایوارڈ سے ضرور نوازتا۔

شاہدہ اکرم نے فرمایا ہے۔۔۔

یا اللہ یہ میرا بھائ کیا کیا تجربے کرتا رہتا ہے سوچ کر ہی دِل مُنہ کو آتا ہے کیا اجزائے ترکیبی ہیں
اور ہاں عنیقہ آپ کے بلاگ پر کیا مسئلہ ہے جیسے ہی بلاگ سامنے آتا ہے ساتھ ہی بند ہو جاتا ہے اِس لِئے جعفر کی بلاگ پر پُوچھا کہ شاید یہاں پُوچھنے سے مسئلے کا حل معلُوم ہو جائے

شاہدہ اکرم نے فرمایا ہے۔۔۔

یہ نمبر دو والا تبصرہ ڈیلیٹ کر دو آدھا لِکھا ہُوا ہی سینڈ ہو گیا
اور جعفر کی بلاگ نہیں جعفر کے بلاگ پر

Aniqa Naz نے فرمایا ہے۔۔۔

شاہدہ، ِِشاید شرما رہا ہے۔ مجھے اس نے یا کسی اور نے کچھ نہیں بتایا۔ کچھ تبصرے بھی موجود ہیں اس کا مطلب ہر ایک کے ساتھ مسئلہ نہیں کر رہا۔ ہو سکتا ہے آپ پہلی دفعہ آرہی ہوں تو کچھ جھجھک رہا ہو۔ :lol:

بلوُ نے فرمایا ہے۔۔۔

اب کریلے کے بعد کس چیز کی باری ہے؟؟؟؟

افتخار اجمل بھوپال نے فرمایا ہے۔۔۔

آپ شہد اور چُنگاں کا مِلک شیک کب پیش کر رہے ہیں ؟

اسماء نے فرمایا ہے۔۔۔

اعوذ باللہ من اشيطن ارجيم
بسم اللہ الرحمن الرحيم
اب ميں نے سوچا ہے اپنے تبصروں کا آغاز ايسے کيا کروں گي
عرض ہے مذہب کی رو سے ايسا ڈرنک مہمانوں کو پلانا حرام ہے آپ خود بھی گناہ گار ہو رہے ہيں اور ہميں بھی مہمان بھگانے پر مجبور کر رہے ہيں مجھے اسکے بغير بھی لوگوں کو بھگانے کا طريقہ آتا ہے شاہدہ جی کے گھر ميں بہت سے مہمان آئے ہوئے ہيں فی الحال انہيں کام آ سکتی ہے يہ ترکيب، نہيں نہييں شاہدہ جی جب ميں آؤں تو نہيں بنانا ايسا شيک ميرے ليے وہ حليم والی ڈش صحيح رہے گی
نوٹ! جذباتی اور کمزور دل حضرات ميرا تبصرہ پڑھنے سے گريز کريں ورنہ پت نکل آئے گی شکريہ

راشد کامران نے فرمایا ہے۔۔۔

جعفر صاحب اس مشروب کو پی کر روح فنا ہوجانا تو اٹل ہے۔ ثانوی فوائد کے سلسلے میں بین السطور یہ معلوم پڑتا ہے کہ حشرات الحد سے بدن مکمل طور محفوظ رہے گا یا اگر فراعین کو مرعوب کرنا مقصود ہوتو اس کو سکھا کر اپنی ذاتی ممی بھی بنوائی جاسکتی ہے کیونکہ جینے کی تمام امنگیں تو ویسے ہی اس کے ایک ہی جام میں ذائقے کے مساموں کے ساتھ ہی ختم ہوجائیں گی۔ قوی امید ہے کہ آئندہ آپ ریچھ کے کباب اور ہاتھی کے مزیدار پائے پکانے کی ترکیبوں پر اپنے خصوصی اجزاء کے ساتھ کچھ روشنی ڈالیں گے۔

naziashakoor نے فرمایا ہے۔۔۔

آپ کتاب کیوں‌ نہیں‌ لکھتے "جعفر کا دسترخوان"

