رس(؟) ملائی

اگرچہ آج تک ہم رس ملائی شوق سے کھاتے رہے ہیں لیکن اس کے نام سے ہم کبھی متفق نہ ہوسکے۔ہمارے خیال میں‌ تو اس کا نام ”میٹھے شوربے والی گلاب جامن“ ہونا چاہئے۔ویسے بھی ہمیں تو کبھی اس میں رس (بیکری والا) نظرنہیں آیا۔اور اگر اس رس سے مراد جوس ہے تو ملائی کا جوس کیسے نکل سکتا ہے؟ رس تو ہمیشہ ٹھوس چیز کا نکلتا ہے جیسے گنے کا رس، سیب کا رس، آم کا رس، حکومت پاکستان کے ہاتھوں عوام کا رس۔
اس مسئلے پر ہم نے بہت غوروخوض کرنے کے بعد ایک ترکیب ایجاد کی ہے جو واقعی رس ملائی کہلائے جانے کے قابل ہے۔ اس کے اجزاء زیادہ نہیں لیکن ان کو حاصل کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔ لہذا جو خواتین و حضرات سہل پسند اور عیش کوش ہوں، ان سے درخواست ہے کہ اس ترکیب پر طبع آزمائی نہ کرنا ہی ان کی صحت وسلامتی کے لئے بہتر ہے۔
سب سے پہلے تو ہمیں خالص ملائی کی ضرورت ہوگی۔ اگر آپ یہ سوچ رہے ہیں کہ یہ ملائی آپ اس دودھ نما چیز سے کشید کرسکتے ہیں جو گوالہ فراہم کرتا ہے تو یقیناً آپ احمقوں کی جنت کے آس پاس کہیں رہائش پذیر ہیں۔ اس دودھ نما سے آپ جگر کو جلانے والی چائے اور خراب معدے کے علاوہ کچھ حاصل نہیں کرسکتے۔ خالص ملائی حاصل کرنے کے لئے آپ کو کچھ اور آپشنز پر غور کرنا ہوگا۔ مثلاً کسی گاؤں وغیرہ کا سفر۔ لیکن جب سے ہم نے جعلی کرنسی چھاپنے والے کا ایک عبرت ناک واقعہ سنا ہے جو غلطی سے پندرہ روپے کا نوٹ چھاپ بیٹھا تھا اور گاؤں‌کے لوگوں کی سادگی کا فائدہ اٹھانے کے لئے اس نے یہ نوٹ گاؤں میں‌چلانے کا فیصلہ کیا تھا۔ گھر کی بیٹھک میں کھلی ایک کریانے کی دکان سے جہاں ایک بڑی بی تشریف فرما تھیں وہاں اس مرد شریف نے پندرہ روپے کے نوٹ کا کھلا کروایا تو بڑی بی نے اسے ساڑھے سات کے دو نوٹ لوٹادئیےتھے، تب سے ہم اس آپشن سے بھی کچھ ناامید سے ہوگئے ہیں۔
دیکھا، ہم نے شروع میں ہی کہہ دیا تھا کہ اس ڈش کے اجزاء ملنے بہت مشکل ہیں!
ایک آخری آپشن بچا ہے کہ آپ ایک بھینس خریدیں، اور اس کے دودھ سے خالص ملائی حاصل کرلیں۔ اب دوسرے جز کی باری ہے۔ کسی اچھی سی بیکری سے تازہ رس لائیں۔ برسات کا موسم ہے لہذا اچھی طرح چیک کرلیں کہ رس ”سیلابے“ نہ ہوں۔ لیجئے، اب ترکیب اپنے اختتامی مرحلے تک پہنچا چاہتی ہے۔ ایک رس لے کر اس پر ملائی کا اچھی طرح لیپ کریں اور اس کے اوپر دوسرا رس رکھ دیں۔
مزیدار رس ملائی تیار ہے!
Comments
19 Comments

19 تبصرے:

ابوشامل نے فرمایا ہے۔۔۔

مزا نہیں آیا بھائی ۔۔۔ کریلا بینگن شیک کا سواد ابھی تک نہیں گیا :) ویسے ہی کوئی کراری ترکیب بناتے نا آج بھی؟

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::ابوشامل:: ترکیب سے زیادہ یہ دودھ کی ناخالصیت کے خلاف ایک بھرپور احتجاج ہے ۔۔ :mrgreen:

عین لام میم نے فرمایا ہے۔۔۔

واہ جعفر صاحب۔ ۔ ۔ ۔!
ویسے جس رس ملائی کی ترکیب آپ نے بتائی ہے وہ مجھے پسند ہے اور میں اکثر جب کچھ نہ ملے تو رس، بیکری والے، اور ملائی یا مکھن کے ساتھ کھا لیتا ہوں۔ ۔ ۔ شوربے والے 'گورے' گلاب جامن جیسا مزہ نہ سہی لیکن مزہ تو ہے نا۔ ۔ ۔!! :mrgreen: :mrgreen:

DuFFeR - ڈفر نے فرمایا ہے۔۔۔

یار اس میں نا تو جوئے کا استعمال ہے نا ہی شیر کا اس لئے جوئے شیر لانے والی خبرداری تو بالکل فارغ
خالص کی بات کرتے ہو تو نیسلے کا نعرہ ہمیشہ ذہن میں آتا ہے
”خالص ہی سب کچھ ہے“
اور جب نیسلے دماغ‌میں آتا ہے تو سکول میں‌سنے لطیفے یاد آ جاتے ہیں
اب ان لطیفوں کا ذکر با لذت لیکن بے محل
اس لئے شئیر کرنے کا خیال ترک
اب لگے ہاتھوں قلفی فالودے کی ترکیب بھی ہو جائے
ورنہ جاتا موسم چلا جائے گا اور سیزن بے لذت ہی رہ جائے گا
پی ایس: آئیندہ اتنی میٹھی اور آسان ترکیب بتا کر شرمندہ مت ہوں :mrgreen:

مزمل ھندی نے فرمایا ہے۔۔۔

بھائی آپ کی شاہ خرچ رس ملائی کے لئے ہم بھینس تو نہ خرید سکے۔ لیکن تخیل میں پکا کر نوش کی مزہ آیا۔؟

Aniqa Naz نے فرمایا ہے۔۔۔

اب جب کہ آپ نے مٹھائیوں کا اھساس محرومی ختم کرنے کی ٹھان لی ہے تو آجکل کی مشہور مٹھائیوں پر بھی نظر کر لیں۔ مثلآ دلپسند، لب شیریں اور ایک پرانی بھی بتادیں امرتی۔ ہو سکتا ہے کچھ عرصے بعد بانٹنے کی نوبت آئے تو قوم بڑی دعائیں دے گی۔

راشد کامران نے فرمایا ہے۔۔۔

جعفر صاحب‌ وہ کیا کہتے ہیں کہ جو "کلر"‌ ترکیب ہوا کرتی ہے نا آپ کی تو نہ جانے کیوں آج صرف ترکیب ترکیب سی لگ رہی ہے۔ وہ جو اول نوالے سے پہلے کا نقارہ اور نوالالینےے پر زور سے طبل پیٹے جانے کی پس منظر موسیقی ہوا کرتی ہے؛ رس ملائی تو بس یہ اٹھائی اور یہ سپرد شکم ۔ :grin:

فائزہ نے فرمایا ہے۔۔۔

اچھا تو رس ملائی ایسے بنتی ہے ۔ ہم جسے رس ملائی سمجھ کر کھاتے رہے وہ دراصل کچھ اور ہی تھا؟

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::عین لام میم::‌ ”گورے گلاب جامن“ :grin: بہت خوب۔۔۔آپ نے گلاب جامنو‌ں میں‌ بھی نسلی تفریق پیدا کردی!!
::ڈفر:: :mrgreen: شرمندہ ہونے والی شکلیں اور طرح کی ہوتی ہیں۔۔۔ :wink:
::مزمل ہندی:: میں‌ دعا کرتا ہوں کہ اوپر والا آپ کو ایک بھینس عطا کردے۔۔۔ تاکہ آپ حقیقت میں بھی نوش کرسکیں۔۔۔ :lol:
::عنیقہ ناز::‌ مٹھائیوں کا احساس محرومی!!! :grin:
لب شیریں سے غالب کی یاد آگئی
کتنے شیریں ہیں تیرے لب کہ رقیب
گالیاں کھاکے بے مزا نہ ہوا
یہ نئی مٹھائیاں، پرانی مٹھائیوں کا استحصال اور اتیا چار ہیں۔۔۔ اس لئے امرتی کو چھوڑ کر ان دونوں کی ترکیب جیسے ہی وارد ہوئی۔۔۔ پیش خدمت کروں گا۔۔۔
::راشد کامران:: میں‌ آج کل اپنا ”سافٹ امیج“ بنانے کی کوشش میں‌ہوں ۔۔۔ :grin:
::فائزہ::‌ جی بالکل وہ میٹھے شوربے والے گورے گلاب جامن تھے

SHUAIB نے فرمایا ہے۔۔۔

پندرہ اور ساڑھے سات کا نوٹ کہاں ملا؟
شاید سات آٹھ سال پہلے میں نے نیٹ پہ کہیں چھاپا تھا ۔