بلو گھنٹہ گھریا نے فرمایا ہے۔۔۔

کاکا تو فیصل آباد دیاں ساریاں مشہور ڈشاں لکھ کے چھڈیں آگے ایں ڈیشاں کھا کھا کے کی حال ہو گیا یے فیصل آباد دا

نوائے ادب نے فرمایا ہے۔۔۔

:grin: السلام علیکم میں بلکل ٹھیک ہوں بھائی اور گرمی بھی نہیں ہے مجے تو معاف ہی رکھیں :grin: شکریہ :grin:

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::عنیقہ ناز:: مان گیا بھئی آپ کو ۔۔۔
ہولوکاسٹ سے بچ نکلنے والے ایک یہودی کی پوتی نے یہ ترکیب بتائی تھی مجھے۔۔۔ بقول اس کے ”دادا کو نازی کیمپ سے نکل بھاگنے پر اسی مشروب نے مجبور کیا تھا“ ۔۔۔ :mrgreen:
::شاہدہ اکرم:: :grin:
بلاگسپاٹ کے اکثر بلاگ انٹرنیٹ اکسپلورر میں نہیں کھل رہے تو اس کے لئے آپ کو فائر فوکس انسٹال کرنا پڑے گا۔ میں نے بھی خاص طور پر عنیقہ بی بی کے بلاگ کے لئے فائر فوکس انسٹال کیا تھا۔۔
::بلو:: لکھ دو تو دیا ہے افتخار صاحب نے کہ شہد اور چنگاں ۔۔۔۔ :mrgreen:
::افتخار اجمل بھوپال::‌ سر۔۔۔یقین مانیں مجھے معلوم نہیں‌کہ چنگاں کس چیز کا نام ہے اس پر تھوڑی روشنی ڈالیں گے؟؟؟
::اسماء::‌ :lol: :lol:
آپ کے تبصرے پر کچھ لکھ کر اس کا مزا خراب نہیں کرنا چاہتا (تبصرے کا)
:mrgreen:
::راشد کامران::‌ ہاہاہاہا۔۔۔۔
آپ سے ایک شکایت ہے ، اتنا عرصہ ہوگیا اور کچھ بھی نہیں لکھا آپ نے۔۔۔ مہربانی فرمائیں اور اپنے پرستاروں کو اس تبصرے جیسی کسی ”چوندی چوندی“ تحریر سے نوازیں۔۔۔
::نازیہ شکور:: خوش آمدید۔۔۔ لکھ تو دوں کتاب۔۔۔ لیکن پابندی لگ جائے گی اور میرا نام بھی سماج دشمن عناصر کی فہرست میں آجائے گا۔۔۔ :mrgreen:
::بلو گھنٹہ گھریا::‌ کوئی معشوق ہے اس پردہ زنگاری میں
اصل نام لکھ کر تبصرہ کرنے والے کو ایک ریٹرن ٹکٹ دیا جائے گا۔۔۔ پاکستان کا۔۔۔ :mrgreen:
::نوائے ادب:: پھر سوچ لیں۔۔۔ :lol:

عمر احمد بنگش نے فرمایا ہے۔۔۔

:mrgreen: جیوندہ رہ، ساری حسرتاں‌مکا دیتیاں‌توں‌متراں‌دیاں۔ تاریخی مشروب جس پر آپ کو ستر لتر بمعہ پچاس ڈبکیاں‌اسی مشروب میں‌لگانی چاہیے، بول اور کیا چاہیے :mrgreen: :mrgreen:
پنجابی فقرے میں‌اونچ نیچ ہو تو معافی کا خواستگار، کیونکہ جتنی لکھی اپنی سمجھ کے مطابق :oops:

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::عمر بنگش:: معافی نہیں بلکہ ”سجا“ ملے گی۔۔۔
یار مجھ سے تو کم ازکم اچھی پنجابی لکھی ہے۔۔۔
لتر اگر کترینہ کے ہاتھوں لگوائیں جائیں تو بندہ مشکور ہوگا۔۔۔ :mrgreen:

عمر احمد بنگش نے فرمایا ہے۔۔۔

ہاہاہاہاہا، اب یہ حسرت پوری نہیں‌ہو سکتی تیری :mrgreen:
گذارش: اگر مناسب سمجھو تو ترنت میرے ایمیل پر ایک میسج بھیجو۔

ابوشامل نے فرمایا ہے۔۔۔

لاحول ولا قوۃ ۔۔۔۔۔۔۔ اتنے "شیریں" مشروب کی ترکیب پڑھ کر تو "تاثیر" روح تک سرایت کر گئی۔ جعفر! آپ باورچی خانے کی "عظیم" خدمت کر رہے ہیں۔ تاقیامت نام زندہ رہے گا :)

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::عمر بنگش:: جا اپنی حسرتوں پہ ”شیک“ پی کے سو جا۔۔۔ :oops:
میسج بھیج دیا ہے۔۔۔ :!:
::ابوشامل:: آپ کی ”تعریف“ پڑھ کر دل ”صحرا صحرا“ ہوگیا۔۔۔
:mrgreen:

بلو گھنٹہ گھریا نے فرمایا ہے۔۔۔

کاکا تو مینوں معشوق کیا تیری معشوقاں کا ایہ حال اے تے دھور ۔۔۔تیرے تے ۔

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::بلو کھوتا گھریا:: محنت کر حسد نہ کر۔۔۔ پاکستان جائیں تو کسی بھی چنگ چی کے پیچھے لکھا ہوا دیکھیں اور پھر اس پر عمل بھی کریں۔۔۔ :mrgreen:

بلو گھنٹہ گھریا نے فرمایا ہے۔۔۔

بس کاکا تیری طبیعت چیک کرنی سی ٹھنڈا پانی پی خیال صاف کرھ

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::بلو کھوتا گھریا:: بس کر لئی طبیعت چیک۔۔۔ ہن ارام ای۔۔۔ :mrgreen:

ابوشامل نے فرمایا ہے۔۔۔

اور صحرا میرے پسندیدہ مقامات میں شامل ہے :)

DuFFeR - ڈفر نے فرمایا ہے۔۔۔

کہیں سے بنا بنایا نہیں ملتا یہ؟
اس کو تو پکانے کا عمل بھی تین جانوں کی بلی کا متقاضی ہے
فوراً سے پہلے اپنے جدی پشتی باورچی کا نام پتا اور دیگر تفصیلات لکھو

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::ابوشامل:: آجائیے پھر دبی۔۔۔
خوب گزرے گی جو مل بیٹھیں گے دیوانے دو
:smile:
::ڈفر:: بنا بنایا تو نہیں ملتا۔۔۔ سوچ رہا ہوں ایک کمپنی بنا لوں اور اس کی اسلام آباد کی فرنچائز تمہارے حوالے کردوں۔۔۔
کمپنی کے نام اور لوگو کے بارے میں جدت پسند تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔۔۔
باورچی کا نام پتہ نہیں‌ لکھ سکتا ۔۔۔
رپورٹر کبھی خبر کا ذریعہ نہیں بتاتا۔۔۔

سعدیہ سحر نے فرمایا ہے۔۔۔

خدا کی پناہ

کیا شیک ھے کریلے کے ساتھ نیم اچھا جوڑ ھے مگر یہ بیگن ۔۔۔۔۔
یہ پینے سے خون صاف ھی نہیں ھوگا بلکہ کریلے جیسا اور منہ بینگن جیسا ھو جائے گا ۔۔۔۔۔۔
اس شیک میں برف باکل نہ ڈالیں ورنہ برف کا ذائقہ خراب ھو جائے گا

ویسے اگر آپ مغلوں کے زمانے میں پیدا ھوتے تو سونے میں تول دینا تھا شہنشاہ وقت نے ۔۔۔۔ اتنے نادر شیک کی دریافت کرنے پہ ۔۔۔ انھوں نے دشمنوں کو یہی پلایا کرنا تھا جنگ نہیں کرنی تھی

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::سعدیہ سحر:: مغلوں کے دور میں کیسے پیدا ہوسکتا تھا۔۔۔ اس وقت تک تو میرے والدین بھی پیدا نہیں ہوئے تھے۔۔۔ :mrgreen:

منیر عباسی نے فرمایا ہے۔۔۔

اس کا مطلب ہے، جعفر ، آپ بغیر پڑھے ہی میرے بلاگ پر تبصرے کرتے رہے ہو؟

:???:

حارث گلزار نے فرمایا ہے۔۔۔

ہنسو باہر اونچا (لاف آؤٹ لاؤڈ)۔ واقعی، پِت کی ذلالت صرف اسی لفظ سے ظاہر ہو سکتی ہے۔ اور میرے خیال میں تو کریلے بینگن کا شیک کا کاروبار کرنا چاہئے، خوب چلے گا۔ کیا خیال ہے؟

حارث گلزار نے فرمایا ہے۔۔۔

ہنسو باہر اونچا (لاف آؤٹ لاؤڈ)۔ واقعی، پِت کی ذلالت صرف اسی لفظ سے ظاہر ہو سکتی ہے۔ اور میرے خیال میں تو کریلے بینگن کا شیک کا کاروبار کرنا چاہئے، خوب چلے گا۔ کیا خیال ہے؟

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::منیر عباسی:: واللہ!! ڈاکٹر صاحب۔۔۔ آپ کی بات نہیں سمجھ سکا۔۔۔ اگر تو یہ مذاق ہے تو مہربانی فرما کر اس کی تشریح کریں۔۔۔ اور اگر سنجیدگی سے لکھا ہے تو میں‌ نہ سمجھنے کے باوجود آپ سے معذرت خواہ ہوں۔۔۔ :smile:
::حارث گلزار:: خوش آمدید۔۔ کیا زبردست ترجمہ کیا ہے جی آپ نے ۔۔۔ :mrgreen:
جی بالکل خوب چلے گا۔۔۔ لوگ اپنی ساسوں کو یہاں یہ شیک پلوانے کے لئے لایا کریں گے۔۔۔ :wink:

منیر عباسی نے فرمایا ہے۔۔۔

جعفر ،

اوپر آپ نے کہا

بلاگسپاٹ کے اکثر بلاگ انٹرنیٹ اکسپلورر میں نہیں کھل رہے تو اس کے لئے آپ کو فائر فوکس انسٹال کرنا پڑے گا۔ میں نے بھی خاص طور پر عنیقہ بی بی کے بلاگ کے لئے فائر فوکس انسٹال کیا تھا

میرا بلاگ بھی انٹرنیٹ ایکسپلورر میں کچھ خاص کھلتا نہیں۔۔ ۔ اس لئے میرے ذہن میں تو یہ آ سکتا تھا جو میں نے کہہ دیا ۔۔

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::منیر عباسی:: لیکن آپ کا بلاگ ان اکثر بلاگز میں شامل نہیں۔ آپ کا بلاگ ایکسپلورر میں کھل جاتا ہے میرے پاس۔۔۔ :smile:

مزمل ھندی نے فرمایا ہے۔۔۔

جس دن سے شیک استعمال کیا ہے آج بلاگ لکھنے کے قابل ہوا ہوں۔

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::مزمل ہندی:: :mrgreen:
صاحب وہ بن بلائے مہمانوں کے لئے تھا۔۔۔ آپ خود پی گئے۔۔۔۔ یا آپ کسی ایسی جگہ بن بلائے چلے گئے ہوں گے جو پہلے ہی یہ بلاگ پڑھ چکے ہوں گے۔۔۔ :mrgreen:

تبصرہ کیجیے