افتخار اجمل بھوپال نے فرمایا ہے۔۔۔

آپ نے میری مرغوب رس ملائی کا جو حشر کیا ہے میں آپ کے خلاف دفعہ 15 سو ساڑھے 7 کے تحت توہینِ عدالت ۔ نہیں نہیں ہتکِ عزت کا دعوٰی کرنے والا ہوں ۔
خالص دودھ کی رس ملائی اور خالص مکھن اب بھی دستیاب ہے ۔ ڈھونڈنے والا ہونا چاہیئے ۔
اللہ کی مہربانی سے اب بھی خالص دیسی گھی میں پکا کھانا کھاتے ہیں حالانکہ گائے بھينس نہین پالی ہوئی ۔

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::شعیب::‌ ایک عمر رسیدہ لطیفہ، جس کی بھنویں بھی سفید ہوچکی ہیں، وہ استعمال کیا تھا پھیکی تحریر کو مسالے دار بنانے کے لئے۔۔۔ :grin:
::افتخار اجمل بھوپال::‌ :grin: :grin: :grin:
آپ تو دنیا میں ہی جنت کے مزے لوٹ رہے ہیں ، اصلی گھی اور مکھن استعمال کرکے۔۔۔ اب آپ جیسا دیدہ ور تو ہو نہیں سکتا ہر کوئی کہ اصلی گھی مکھن ڈھونڈ لائے
جیسا کہ ڈاکٹر اقبال بھی فرماگئے ہیں کہ
ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی ہے
بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا
:mrgreen:

عمر احمد بنگش نے فرمایا ہے۔۔۔

شکر کر بھائی کوئی بلاگر حلوائی نہیں ہے، ورنہ تیرا وہ حال کرتا ناں کہ بس :mrgreen:
زرداری صاحب زندہ باد، تو بھی نعرہ لگا زرا جلدی سے۔۔۔۔۔۔ کیونکہ مجھے شک ہے کہ رحمٰن ملک پہلے حلوائی ہوتا تھا :oops: اسلام آباد بھول کر بھی مت جانا

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::عمر:: لالے، یہ کیسے کہہ سکتا ہے تو کہ کوئی بلاگر حلوائی نہیں ہے؟؟؟ چند ایک کی تحاریر سے لگتا ایسا ہی ہے۔۔۔ نام پوچھ کر شرمندہ مت ہوں۔۔۔ :mrgreen:
رحمن ملک کے ہونٹوں‌ پر لگی چکنائی سے لگتا تو ایسا ہی ہے کہ پسرور کے لاری اڈے پر جلیبیاں تلتا تھا۔۔۔۔

حارث گلزار نے فرمایا ہے۔۔۔

ایک بات تو ہے، جو مزہ کریلے بینگن کے شیک کا تھا، وہ رس ملائی کا نہیں آیا۔ :grin:

ویسے اردو میں پوسٹ اور آراء پڑھنے کا اپنا مزہ ہے۔ عمدہ کام جاری رکھئیے حضرت!

منیر عباسی نے فرمایا ہے۔۔۔

اپنی اپنی آرإ کی تدوین کر لیں، کیا آپ نے چودہ سال کے لئے اندر ہونا ہے؟

نہیں نا، تو مل کر آواز لگائیں،ہم سب کا حلوائی ،، اوپس سوری زرداری زندہ باد۔۔

مجھے اپنے محبوب صدر سے بہت محبت ہے، باقی آپ خود سمجھدار ہیں۔

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::حارث گلزار:: جی مجھے بھی اندازہ ہوگیا ہے۔ انشاءاللہ اگلی ترکیب ایسی ہوگی کہ پڑھ کے ہی سب کی چیخیں نکل جائیں گی۔۔۔ :mrgreen:
::منیر عباسی:: مجھے ڈر نئیں‌ لگتا اے۔۔ :mrgreen:
ڈاکٹر صاحب، ڈریں نہ، شیر بنیں شیر۔
صدر محترم کو حلوائی کے درجے پر فائز کرکے آپ نے حلوائیوں کے ساتھ بہت زیادتی کی ہے اور عین ممکن ہے کہ وہ آپ کو آئندہ سے حلوہ پوری و دیگر مقویات احتجاجا سپلائی کرنے سے انکار کردیں۔۔ ہیں جی۔۔۔ :grin:

محمد طارق راحیل نے فرمایا ہے۔۔۔

پیئے گا کون۔۔۔۔۔۔۔۔؟؟

جعفر نے فرمایا ہے۔۔۔

::محمد طارق راحیل:: کیا پینے کی بات کررہے ہیں ؟؟؟
رس ملائی تو کھائی جاتی تھی آخری اطلاعات ملنے تک۔۔۔
:grin:

تبصرہ کیجیے